الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3471
3471. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایک مرتبہ نماز صبح ادا کی، پھر لوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: ”ایک شخص بیل کو ہانکے لیے جارہا تھا کہ وہ اس پر سوار ہو گیا اور اسے مارا۔ اس بیل نے کہا: ہم جانور سواری کے لیے پیدا نہیں کیے گئے۔ بلکہ ہماری پیدائش تو کھیتی باڑی کے لیے ہے۔“ لوگوں نے کہا: سبحان اللہ! بیل نے باتیں کیں! آپ ﷺ نے فرمایا: ”میں ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس پر یقین رکھتے ہیں۔ حالانکہ اس وقت وہ دونوں وہاں موجود نہ تھے۔“ اسی طرح ایک دفعہ ایک شخص اپنی بکریاں میں موجود تھا کہ اچانک بھیڑیے نےحملہ کیا اور ان میں سے ایک بکری اٹھا کر لے بھاگا۔ چرواہے نےاس کا پیچھا کیا اور اس سے وہ بکری چھڑالی۔ اس پر بھیڑیے نے اسے کہا: آج تو یہ بکری تو نے مجھ سے چھڑالی ہےلیکن درندوں والے دن اسے کون بچائے گا، جس دن میرے علاوہ ان کا اور کوئی چرواہا نہیں ہو گا؟“۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:3471]
حدیث حاشیہ:
1۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قوت ایمانی پر یقین تھا اس لیے آپ نے ان کی عدم موجود گی میں ان کے ایمان و یقین کی شہادت دی۔
2۔
اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔
اس نے بیل اور بھیڑیے میں بولنے کی قوت پیدا کردی۔
3۔
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ حیوانات کا استعمال ان ہی کاموں کے لیے ہونا چاہیے جن میں بطور عادت ان کو استعمال کیا جاتا ہے بیلوں پر سواری نہیں کرنی چاہیے اور بھیڑبکریوں کو کھیتی باڑی میں نہیں لگانا چاہیے۔
(فتح الباري: 634/6)
حوالہ: هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 3471