الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


سنن دارمي کل احادیث (3535)
حدیث نمبر سے تلاش:


سنن دارمي
من كتاب الصللاة
نماز کے مسائل
57. باب النَّهْيِ عَنْ مَنْعِ النِّسَاءِ عَنِ الْمَسَاجِدِ وَكَيْفَ يَخْرُجْنَ إِذَا خَرَجْنَ:
57. عورتوں کو مسجد جانے سے روکنے کی ممانعت کا بیان نیز یہ کہ جب جائیں تو کس طرح باہر جائیں
حدیث نمبر: 1312
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ، حَدَّثَنَا الْأَوْزَاعِيُّ، حَدَّثَنِي الزُّهْرِيُّ، عَنْ سَالِمٍ، عَنْ ابْنِ عُمَرَ , قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "إِذَا اسْتَأْذَنَتْ أَحَدَكُمْ زَوْجَتُهُ إِلَى الْمَسْجِدِ، فَلَا يَمْنَعْهَا".
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کی بیوی مسجد جانے کی اجازت طلب کرے تو وہ (شوہر) اس کو (مسجد جانے سے) نہ روکے۔ [سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1312]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح والحديث متفق عليه، [مكتبه الشامله نمبر: 1314] »
یہ حدیث صحیح متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 865، 873] ، [مسلم 442] ، [أبويعلی 5426، وغيرهم]

حدیث نمبر: 1313
أَخْبَرَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ، أَنْبأَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَمْرٍو، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "لَا تَمْنَعُوا إِمَاءَ اللَّهِ مَسَاجِدَ اللَّهِ، وَلْيَخْرُجْنَ إِذَا خَرَجْنَ تَفِلَاتٍ".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کی لونڈیوں کو مساجد سے نہ روکو، اور جب وہ باہر نکلیں تو خوشبو (زینت) کے ساتھ نہ نکلیں۔ [سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1313]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده حسن ولكن الحديث صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1315] »
اس حدیث کی سند حسن، لیکن حدیث صحیح ہے۔ دیکھئے: [أبوداؤد 562] ، [أبويعلی 5915] ، [ابن حبان 2214] ، [الموارد 327] ، [مسندالحميدي 1008]

حدیث نمبر: 1314
أَخْبَرَنَا سَعِيدُ بْنُ عَامِرٍ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرٍو، بِإِسْنَادِ هَذَا الْحَدِيثِ. قَالَ: قَالَ سَعِيدُ بْنُ عَامِرٍ: التَّفِلَةُ: الَّتِي لَا طِيبَ لَهَا.
سعید بن عامر نے کہا: «التفلة» (کے معنی ہیں) ایسی چیز جس میں خوشبو ہو۔ [سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1314]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «، [مكتبه الشامله نمبر: 1316] »
اس روایت کو صرف امام دارمی رحمہ اللہ نے نقل کیا ہے اور اس کی سند حسن ہے۔

وضاحت: (تشریح احادیث 1311 سے 1314)
پچھلی حدیث میں «تفلات» کا لفظ گزرا ہے جو اس روایت کے مطابق «تفلة» کی جمع ہے، یعنی عورتیں مسجد جائیں تو خوشبو لگا کر نہ جائیں۔
ان روایات سے معلوم ہوا کہ عورتوں کا نماز اور وعظ سننے کے لئے مسجد جانا درست ہے، بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد سے اللہ کی بندیوں کو نہ روکنے کی تاکید کی۔
شیخ محمد صالح العثیمین رحمہ اللہ نے «لَا تَمْنَعُوْا إِمَآءَ اللّٰهِ مَسَاجِدَ اللّٰهِ» کے لفظ میں ایک بہت لطیف اشارہ کیا ہے، لونڈیوں اور مساجد کی اضافت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے الله کی طرف کی، یعنی یہ لونڈیاں اور بندیاں بھی اللہ کی اور مساجد بھی اللہ کی، اس لئے اللہ کی بندیوں کو مسجد جانے سے نہ روکو۔
بہت سے علماء کا یہی مسلک ہے، لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کچھ لوگ عورتوں کا مسجد میں جانا ممنوع قرار دیتے ہیں کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا تھا کہ اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کے زمانے کی حالت کا علم ہوتا تو عورتوں کا مسجد جانا ممنوع قرار دیتے، اس کا جواب یہ ہے کہ اوّلاً تو یہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا گمان ہے، دوسرے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان بالکل واضح ہے جس کے ہوتے ہوئے کسی کا قول و قرار قابلِ قبول نہیں۔
ثانیاً آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں عورتیں کثرت سے مسجد آتی تھیں اور یہ حکم اللہ تعالیٰ کی طرف سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان میں ہے جو اپنی طرف سے کچھ نہیں کہتے تھے بلکہ وہی بات بتاتے جس کی وحی کی جاتی تھی: «وَمَا يَنْطِقُ عَنِ الْهَوَىٰ . إِنْ هُوَ إِلَّا وَحْيٌ يُوحَىٰ [النجم: 3-4] » کیا الله تعالیٰ کو (نعوذ بالله) معلوم نہیں تھا کہ اگلے زمانوں میں کیا حالات رونما ہوں گے؟ یقیناً تھا اس لئے مساجد سے عورتوں کو نہ روکنے کا حکم اس علم کے باوجود ابدی ہے، پھر طرفۂ تماشہ دیکھئے، مسجد جانے سے تو عورتوں کو روکا جاتا ہے اور ان کے شاپنگ، تفریح، نمائش اور میلے بلکہ فلم دیکھنے جانے میں انہیں کوئی عار نہیں ہوتا۔
«فَاعْتَبرُوْا يَا أُوْلِى الْاَبْصَار» ۔