الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
دل کو نرم کرنے والی باتوں کا بیان
1. صحت اور فراغت کے بیان میں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان: ”زندگانی درحقیقت آخرت ہی کی زندگی ہے“۔
حدیث نمبر: 2091
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دو نعمتیں ایسی ہیں کہ اکثر لوگ ان کی قدر نہیں کرتے (1) صحت و تندرستی (2) فارغ البالی (یعنی کام کاج سے فراغت اور فرصت کے لمحات)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2091]
2. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ”دنیا اس طرح بسر کرو جیسے کوئی پردیسی ہو یا راستہ چلتا ہوا مسافر“۔
حدیث نمبر: 2092
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے کندھے پکڑ کر فرمایا: دنیا اس طرح بسر کرو جیسے کوئی پردیسی ہو یا راہ چلتا مسافر۔ اور سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے کہ جب صبح ہو تو شام کے منتظر مت رہو اور شام ہو تو صبح کے منتظر نہ ہو (اور جو نیک کام کرنا ہے وہ کر لو۔ شاید صبح آئی ہے تو شام نہ آئے) اور اپنی صحت میں بیماری کا سامان تیار کر لے اور زندگی میں موت کا کچھ سامان تیار کر لے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2092]
3. آرزو کی رسی لمبی ہونا۔
حدیث نمبر: 2093
سیدنا عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مربع شکل بنائی اور اس میں ایک خط اس شکل سے باہر نکلتا ہوا کھینچا اور اس خط پر دونوں طرف سے چھوٹے چھوٹے خط بنائے اور فرمایا: (مربع کے اندر) آدمی ہے اور مربع اس کی موت ہے جو چاروں طرف سے انسان کو گھیرے ہوئے ہے اور لمبا خط جو مربع سے باہر نکل گیا ہے، یہ انسان کی آرزو (امید) ہے اور یہ چھوٹے خطوط آفات اور عوارض (بیماریاں) ہیں، اگر ایک آفت سے بچ گیا تو دوسری میں پھنس گیا اور اگر اس آفت سے بھی بچ گیا تو تیسری میں مبتلا ہو گیا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2093]
حدیث نمبر: 2094
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے چند خطوط (مثل شکل حدیث اول) کھینچے اور فرمایا: یہ (دائرہ سے نکلتا ہوا خط انسان کی) آرزو کی مثال ہے، وہ اسی آرزو میں سرگرداں رہتا ہے کہ موت آ جاتی ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2094]
4. جس کی عمر ساٹھ سال کی ہو گئی، اللہ اس کے عذر کو (کمی) عمر کی بابت قبول نہ کرے گا۔
حدیث نمبر: 2095
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس کو اللہ نے لمبی عمر عطا کی حتیٰ کہ ساٹھ برس کو پہنچ گیا، پھر اللہ اس کے عذر کو قبول نہیں کرتا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2095]
حدیث نمبر: 2096
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بوڑھے شخص کا دل دو چیزوں (کی خواہش) سے جوان ہوتا ہے (1) حب دنیا (2) اور درازی عمر۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2096]
5. جو عمل خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضامندی کے لیے کیا جائے۔
حدیث نمبر: 2097
سیدنا عتبان بن مالک انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص ایسا ہو گا کہ اس نے خالصتاً اللہ کے لیے لا الہٰ الا اللہ کہا ہو تو قیامت کے دن اس پر دوزخ کی آگ حرام ہو گی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2097]
حدیث نمبر: 2098
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے جس مومن بندے کی محبوب چیز میں نے دنیا سے اٹھا لی (جیسے بیٹا، بھائی وغیرہ) اور اس نے اس پر صبر کیا تو اس کی جزا میرے یہاں جنت کے سوا اور کچھ نہیں (یعنی اس کو جنت ملے گی)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2098]
6. نیک آدمیوں کا دنیا سے اٹھ جاتا۔
حدیث نمبر: 2099
سیدنا مرداس اسلمی رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب سے پہلے صالح لوگ فوت ہو جائیں گے، ان کے بعد جو ان سے کم نیک ہیں، یہاں تک کہ جو کے بھوسے یا کھجور کے کچرے کی طرح کچھ لوگ رہ جائیں گے جن کی اللہ کو کچھ پروا نہیں ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2099]
7. مال و دولت کے فتنہ سے ڈرتے رہنا۔
حدیث نمبر: 2100
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا: اگر بنی آدم کو دو اور وادیاں مال و دولت سے بھری ہوئی بھی مل جائیں تو یہ تیسری کی تلاش (حرص) میں رہے گا اور اولاد آدم کا پیٹ تو مٹی ہی بھرتی ہے اور جو اللہ کی طرف جھکتا ہے تو اللہ بھی اس پر مہربان ہوتا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2100]

1    2    3    4    5    Next