الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:105
105. حضرت ابو بکرہ ؓ نے نبی ﷺ کا ذکر کیا کہ آپ نے فرمایا: ”بلاشبہ تمہاری جانیں، تمہارے اموال، محمد بن سیرین کہتے ہیں: آپ نے یہ بھی فرمایا: تمہاری عزتیں، تم پر اسی طرح حرام ہیں جس طرح تمہارے آج کے دن کی حرمت تمہارے اس مہینے میں ہے۔ خبردار! حاضر، غائب تک یہ بات پہنچا دے۔“ محمد بن سیرین فرماتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے سچ فرمایا، ایسا ہی ہوا۔” آگاہ رہو! جواب دو، کیا میں نے فریضہ تبلیغ ادا کر دیا؟“ آپ نے ایسا دو بار فرمایا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:105]
حدیث حاشیہ:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ خطاب حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا۔
اس کی تفصیل گزر چکی ہے بقیہ مباحث پر تفصیلی گفتگو کتاب الحج میں آئے گی۔
محمد بن سیرین فرماتے ہیں کہ آپ کا ارشاد صحیح ثابت ہوا۔
حاضر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمودات کو غائبین تک پہنچانے میں پوری پوری کوشش کی اور اپنی تمام تر توانائیوں کو صرف کیا، پھر غائب محدثین و مجتہدین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کلمات طیبات سے بے شمار مسائل کا استنباط کیا۔
حوالہ: هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 105