قرآن مجيد

سورة المعارج
اپنا مطلوبہ لفظ تلاش کیجئیے۔

نمبر آیات تفسیر

1
ایک سوال کرنے والے نے اس عذاب کے متعلق سوا ل کیا جو واقع ہونے والا ہے۔

2
کافروں پر، اسے کوئی ہٹانے والا نہیں۔

3
اللہ کی طرف سے، جو سیڑھیوں والا ہے۔

4
فرشتے اور روح اس کی طرف چڑھتے ہیں، ( وہ عذاب ) ایک ایسے دن میں(ہوگا) جس کا اندازہ پچاس ہزار سال ہے۔

5
پس تو صبر کر، بہت اچھا صبر۔

6
بے شک وہ اسے دور خیال کر رہے ہیں۔

7
اور ہم اسے قریب دیکھ رہے ہیں۔

8
جس دن آسمان پگھلے ہوئے تانبے کی طرح ہو جائے گا۔

9
اور پہاڑ رنگین اون کی طرح ہو جائیں گے۔

10
اور کوئی دلی دوست کسی دلی دوست کو نہیں پوچھے گا۔

11
حالانکہ وہ انھیں دکھائے جا رہے ہوں گے۔ مجرم چاہے گا کاش کہ اس دن کے عذاب سے (بچنے کے لیے) فدیے میں دے دے اپنے بیٹوں کو۔

12
اور اپنی بیوی اور اپنے بھائی کو۔

13
اور اپنے خاندان کو، جو اسے جگہ دیا کرتا تھا۔

14
اور ان تمام لوگوں کو جو زمین میں ہیں، پھر اپنے آپ کو بچا لے۔

15
ہرگز نہیں! یقینا وہ (جہنم) ایک شعلہ مارنے والی آگ ہے۔

16
منہ اور سر کی کھال کو اتار کھینچنے والی ہے۔

17
وہ(ہر) اس شخص کو پکارے گی جس نے پیٹھ پھیری اور منہ موڑا۔

18
اور(مال) جمع کیا اور اسے بند رکھا۔

19
بلاشبہ انسان تھڑدلا بنایا گیا ہے۔

20
جب اسے تکلیف پہنچتی ہے تو بہت گھبرا جانے والا ہے۔

21
اور جب اسے بھلائی ملتی ہے تو بہت روکنے والا ہے۔

22
سوائے نماز ادا کرنے والوں کے۔

23
وہ جو اپنی نماز پر ہمیشگی کرنے والے ہیں۔

24
اور وہ جن کے مالوں میں ایک مقرر حصہ ہے۔

25
سوال کرنے والے کے لیے اور (اس کے لیے) جسے نہیں دیا جاتا۔

26
اور وہ جو جزا کے دن کو سچا مانتے ہیں۔

27
اور وہ جو اپنے رب کے عذاب سے ڈرنے والے ہیں۔

28
یقینا ان کے رب کا عذاب ایسا ہے جس سے بے خوف نہیں ہوا جا سکتا۔

29
اور وہ جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں۔

30
مگر اپنی بیویوں پر، یا جس کے مالک ان کے دائیں ہاتھ ہیں، تو یقینا وہ ملامت کیے ہوئے نہیں۔

31
پھر جو اس کے علاوہ کوئی راستہ ڈھونڈے تو وہی حد سے گزرنے والے ہیں۔

32
اور وہ جو اپنی امانتوں کا اور اپنے عہد کا لحاظ رکھنے والے ہیں۔

33
اور وہ جو اپنی گواہیوں پر قائم رہنے والے ہیں۔

34
اور وہ جو اپنی نماز کی حفاظت کرتے ہیں۔

35
یہی لوگ جنتوں میں عزت دیے جانے والے ہیں۔

36
پھر ان لوگوں کو جنھوں نے کفر کیا، کیا ہے کہ تیری طرف دوڑتے چلے آنے والے ہیں۔

37
دائیں اور بائیں طرف سے ٹولیاں بن کر۔

38
کیا ان میں سے ہر آدمی طمع رکھتا ہے کہ اسے نعمت والی جنت میں داخل کیا جائے گا؟

39
ہرگز نہیں! یقیناً ہم نے انھیں اس چیز سے پیدا کیا ہے جسے وہ جانتے ہیں۔

40
پس نہیں! میں قسم کھاتا ہوں مشرقوں اور مغربوں کے رب کی! کہ بےشک ہم یقیناً قدرت رکھنے والے ہیں۔

41
اس پر کہ ان کی جگہ ان سے بہتر لوگ لے آئیں اور ہم ہرگز عاجز نہیں ہیں۔

42
پس انھیں چھوڑ دے کہ وہ بے ہودہ باتوں میں لگے رہیں اور کھیلتے رہیں، یہاں تک کہ اپنے اس دن کو جا پہنچیں جس کا وہ وعدہ دیے جاتے ہیں۔

43
جس دن وہ قبروں سے تیز دوڑتے ہوئے نکلیں گے، جیسے وہ کسی گاڑے ہوئے نشان کی طرف دوڑے جا رہے ہیں۔

44
ان کی آنکھیں جھکی ہوں گی، ذلت انھیں گھیرے ہوئے ہو گی، یہی وہ دن ہے جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا تھا۔