الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
جمعہ کا بیان
9. جسے جمعہ کے لیے آنا ضروری نہیں، کیا اس پر غسل جمعہ واجب ہے؟
حدیث نمبر: 502
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی یہ روایت کہ جس میں یہ ذکر تھا کہ ہم باعتبار ترتیب امم، سب امتوں کے بعد آئے ہیں لیکن قیامت کے دن حساب و کتاب اور جنت میں لے جانے کے حساب سے سب سے آگے ہوں گے۔ گزر چکی ہے۔ (دیکھئیے باب: جمعہ کی فرضیت۔۔۔) اس روایت کے آخر میں اتنا زیادہ ہے کہ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر مسلمان پر ضروری ہے کہ ہر ہفتہ میں ایک دن غسل کرے، اس دن اپنا سر اور اپنا بدن اچھی طرح صاف کرے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 502]
10. کتنی دور سے جمعہ کے لیے آنا چاہیے اور یہ کن کن پر واجب ہے۔
حدیث نمبر: 503
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ کہتی ہیں کہ لوگ اپنے گھروں سے اور مدینہ کی نواحی بستیوں سے نماز جمعہ میں باری باری آیا کرتے تھے۔ گرد و غبار کی وجہ سے ان (کے جسم) پر غبار اور پسینہ بہت آتا تھا پھر ان کے بدن سے بھی پسینہ نکلتا تھا تو بدبو ہوا کرتی تھی پس ایک آدمی ان میں سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم (اس وقت) میرے ہاں تھے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کاش تم لوگ اس دن (گرد و غبار اور بدبو سے) صاف رہا کرتے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 503]
حدیث نمبر: 504
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے ہی روایت ہے کہ لوگ اپنے کام کاج خود کیا کرتے تھے اور جب جمعہ کے لیے جاتے تو اپنی اسی حالت میں چلے جاتے تو ان سے کہا گیا: کاش تم غسل کر لیا کرو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 504]
حدیث نمبر: 505
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کی نماز آفتاب کے ڈھلنے پر پڑھتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 505]
11. جمعہ کے دن گرمی زیادہ ہو تو کیا جائے؟
حدیث نمبر: 506
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب خوب سردی ہوتی تھی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز جلدی پڑھتے تھے وہ جب گرمی زیادہ ہوتی تھی تو نماز کو ٹھنڈا کر کے (ٹھنڈے وقت) پڑھتے تھے یعنی جمعہ کی نماز۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 506]
12. جمعہ کے لیے (پیدل) چلنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 507
سیدنا ابوعبس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ اور وہ اس وقت نماز جمعہ کے لیے جا رہے تھے کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے: جس کے دونوں پاؤں اللہ کی راہ میں غبارآلود ہو جائیں تو اس کو اللہ نے (دوزخ کی) آگ پر حرام کر دیا ہے (یعنی دوزخ کی آگ اس کو نہیں چھو سکتی)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 507]
13. کوئی مسلمان جمعہ کے دن اپنے بھائی کو اٹھا کر اس کی جگہ پر نہ بیٹھے۔
حدیث نمبر: 508
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے کہ: کوئی شخص اپنے بھائی کو اس کی جگہ سے اٹھا کر خود اس کی جگہ پر بیٹھ جائے۔ عرض کیا گیا کہ کیا صرف جمعہ میں؟ فرمایا: جمعہ اور اس کے علاوہ اور موقع پر بھی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 508]
14. جمعہ کے دن اذان کا بیان۔
حدیث نمبر: 509
سیدنا سائب بن یزید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جمعہ کے دن اذان نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور امیرالمؤمنین ابوبکر صدیق اور عمر فاروق رضی اللہ عنہما کے دور میں اس وقت ہوتی تھی جب امام منبر پر بیٹھ جاتا پھر عثمان رضی اللہ عنہ (خلیفہ) ہوئے اور (مسلمان) لوگ زیادہ ہو گئے تو عثمان رضی اللہ عنہ نے زوراء پر تیسری اذان بڑھا دی۔ (امام بخاری رحمتہ اللہ نے کہا کہ زوراء مدینہ کے بازار میں مقام کا نام ہے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 509]
15. جمعہ کے دن ایک مؤذن کا ہونا بہتر ہے۔
حدیث نمبر: 510
سیدنا سائب بن یزید رضی اللہ عنہ ایک دوسری روایت میں کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں صرف ایک ہی مؤذن تھا اور وہ جمعہ کے دن کی اذان اسی وقت دیتا تھا جب امام بیٹھ جاتا تھا یعنی اپنے منبر پر (بیٹھ جاتا تھا)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 510]
16. امام کو چاہیے کہ جب منبر پر اذان سنے تو جواب دے۔
حدیث نمبر: 511
سیدنا معاویہ بن سفیان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ منبر پر بیٹھے ہوئے تھے کہ مؤذن نے اذان کہی۔ تو جب اس نے کہا (اﷲاکبر اﷲاکبر) معاویہ رضی اللہ عنہ نے بھی کہا (اﷲاکبر اﷲاکبر) پھر مؤذن نے کہا ((اشھد ان لا الہٰ الا اللہ)) تو معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا ((وانا)) مؤذن نے کہا ((اشھد ان محمد رسول اللہ)) تو معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا ((وانا)) پھر اذان ختم ہو چکی تو معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اے لوگو! میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اسی مقام (یعنی منبر) پر سنا کہ جب مؤذن نے اذان دی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم وہی فرماتے جاتے تھے جو تم نے میری گفتگو سنی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 511]

Previous    1    2    3    4    Next