الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
روزے کے بیان میں
حدیث نمبر: 959
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم شعبان سے بڑھ کر کسی اور مہینہ میں (نفلی) روزے نہ رکھتے تھے بلکہ یوں سمجھیں کہ شعبان تقریباً روزوں میں ہی گزارتے تھے اور مزید کہتی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے: اے لوگو! اسی قدر عبادت اپنے ذمہ لو جن کی تم برداشت کر سکو، اس کے لیے کہ اللہ تعالیٰ (ثواب دینے سے) نہیں تھکتا یہاں تک کہ تم عبادت کرنے سے تھک جاؤ اور عمدہ نماز نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک وہ تھی جس پر مداومت کی جائے اگرچہ وہ تھوڑی ہی ہو اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کوئی نماز پڑھتے تو اس پر ہمیشگی اختیار کرتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 959]
35. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے روزہ رکھنے اور نہ رکھنے کا ذکر۔
حدیث نمبر: 960
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے روزے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ میں جب چاہتا کہ کسی مہینہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو روزہ رکھتا ہوا دیکھ لوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو روزہ رکھتا ہوا دیکھ لیتا اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بغیر روزہ رکھے دیکھنا چاہتا تو بھی دیکھ لیتا اور جب کبھی رات کو نماز پڑھتا ہوا دیکھنا چاہتا تو نماز پڑھتا ہوا دیکھ لیتا اور جب (سوتا ہوا دیکھنا چاہتا تو) سوتا ہوا دیکھ لیتا اور میں نے کسی سمور اور ریشمی کپڑے کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دست مبارک سے زیادہ نرم نہیں دیکھا اور نہ میں نے کبھی مشک عنبر کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (کے پسینہ) کی خوشبو سے زیادہ خوشبودار پایا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 960]
حدیث نمبر: 961
سیدنا عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کی حدیث پہلے گزر چکی ہے (دیکھئیے کتاب: تہجد کی نماز کا بیان۔۔۔ باب: جو شخص اخیر رات کو سوتا رہا)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 961]
36. روزہ رکھنے میں اپنے جسم کے حق کی بھی رعایت کرنا چاہیے۔
حدیث نمبر: 962
سیدنا انس رضی اللہ عنہ اس روایت میں کہتے ہیں کہ سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما جب بوڑھے ہو گئے تو کہا کرتے تھے کہ اے کاش! میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی (ہر ماہ میں تین روزے رکھنے کی) اجازت قبول کر لی ہوتی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 962]
37. روزہ رکھنے میں بیوی کے حق کی بھی رعایت کرنا چاہیے۔
حدیث نمبر: 963
سیدنا عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے داؤد علیہ السلام کے روزہ کا ذکر کیا تو فرمایا: ایک دن روزہ رکھتے اور ایک دن نہ رکھتے اور جب دشمن سے میدان جنگ میں مقابلہ کرتے تو بھاگتے نہ تھے۔ عبداللہ رضی اللہ عنہ نے عرض کی، یا رسول اللہ! کوئی ہے جو میری طرف سے (بھی داؤد علیہ السلام کی) اسی بات (یعنی عمل) کی ذمہ داری قبول کر لے (یعنی میں بھی یہی عمل کروں) تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص ہمیشہ روزہ رکھے اس نے روزہ ہی نہیں رکھا۔ دو مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا۔ (عطاء کہتے ہیں کہ پتہ نہیں یہاں صوم دہر کا ذکر کس طرح ہوا البتہ انہیں اتنا یاد تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو مرتبہ یہی فرمایا)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 963]
38. جب کوئی روزہ دار کسی سے ملنے گیا اور وہاں روزہ نہ توڑا۔
حدیث نمبر: 964
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ام سلیم کے پاس تشریف لائے تو ام سلیم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کھجور اور گھی رکھ دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: گھی واپس اس کے ڈبے میں اور کھجوریں اس کے برتن میں رکھ دو، اس لیے کہ میں روزہ سے ہوں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم گھر کے ایک گوشہ میں کھڑے ہو گئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نفل نماز پڑھی اور ام سلیم کے لیے اور ان کے گھر والوں کے لیے دعا فرمائی۔ ام سلیم نے عرض کی کہ یا رسول اللہ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف میرے ہی لیے دعا فرمائی؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اور کیا۔ تو ام سلیم نے عرض کی کہ اپنے خادم انس (رضی اللہ عنہ) کے لیے (بھی دعا کیجئیے) پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا و آخرت کی کوئی بھلائی ایسی نہ چھوڑی جس کی میرے لیے دعا نہ کی ہو، اس طرح کہ: اے اللہ! اسے مال و اولاد عطا فرما اور اسے برکت عطا فرما دے۔ تو دیکھ لو کہ انصار میں سے میں سے سب زیادہ مالدار ہوں اور مجھ سے میری بیٹی امینہ بیان کرتی تھیں کہ جس وقت حجاج بصرہ آیا تو اس وقت تک ایک سو بیس سے کچھ زیادہ میرے حقیقی بچے دفن ہو چکے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 964]
39. اخیر مہینہ میں روزہ رکھنا (مسنون ہے)۔
حدیث نمبر: 965
سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی شخص سے پوچھا: اے فلاں کے باپ! کیا تم نے اس مہینے کے آخر میں روزے نہیں رکھے؟ تو اس نے عرض کی کہ نہیں یا رسول اللہ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم (رمضان کے) روزوں سے فارغ ہو جاؤ تو وہ روزے رکھ لینا۔ دوسری روایت میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شعبان کے اخیر میں دو روزے نہیں رکھے؟ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 965]
40. جمعہ کے دن کا روزہ۔
حدیث نمبر: 966
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے پوچھا گیا کہ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جمعہ کے دن روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ ہاں منع فرمایا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 966]
حدیث نمبر: 967
ام المؤمنین جویریہ بنت حارث رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے دن ان کے ہاں تشریف لائے اور وہ روزہ سے تھیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم نے کل روزہ رکھا تھا؟ انھوں نے عرض کی کہ نہیں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم کل روزہ رکھنا چاہتی ہو؟ تو انھوں نے پھر عرض کی کہ نہیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (اگر نہیں) تو تم (آج بھی) روزہ نہ رکھو یعنی توڑ دو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 967]
41. کیا روزے کے لیے چند دنوں کی تخصیص کرنا جائز ہے؟
حدیث نمبر: 968
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا گیا کہ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (عبادت کے لیے) چند دنوں کی تخصیص فرما لیا کرتے تھے؟ تو انھوں نے کہا نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت دائمی ہوتی تھی اور تم میں کون شخص اس چیز کی طاقت رکھتا ہے جس کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم طاقت رکھا کرتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 968]

Previous    1    2    3    4    5    6    Next