الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
زکوٰۃ کے بیان میں
حدیث نمبر: 722
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اور اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم صدقہ کا اور سوال سے بچنے کا ذکر کر رہے تھے: اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے اوپر والا ہاتھ تو دینے والا ہے اور نیچے والا ہاتھ مانگنے والا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 722]
13. صدقہ کے لیے ترغیب دینا اور اس کے لیے سفارش کرنا (بڑے ثواب کا کام ہے)۔
حدیث نمبر: 723
سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سائل آتا یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی چیز کا سوال کیا جاتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے: اس کی (داد رسی کے لیے) سفارش کرو تو تمہیں بھی ثواب ملے گا اور اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبر کی زبان پر (احکامات میں سے) جو کچھ چاہتا ہے جاری فرماتا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 723]
حدیث نمبر: 724
سیدہ اسماء بنت ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا تھا: اے اسماء! خیرات کو مت روکو ورنہ تمہارے رزق (میں سے خیر و برکت) کو بھی روک لیا جائے گا۔ ایک دوسری حدیث میں یہ الفاظ بھی آئے ہیں کہ مال و دولت کو گنو مت ورنہ اللہ بھی تجھے گن گن کر دے گا (یعنی بغیر حساب کے خیرات کرو تو اللہ تعالیٰ بھی بےشمار دے گا)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 724]
14. جہاں تک ممکن ہو صدقہ دینا بہتر ہے۔
حدیث نمبر: 725
سیدہ اسماء بنت ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہا سے ہی ایک روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اپنا مال ہتھیلیوں میں مت رکھو ورنہ اللہ بھی اپنی رحمت تم سے روک لے گا اور جہاں تک ہو سکے خیرات کرتی رہو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 725]
15. جو شخص کفر کی حالت میں صدقہ دے پھر وہ اسلام لے آئے۔
حدیث نمبر: 726
سیدنا حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے عرض کی کہ یا رسول اللہ! آپ بتائیے کہ جو کام عبادت کے، میں جاہلیت (کی حالت) میں کرتا تھا مثلا صدقہ کرنا اور (غلام) آزاد کرنا اور صلہ رحمی کرنا تو کیا ان کا بھی کچھ ثواب مجھے ملے گا؟ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم جتنی نیکیاں کر چکے ہو، ان ہی کے سبب سے تو مسلمان ہوئے جو (یعنی تمہیں ان کا ثواب ملے گا) اور تم ان سب نیکیوں کے ساتھ مسلمان ہوئے ہو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 726]
16. خادم کا ثواب جب کہ وہ اپنے مالک کے حکم سے صدقہ دے اور اس کی نیت گھر بگاڑنے کی نہ ہو۔
حدیث نمبر: 727
سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ مسلمان خزانچی جو امانتدار ہو، (صاحب مال کا) حکم نافذ کرے یا اس کا صاحب جس قدر (صدقہ) دلائے وہ پورا اس کو دیدے جس کا دلایا گیا ہے اور اس سے اس کا دل بھی خوش ہو تو وہ بھی صدقہ دینے والوں میں سے ایک ہو گا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 727]
17. اللہ عزوجل کا یہ فرمانا کہ ”جو شخص صدقہ دے گا اور پرہیزگاری کرے گا .... اور (فرشتوں کا یہ دعا کرنا کہ) ”اے اللہ! خرچ کرنے والوں کو اس کا نعم البدل عطا فرما“ کا بیان۔
حدیث نمبر: 728
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر صبح کو دو فرشتے (آسمان سے) اترتے ہیں ان میں سے ایک یہ کہتا ہے: اے اللہ! ہر خرچ کرنے والے کو اس کے خرچ کرنے کا نعم البدل عنایت فرما۔ اور دوسرا یہ کہتا ہے: اے اللہ! ہر بخل کرنے والے کے مال کو تباہ و برباد فرما دے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 728]
18. صدقہ دینے والے اور بخیل کی مثال (کا بیان)
حدیث نمبر: 729
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بخیل کی اور صدقہ دینے والے کی مثال ان دو آدمیوں کی طرح ہے جو (جسم) پر سینہ سے لے کر گردن تک لوہے کا لباس پہنے ہوں تو سخی جب خرچ کرنا چاہتا ہے تو وہ جبہ کشادہ ہو جاتا ہے یا (یہ فرمایا کہ) اس کے جسم پر ڈھیلا ہو جاتا ہے یہاں تک کہ اس کی انگلیوں کو چھپا لیتا ہے اور بڑھ جاتا ہے اور بخیل جب کچھ خرچ کرنا چاہتا ہے تو اس لباس کا ہر حلقہ اپنی جگہ پر جم جاتا ہے، وہ اس کو کشادہ کرنا چاہتا ہے مگر کشادہ نہیں ہوتا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 729]
19. ہر مسلمان پر صدقہ (واجب) ہے پھر اگر کسی کو مقدور نہ ہو تو وہ اچھی بات پر عمل کرے۔
حدیث نمبر: 730
سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر مسلمان پر صدقہ دینا ضروری ہے۔ تو لوگوں نے عرض کی کہ اے اللہ کے نبی! اگر کسی کو مقدور نہ ہو؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ اپنے ہاتھ سے محنت کرے اور خود فائدہ اٹھائے اور صدقہ دے۔ تو لوگوں نے عرض کی کہ اگر اس کا بھی مقدور نہ ہو؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: صاحب حاجت مظلوم کی فریاد رسی کرے۔ لوگوں نے عرض کی کہ اگر اس کا بھی مقدور نہ ہو؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تو وہ اچھی بات پر عمل کرے اور برائی سے باز رہے یہی اس کے لیے صدقہ ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 730]
20. (ایک فقیر کو) زکوٰۃ یا صدقہ میں سے کس قدر دینا چاہیے؟
حدیث نمبر: 731
ام عطیہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نسیہ انصاریہ رضی اللہ عنہا (جو کہ حقیقت میں ام عطیہ ہی کا نام ہے) کے پاس ایک صدقہ کی بکری بھیجی گئی تو اس نے اس میں سے کچھ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو بھی دے دیا۔ پھر جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم گھر میں تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہارے پاس کچھ ہے؟ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا کہ کچھ بھی نہیں سوائے اس کے جو صدقہ کی بکری (کے گوشت) میں سے ہے، جسے نسیبہ نے بھیجا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کو لاؤ کیونکہ وہ اپنے مقام پر پہنچ چکا (یعنی اب ہمارے لیے وہ صدقہ نہیں ہے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 731]

Previous    1    2    3    4    5    6    7    Next