الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح مسلم کل احادیث (2179)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح مسلم
لباس اورزیب و زینت کے بیان میں
حدیث نمبر: 1345
سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے کسم کے رنگ کے دو کپڑے پہنے ہوئے دیکھا تو فرمایا کہ یہ کافروں کے کپڑے ہیں ان کو مت پہن۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1345]
10. (مردوں کے لئے) زعفران لگانے کی ممانعت۔
حدیث نمبر: 1346
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مرد کو زعفران لگانے سے اور (زعفران کے رنگ سے) منع فرمایا ہے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1346]
11. بالوں کے رنگنے اور (بڑھاپے میں) بالوں کی سفیدی کے رنگ کو تبدیل کرنے کے متعلق۔
حدیث نمبر: 1347
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ابوقحافہ رضی اللہ عنہ جس سال مکہ فتح ہوا آئے اور ان کا سر اور ان کی داڑھی ثغامہ کی طرح سفید تھی (ثغامہ ایک سفید گھاس کا نام ہے)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس سفیدی کو کسی چیز سے بدل دو اور سیاہ رنگ سے بچو۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1347]
12. خضاب (لگانے) میں یہود و نصاریٰ کی مخالفت کرنا۔
حدیث نمبر: 1348
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہود اور نصاریٰ خصاب نہیں کرتے تو تم ان کا خلاف کرو (یعنی خضاب کیا کرو لیکن جیسے پہلی حدیث میں گذرا، سیاہ خضاب نہیں)۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1348]
13. دھاری دار یمن کی چادر کے لباس کے متعلق۔
حدیث نمبر: 1349
قتادہ کہتے ہیں کہ ہم نے سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کون سا کپڑا پسند تھا؟ انہوں نے کہا کہ یمن کی چادر (جو دھاری دار ہوتی ہے، یہ کپڑا نہایت مضبوط اور عمدہ ہوتا ہے)۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1349]
14. کالے رنگ کا کمبل پہننا، جس پر پالان کی تصویریں ہوں۔
حدیث نمبر: 1350
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک صبح کو نکلے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کالے بالوں کا ایک کمبل اوڑھے ہوئے تھے جس پر پالان کی تصویریں بنی ہوئی تھیں۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1350]
15. موٹے کپڑے کا تہبند اور ملبد کپڑے پہننے کے متعلق۔
حدیث نمبر: 1351
سیدنا ابوبردہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے پاس گیا، انہوں نے ایک موٹا تہبند نکالا جو یمن میں بنتا ہے اور ایک کمبل جس کو ملبدہ کہتے ہیں، پھر اللہ تعالیٰ کی قسم کھائی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ان دونوں کپڑوں میں ہوئی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1351]
16. ”انماط“ (یعنی) قالین وغیرہ کے متعلق۔
حدیث نمبر: 1352
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب میں نے نکاح کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کیا تیرے پاس قالین وغیرہ ہیں؟ میں نے عرض کیا کہ ہمارے پاس قالین کہاں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عنقریب تمہارے پاس ہوں گے۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میری بیوی کے پاس ایک قالین ہے، میں اس کو کہتا ہوں کہ اس کو دور کر تو وہ کہتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ عنقریب تمہارے پاس قالین ہوں گے (تو سیدنا جابر رضی اللہ عنہ ان کو مکروہ جان کر دور کرنا چاہتے تھے کیونکہ وہ دنیا کی زینت ہے)۔ (انماط قالینوں اور اسی قسم کے بہترین کپڑوں کو بھی کہا جاتا ہے جو نیچے بچھائے جائیں)۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1352]
17. ضروری بستر بنا کر رکھنے کے متعلق۔
حدیث نمبر: 1353
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: ایک بستر آدمی کے لئے چاہئے اور ایک اس کی بیوی کے لئے، ایک بستر مہمان کے لئے اور چوتھا شیطان کا ہو گا۔ (یعنی جو لوگوں کو دکھانے اور اپنی برتری ظاہر کرنے کے لئے بنایا جائے)۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1353]
18. چمڑے کا بچھونا جس میں چھال بھری ہو۔
حدیث نمبر: 1354
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا (بستر) بچھونا جس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سوتے تھے، وہ چمڑے کا تھا اور اس کے اندر کھجور کی چھال بھری ہوئی تھی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1354]

Previous    1    2    3    4    5    6    Next