الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
نماز خوف کا بیان
1. نماز خوف (کا بیان)۔
حدیث نمبر: 524
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ  میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ نجد کی طرف جہاد کیا تو ہم دشمن کے مقابل جا پڑے پس ہم نے ان لوگوں کے لیے صف بندی کی پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، ہمیں نماز پڑھانے لگے تو ایک گروہ (ہم میں سے) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھڑا ہوا اور دوسرا دشمن کے سامنے رہا پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ساتھ والوں کے ہمراہ ایک رکوع کیا اور دو سجدے کیے۔ اس کے بعد وہ لوگ (جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز میں شریک تھے)، اس گروہ کی جگہ پر چلے گئے جس نے نماز نہ پڑھی تھی۔ اب دوسرا گروہ آیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک رکعت ان کے ساتھ پڑھی اور دو سجدے کیے، اس کے بعد سلام پھیر دیا پھر ان میں سے ہر شخص نے اکیلے ایک ایک رکوع اور دو دو سجدے ادا کیے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 524]
2. نماز خوف پیادہ اور سوار (دونوں حالتوں میں پڑھائی جا سکتی ہے)۔
حدیث نمبر: 525
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما دوسری روایت میں (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان نقل) فرماتے ہیں کہ اگر دشمن، ان (مسلمان سپاہیوں) سے زیادہ ہوں تو (یہ مسلمان سپاہی) پیادہ اور سوار (جس طرح ممکن ہو نماز) پڑھ لیں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 525]
3. اگر دشمن کا پیچھا کر رہے ہوں یا دشمن پیچھا کر رہا تو نماز سواری پر اور اشارے سے پڑھنا۔
حدیث نمبر: 526
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب غزوہ احزاب سے واپس ہوئے تو ہم سے فرمایا: کوئی شخص عصر کی نماز نہ پڑھے مگر بنی قریظہ میں پہنچ کر۔ تو بعض لوگوں کو عصر کا وقت راستہ ہی میں ہو گیا اس لیے بعض لوگوں نے کہا کہ ہم تو نماز پڑھ لیتے ہیں کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے منع کرنے کا یہ مطلب نہ تھا کہ نماز عصر کا وقت نکل جائے چنانچہ انھوں نے نماز پڑھ لی۔ پھر یہ بات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کی گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی پر خفگی نہیں فرمائی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 526]