سیدنا عبدالرحمن بن سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (مجھ سے) فرمایا: ”اے عبدالرحمن بن سمرہ! تو حکومت کو نہ مانگنا کیونکہ اگر وہ تجھ کو مانگنے سے دی گئی تو پھر تو اس کی طرف سونپ دیا جائے گا اور اگر وہ تجھ کو بن مانگے دی گئی تو اس پر (منجانب اللہ) تیری مدد کی جائے گی اور جب تو (کسی بات کے نہ کرنے پر) قسم کھائے اور پھر اس (بات کے پورا) کرنے میں بھلائی دیکھے تو قسم کا کفارہ دے کر اس کو پورا کر لینا۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2142]
حدیث نمبر: 2143
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہم پہلی امتوں کے بعد آئے ہیں لیکن قیامت کے دن سب سے آگے ہوں گے۔“ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ کی قسم! اگر تم میں سے کوئی اپنے اہل کے متعلق اپنی قسم پر اصرار کرے تو اللہ کے نزدیک اس (اصرار) کا گناہ، اس پر فرض کیے ہوئے کفارے سے زیادہ گناہ ہے۔“[مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2143]