الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


صحيح مسلم کل احادیث (7563)
حدیث نمبر سے تلاش:


صحيح مسلم
كِتَاب الْإِمَارَةِ
امور حکومت کا بیان
51. باب بَيَانِ الشُّهَدَاءِ:
51. باب: شہیدوں کا بیان۔
حدیث نمبر: 4940
حَدَّثَنَا يَحْيَي بْنُ يَحْيَي ، قَالَ: قَرَأْتُ عَلَى مَالِكٍ ، عَنْ سُمَيٍّ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: " بَيْنَمَا رَجُلٌ يَمْشِي بِطَرِيقٍ، وَجَدَ غُصْنَ شَوْكٍ عَلَى الطَّرِيقِ فَأَخَّرَهُ، فَشَكَرَ اللَّهُ لَهُ فَغَفَرَ لَهُ "، وَقَالَ: " الشُّهَدَاءُ خَمْسَةٌ الْمَطْعُونُ، وَالْمَبْطُونُ وَالْغَرِقُ، وَصَاحِبُ الْهَدْمِ، وَالشَّهِيدُ فِي سَبِيلِ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ ".
سُمی نے ابوصالح سے، انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "ایک بار ایک شخص کسی راستے پر جا رہا تھا، اس نے راستے میں ایک خاردار شاخ دیکھی تو اس کو (راستے سے) پیچھے کر دیا، اللہ تعالیٰ نے اسے اس کے عمل کی جزا دی اور اس کو بخش دیا۔" پھر آپ نے فرمایا: "شہید پانچ (قسم کے اشخاص) ہیں: (1) طاعون کی بیماری میں مرنے والا۔ (2) پیٹ کی بیماری میں مرنے والا۔ (3) ڈوب کر مرنے والا۔ (4) کسی چیز کے نیچے دب کر مرنے والا۔ (5) اور جو شخص اللہ عزوجل کی راہ میں (لڑتے ہوئے) شہید ہوا۔"
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایک آدمی راستہ پر چل رہا تھا کہ اس دوران اس نے راستہ پر ایک خاردار ٹہنی دیکھی، تو اس نے اسے وہاں سے ہٹا دیا، اللہ تعالیٰ نے اس سے اس عمل کی قدر دانی کرتے ہوئے بخش دیا۔ اور آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شہید، پانچ ہیں، طاعون سے مرنے والا، پیٹ کی بیماری سے مرنے والا، ڈوبنے والا، کسی چیز کے نیچے دب کر مرنے والا اور اللہ کی راہ میں شہید ہونے والا۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 1914
حدیث نمبر: 4941
وحَدَّثَنِي زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، حَدَّثَنَا جَرِيرٌ ، عَنْ سُهَيْلٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " مَا تَعُدُّونَ الشَّهِيدَ فِيكُمْ؟ "، قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ، مَنْ قُتِلَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَهُوَ شَهِيدٌ، قَالَ: " إِنَّ شُهَدَاءَ أُمَّتِي إِذًا لَقَلِيلٌ "، قَالُوا: فَمَنْ هُمْ يَا رَسُولَ اللَّهِ؟، قَالَ: " مَنْ قُتِلَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَهُوَ شَهِيدٌ، وَمَنْ مَاتَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَهُوَ شَهِيدٌ، وَمَنْ مَاتَ فِي الطَّاعُونِ فَهُوَ شَهِيدٌ، وَمَنْ مَاتَ فِي الْبَطْنِ فَهُوَ شَهِيدٌ "، قَالَ ابْنُ مِقْسَمٍ ٍ: أَشْهَدُ عَلَى أَبِيكَ فِي هَذَا الْحَدِيثِ أَنَّهُ، قَالَ: وَالْغَرِيقُ شَهِيدٌ.
جریر نے سہیل سے، انہوں نے اپنے والد (ابوصالح) سے، انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم آپس میں (بات کرتے ہوئے) شہید کس کو شمار کرتے ہو؟" صحابہ نے عرض کی: اللہ کے رسول! جو شخص اللہ کی راہ میں قتل کیا جائے وہ شہید ہے۔آپ نے فرمایا: "پھر تو میری امت کے شہداء بہت کم ہوئے۔" صحابہ نے عرض کی: یا رسول اللہ! پھر وہ کون ہیں؟ آپ نے فرمایا: "جو شخص اللہ کی راہ میں مارا جائے وہ شہید ہے اور جو شخص اللہ کی راہ میں (طلبِ علم، سفرِ حج، جہاد کے دوران میں اپنی موت) مر جائے وہ شہید ہے، جو شخص طاعون میں مرے وہ شہید ہے، جو شخص پیٹ کی بیماری میں (مبتلا ہو کر) مر جائے وہ شہید ہے۔" (ابوصالح سے بیان کرنے والے ایک اور راوی عبیداللہ) بن مقسم نے (سہیل بن ابی صالح سے) کہا: میں تمہارے والد کے بارے میں گواہی دیتا ہوں کہ انہوں نے (حدیث بیان کرتے ہوئے یہ بھی) کہا تھا: "اور غرق ہونے والا شہید ہے۔"
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا، تم کس کو شہید سمجھتے ہو؟ صحابہ کرام نے جواب دیا، جو اللہ کی راہ میں قتل کر دیا جائے، تو وہ شہید ہے، آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس صورت میں تو میری امت کے شہید تھوڑے ہوں گے صحابہ کرام نے پوچھا، تو وہ شہید کون ہیں؟ اے اللہ کے رسولصلی اللہ علیہ وسلم! آپ نے فرمایا: جو اللہ کی راہ میں قتل کر دیا جائے، وہ شہید ہے جو اللہ کے راستہ میں فوت ہو گیا وہ شہید ہے اور جو طاعون میں مر گیا، وہ شہید ہے اور جو پیٹ کے سبب مر گیا وہ شہید ہے۔ ابن مقسم نے سہیل کو کہا، میں تیرے باپ کے بارے میں گواہی دیتا ہوں، اس نے اس حدیث میں یہ کہا اور غرق ہونے والا شہید ہے۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 1915
حدیث نمبر: 4942
وحَدَّثَنِي عَبْدُ الْحَمِيدِ بْنُ بَيَانٍ الْوَاسِطِيُّ ، حَدَّثَنَا خَالِدٌ ، عَنْ سُهَيْلٍ ، بِهَذَا الْإِسْنَادِ مِثْلَهُ غَيْرَ أَنَّ فِي حَدِيثِهِ، قَالَ سُهَيْلٌ : قَالَ عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مِقْسَمٍ : أَشْهَدُ عَلَى أَخِيكَ أَنَّهُ زَادَ فِي هَذَا الْحَدِيثِ، وَمَنْ غَرِقَ فَهُوَ شَهِيدٌ.
خالد نے ہمیں سہیل سے اسی سند کے ساتھ اسی کے مانند حدیث بیان کی، البتہ ان کی حدیث میں ہے: سہیل نے کہا: عبیداللہ بن مقسم نے (سہیل سے) کہا کہ میں تمہارے بھائی کے بارے میں (بھی) گواہی دیتا ہوں کہ اس حدیث (کو اپنے والد سے بیان کرتے ہوئے اس) میں یہ اضافہ کیا تھا: "اور جو غرق ہو جائے وہ شہید ہے۔"
امام صاحب ایک اور استاد سے سہیل کی سند سے مذکورہ بالا روایت بیان کرتے ہیں، ہاں، اس نے اپنی حدیث میں کہا، سہیل نے کہا، عبداللہ بن مقسم نے بتایا، میں تیرے بھائی کے بارے میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے اس حدیث میں یہ اضافہ کیا: اور جو ڈوب گیا وہ شہید ہے۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 1915
حدیث نمبر: 4943
وحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ حَاتِمٍ ، حَدَّثَنَا بَهْزٌ ، حَدَّثَنَا وُهَيْبٌ ، حَدَّثَنَا سُهَيْلٌ ، بِهَذَا الْإِسْنَادِ وَفِي حَدِيثِهِ، قَالَ: أَخْبَرَنِي عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مِقْسَمٍ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ وَزَادَ فِيهِ وَالْغَرِقُ شَهِيدٌ.
وہیب نے کہا: ہمیں سہیل نے اسی سند کے ساتھ حدیث بیان کی، ان کی حدیث میں ہے، کہا: مجھے عبیداللہ بن مقسم نے ابوصالح سے خبر دی، اور اس میں اضافہ کیا: "غرق ہونے والا شہید ہے۔"
امام صاحب ایک اور استاد سے، سہیل کی ہی سند سے بیان کرتے ہیں اور اس حدیث میں یہ ہے، سہیل نے کہا، مجھے عبیداللہ بن مقسم نے ابو صالح (جو سہیل کا باپ ہے) سے یہ اضافہ سنایا، ڈوبنے والا شہید ہے۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 1915
حدیث نمبر: 4944
حَدَّثَنَا حَامِدُ بْنُ عُمَرَ الْبَكْرَاوِيُّ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَاحِدِ يَعْنِي ابْنَ زِيَادٍ ، حَدَّثَنَا عَاصِمٌ ، عَنْ حَفْصَةَ بِنْتِ سِيرِينَ ، قَالَتْ: قَالَ لِي أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ : بِمَ مَاتَ يَحْيَي بْنُ أَبِي عَمْرَةَ؟ قَالَتْ: قُلْتُ: بِالطَّاعُونِ، قَالَتْ: فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " الطَّاعُونُ شَهَادَةٌ لِكُلِّ مُسْلِمٍ ".
عبدالواحد بن زیاد نے کہا: ہمیں عاصم نے حفصہ بنت سیرین سے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھ سے پوچھا: یحییٰ بن ابی عمرہ کس بیماری سے فوت ہوئے تھے؟ انہوں نے کہا: میں نے کہا: طاعون سے۔ انہوں نے کہا: تو انہوں (انس رضی اللہ عنہ) نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "طاعون (سے موت) ہر مسلمان کے لیے شہادت ہے۔"
حفصہ بنت سیرین بیان کرتی ہیں، مجھ سے انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ نے پوچھا، یحییٰ بن ابی عمرہ کس بیماری سے فوت ہوا؟ میں نے کہا، طاعون سے، تو انہوں نے کہا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: طاعون ہر مسلمان کے لیے شہادت ہے۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 1916
حدیث نمبر: 4945
وحَدَّثَنَاه الْوَلِيدُ بْنُ شُجَاعٍ ، حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ مُسْهِرٍ ، عَنْ عَاصِمٍ فِي هَذَا الْإِسْنَادِ بِمِثْلِهِ.
علی بن مسہر نےعاصم سے اسی سند کے ساتھ اسی کے مانند حدیث بیان کی۔
یہی روایت امام صاحب ایک اور استاد سے بیان کرتے ہیں۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 1916