الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح مسلم کل احادیث (2179)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح مسلم
وقف کے مسائل
1. اصل (زمین، باغ وغیرہ) کو اپنے پاس رکھنا اور اس کے غلہ (آمدن) کو صدقہ کرنا۔
حدیث نمبر: 1000
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کو خیبر میں ایک زمین ملی تو وہ اس بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشورہ کرنے کو آئے اور کہا کہ یا رسول اللہ! مجھے خیبر میں ایک زمین ملی ہے اور ایسا عمدہ مال مجھے کبھی نہیں ملا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بارے میں کیا حکم کرتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر تو چاہے تو زمین کی ملکیت کو روک رکھے (یعنی اصل زمین کو) اور اس (کی پیداوار) کا صدقہ کر دو۔ پھر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے اس کو اس شرط پر صدقہ کیا کہ اصل زمین نہ بیچی جائے، نہ خریدی جائے، نہ وہ کسی کی میراث میں آئے اور نہ ہبہ کی جائے اور اس کو فقیروں اور رشتہ داروں اور غلاموں میں (یعنی ان کی آزادی میں مدد دینے کے لئے) اور مسافروں اور ناتواں لوگوں میں یا مہمان کی مہمانی میں اور جو کوئی اس کا انتظام کرے وہ اس میں سے دستور کے موافق کھائے یا کسی دوست کو کھلائے لیکن مال اکٹھا نہ کرے (یعنی روپیہ جوڑنے کی نیت سے اس میں تصرف نہ کرے)۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1000]
2. موت کے بعد کس چیز کا ثواب انسان کو ملتا رہتا ہے؟
حدیث نمبر: 1001
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب آدمی فوت ہو جاتا ہے تو اس کا عمل موقوف ہو جاتا ہے مگر تین چیزوں کا ثواب جاری رہتا ہے۔ ایک صدقہ جاریہ کا، دوسرے اس علم کا جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں اور تیسرے نیک بخت اولاد کا جو اس کے لئے دعا کرے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1001]
3. اس شخص کی طرف سے صدقہ (کرنا) جو فوت ہو گیا اور اس نے کوئی وصیت بھی نہیں کی۔
حدیث نمبر: 1001M
اس باب کے بارے میں ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی حدیث کتاب الزکوٰۃ میں گزر چکی ہے (دیکھئیے حدیث: 235)[مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1001M]