الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
بیع سلم کے بیان میں
1. ایک معین پیمانہ میں سلم کرنا کیسا ہے؟
حدیث نمبر: 1049
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے اور اس وقت لوگ کھجوروں میں ایک سال اور دو سال کے لیے سلم کیا کرتے تھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کھجور میں سلم کرے اس کو چاہیے کہ ایک معین پیمانہ اور معین وزن کے حساب سے کرے۔ دوسری ایک روایت میں ابن عباس رضی اللہ عنہما سے ہی منقول ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: معین پیمانہ میں مدت معین تک کے لیے (سلم) کرے۔ (اگر نقد رقم کچھ مدت پہلے ادا کر دی جائے اور جنس (فصل یا کوئی چیز) اس مدت کے بعد حاصل کی جائے تو اس کو سلم کہتے ہیں)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1049]
2. اس شخص سے سلم کرنا جس کے پاس اصل مال نہ ہو۔
حدیث نمبر: 1050
سیدنا ابن ابی اوفی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد اور ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دور میں گیہوں، جوار، انگور اور کھجور میں سلم کیا کرتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1050]
حدیث نمبر: 1051
سیدنا ابن ابی اوفی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم شام کے کسانوں سے گیہوں اور جو اور زیتون میں ایک معین پیمانہ کے حساب سے ایک معین مدت کے لیے سلم کیا کرتے تھے۔ پوچھا گیا کہ جس کے پاس اصل مال موجود ہوتا تھا اس سے (معاملہ) کرتے تھے تو سیدنا ابن ابی اوفی رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ ہم ان سے یہ نہیں پوچھتے تھے (کہ تمہارے پاس اصل جنس ہے یا نہیں)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1051]