الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7281
7281. سیدنا جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: چند فرشتے نبی ﷺ کے پاس آئے جبکہ آپ محو استراحت تھے۔ بعض فرشتوں نے کہا: اس وقت آپ سو رہے ہیں اور بعض نے کہا: ان کی صرف آنکھ سوتی ہے مگر دل بیدار رہتا ہے۔ پھر انہوں نے کہا: تمہارے ان صاحب کی ایک مثال ہے وہ مثال بیان کرو، کچھ فرشتوں نے کہا: وہ تو سو رہے ہیں۔ بعض نے کہا: نہیں صرف آنکھ سوتی ہے مگر دل بیدار رہتا ہے۔ پھر وہ کہنے لگے: ان کی مثال اس شخص کی طرح ہے جس نے ایک گھر تعمیر کیا پھر لوگوں کی دعوت کے لیے کھانا تیار کیا اب ایک شخص کی دعوت دینے کے لیے بھیجا تو جس شخص نے اس بلانے والے کی بات مان لی وہ مکان میں داخل ہوگا اور کھانا کھائے گا اور جس نے بلانے والے کی بات نہ مانی تو وہ مکان میں داخل ہوگا اور نہ کھانا کھا سکے گا پھرانہوں نے کہا: اس مثال کی وضاحت کرو تاکہ وہ سمجھ لیں۔ بعض کہنے لگے: یہ سو۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:7281]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث سے واضح طور پر معلوم ہوتا ہے کہ قرآن وحدیث ہی دین کے اصل الاصول ہیں۔
امام، استاد اور بزرگ کی بات کوچھوڑا جا سکتا ہے مگر قرآن وحدیث کو کسی صورت میں نہیں چھوڑا جاسکتا، نیز اس حدیث کا آخری حصہ بڑا معنی خیز ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اچھے کو بُرے سے الگ کرنے والے ہیں، یعنی مومن اور کافر، نیک اوربد، سعادت مند اور بدبخت کے درمیان خط امتیاز کھینچنے والے ہیں۔
اس موضوع پر ہم کچھ تفصیل سے لکھنا چاہتے تھے لیکن اختصار کے پیش نظر صرف ایک مثال سے اس فرق کی وضاحت پیش خدمت ہے۔
حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک شخص کو دیکھا جورکوع اورسجود کی صحیح ادائیگی کے بغیر نماز پڑھتا تھا، پوچھنے پر پتہ چلا کے وہ چالیس سال سے اس طرح نماز پڑھا رہا ہے تو آپ نے فرمایا:
”اگر تیری اسی حالت پر موت آگئی تو وہ فطرت اسلام کے خلاف ہوگی۔
“ (صحیح البخاري، الأذان، حدیث: 791)
کیونکہ اس کی نماز سنت کے خلاف تھی، اس لیے کہ اس کی موت کو بی فطرت اسلام کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔
اس کے برعکس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”جو شخص سنت کے مطابق وضوکرے، پھرسنت کے مطابق صرف دورکعت ادا کرے تو اس کے سابقہ گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔
“ (صحیح البخاري، الوضوء، حدیث: 160)
سنت پر عمل کرنے کی برکت سے صرف دورکعت ادا کرنا سابقہ گناہوں کا کفارہ بن جاتا ہے۔
سنت اور غیر سنت پر عمل کرنے میں یہی فرق ہے جو مذکورہ بالاحدیث کے آخر میں بیان کیا گیا ہے۔
حوالہ: هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 7281