الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2301
2301. حضرت عبد الرحمٰن بن عوف ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے امیہ بن خلف سے ایک تحریری معاہدہ کیا کہ وہ مکہ میں میرے حقوق کی حفاظت کرے میں مدینہ میں اس کے حقوق کی نگہداشت کروں گا۔ تحریر کرتے وقت جب "الرحمٰن" کا ذکر آیا تو وہ کہنے لگا کہ میں "الرحمٰن" کو نہیں جانتا۔ تم اپنا نام وہی لکھو جو زمانہ جاہلیت میں تمھارا رہا ہے۔ چنانچہ میں نے عبد عمرو لکھو دیا۔ جب بدر کی لڑائی کا دن تھا تو اس وقت جب تمام لوگ سو گئے تو میں ایک پہاڑ کی طرف نکلا تاکہ امیہ کو حفاظت میں لے لوں۔ (اس دوران) حضرت بلال ؓ نے اسے دیکھ لیا، وہ نکلے اور انصار کی ایک مجلس میں پہنچےاور کہا: یہ امیہ بن خلف موجود ہے۔ اگر امیہ نجات پا گیا تو میری خیر نہیں۔ ان کے ساتھ انصار کا ایک گروہ ہمارے تعاقب میں نکل کھڑا ہوا۔ جب مجھےخطرہ محسوس ہوا کہ وہ ہمیں پا لیں گے۔ تو میں نے اس کا بیٹا ان کے لیے چھوڑدیا تاکہ وہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:2301]
حدیث حاشیہ:
(1)
حضرت عبدالرحمٰن بن عوف ؓ مسلمان، دارالاسلام مدینہ طیبہ میں تھے اور امیہ بن خلف کافر، دارالحرب میں تھا۔
ان دونوں کا باہمی معاہدہ ہوا کہ ہم اپنے اپنے علاقے میں ایک دوسرے کے حقوق اور مصالح کا خیال رکھیں گے۔
یہی وکالت ہے۔
وکیل کا یہی کام ہوتا ہے کہ وہ اپنے مؤکل کے مصالح کا خیال رکھے۔
یقیناً عبدالرحمٰن بن عوف ؓ نے رسول اللہ ﷺ کی اطلاع کےبعد ہی ایسا کیا ہوگا جس پر آپ نے انکار نہیں کیا۔
اس سے وکالت صحیح ثابت ہوگئی۔
حافظ ابن حجر، امام ابن منذر کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ مسلمان کا کسی حربی مستامن (امن چاہنے والے)
کو وکیل بنانا، اسی طرح حربی مستامن کا کسی مسلمان کو وکیل بنانا اس کے جوازمیں کوئی اختلاف نہیں۔
(فتح الباري: 605/4)
(2)
ابن عوف ؓ نے ایک مشرک کو بچانے کی سر توڑ کوشش کیوں کی؟ اس کا جواب یہ ہے کہ انھوں نے حسب ذیل مقاصد کے پیش نظر یہ اقدام کیا:
٭ اسے بھگانے میں ایک یہ مقصد تھا کہ وہ اس وقت موت سے بچ جائے۔
٭فرار کی صورت میں اس کے ایمان لانے کی امید تھی شاید وہ آئندہ مسلمان ہو جائے۔
٭اسے بھگانے سے کفار کی شان شوکت تو ڑنا مقصود تھی کیونکہ جب اس کے متبعین اور ماننے والوں کو معلوم ہوگا کہ ہمارا سردار بھاگ گیا ہے تو وہ بھی میدان جنگ میں نہیں ٹھہریں گے، یعنی اس اقدام سے ان کی جماعت کو منتشر کرنا اور مسلمانوں کو ان کی ریشہ دوانیوں سے محفوظ رکھنا مقصود تھا۔
(3)
امام بخاری ؒ نے حدیث کے آخر میں وضاحت کی ہے کہ یوسف کی صالح سے اور ابراہیم کی اپنے باپ سے ملاقات ثابت ہے۔
والله أعلم.
حوالہ: هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 2301