الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح مسلم کل احادیث (2179)
حدیث نمبر سے تلاش:


مختصر صحيح مسلم
وصیت، صدقہ اور ہبہ وغیرہ کے متعلق
3. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کتاب اللہ پر عمل کرنے کی وصیت کرنا۔
حدیث نمبر: 984
طلحہ بن مصرف کہتے ہیں کہ میں نے عبداللہ بن ابی اوفی رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (مال وغیرہ کے بارے میں) وصیت کی تھی؟ انہوں نے کہا کہ نہیں۔ پھر میں نے کہا کہ پھر مسلمانوں پر کیوں وصیت فرض ہوئی؟ یا ان کو وصیت کا حکم کیوں ہوا؟ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی کتاب پر عمل کرنے کی وصیت کی تھی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 984]
حدیث نمبر: 985
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ کوئی درہم و دینار چھوڑا نہ بکری یا اونٹ اور نہ (کسی مال کے لئے) وصیت کی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 985]
حدیث نمبر: 986
اسود بن یزید کہتے ہیں کہ لوگوں نے ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے پاس ذکر کیا کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصی تھے، تو انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو کب وصی بنایا؟ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے سینے سے لگائے بیٹھی تھی یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم میری گود میں تھے کہ اتنے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طشت منگوایا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم میری گود میں گر پڑے اور مجھے خبر نہیں ہوئی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وفات پا چکے ہیں پھر (علی رضی اللہ عنہ کو) کس وقت وصیت کی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 986]