قرآن مجيد

سورة المطففين
اپنا مطلوبہ لفظ تلاش کیجئیے۔

نمبر آیات تفسیر

1
بڑی ہلاکت ہے ماپ تول میں کمی کرنے والوں کے لیے ۔

2
وہ لوگ کہ جب لوگوں سے ماپ کر لیتے ہیں تو پورا لیتے ہیں۔

3
اور جب انھیں ماپ کر، یا انھیں تول کر دیتے ہیں تو کم دیتے ہیں۔

4
کیا یہ لوگ یقین نہیں رکھتے کہ وہاٹھائے جانے والے ہیں۔

5
ایک بہت بڑے دن کے لیے ۔

6
جس دن لوگ رب العالمین کے لیے کھڑے ہوں گے۔

7
ہرگز نہیں، بے شک نافرمان لوگوں کا اعمال نامہ یقینا دائمی سخت قید کے دفتر میں ہے ۔

8
اور تجھے کس چیز نے معلوم کروایا کہدائمی سخت قید کا دفتر کیا ہے؟

9
ایک کتاب ہے، واضح لکھی ہوئی ۔

10
اس دن جھٹلانے والوں کے لیے بڑی ہلاکت ہے ۔

11
جو جزا کے دن کو جھٹلاتے ہیں۔

12
اور اسے کوئی نہیں جھٹلاتا مگر ہر حد سے نکل جانے والا، سخت گناہ گار۔

13
جب اس کے سامنے ہماری آیات پڑھی جاتی ہیں تو کہتا ہے یہ پہلے لوگوں کی کہانیاں ہیں۔

14
ہرگز نہیں، بلکہ زنگ بن کر چھا گیا ہے ان کے دلوں پر جو وہ کماتے تھے ۔

15
ہرگز نہیں، بے شک وہ اس دن یقینا اپنے رب سے حجاب میں ہوں گے۔

16
پھر بے شک وہ بھڑکتی ہوئی آگ میں یقینا داخل ہونے والے ہیں۔

17
پھر کہا جائے گا یہی ہے جسے تم جھٹلایا کرتے تھے ۔

18
ہرگز نہیں، بے شک نیک لوگوں کا اعمال نامہ یقینا بہت ہی اونچے لوگوں کے دفتر میں ہے ۔

19
اور تجھے کس چیز نے معلوم کروایا کہ بہت ہی اونچے لوگوں کا دفترکیا ہے؟

20
ایک کتاب ہے، واضح لکھی ہوئی ۔

21
جس کے پاس مقرب (فرشتے )حاضر رہتے ہیں۔

22
بے شک نیک لوگ یقینا بڑی نعمت میں ہوں گے۔

23
تختوں پر (بیٹھے) دیکھ رہے ہوں گے ۔

24
تو ان کے چہروں میں نعمت کی تازگی پہچانے گا۔

25
انھیں ایسی خالص شراب پلائی جائے گی جس پر مہر لگی ہو گی۔

26
اس کی مہر کستوری ہو گی اور اسی (کو حاصل کرنے) میں ان لوگوں کو مقابلہ کرنا لازم ہے جو (کسی چیز کے حاصل کرنے میں) مقابلہ کرنے والے ہیں۔

27
اور اس کی ملاوٹ تسنیم سے ہو گی۔

28
جو ایک چشمہ ہے، جس سے مقرب لوگ پییں گے۔

29
بے شک وہ لوگ جنھوں نے جرم کیے،ان لوگوں پر جو ایمان لائے، ہنسا کرتے تھے۔

30
اور جب وہ ان کے پاس سے گزرتے تو ایک دوسرے کو آنکھوں سے اشارے کیا کرتے تھے۔

31
اور جب اپنے گھر والوں کے پاس واپس آتے تو خوش گپیاں کرتے ہوئے واپس آتے تھے ۔

32
اور جب انھیں دیکھتے تو کہا کرتے تھے بلاشبہ یہ لوگ یقینا گمراہ ہیں ۔

33
حالانکہ وہ ان پر نگہبان بنا کر نہیں بھیجے گئے تھے۔

34
سو آج وہ لوگ جو ایمان لائے، کافروں پر ہنس رہے ہیں۔

35
تختوں پر (بیٹھے) نظارہ کر رہے ہیں۔

36
کیا کافروں کو اس کا بدلہ دیا گیا جو وہ کیا کرتے تھے؟