قرآن مجيد

سورة الانشقاق
اپنا مطلوبہ لفظ تلاش کیجئیے۔

نمبر آیات تفسیر

1
جب آسمان پھٹ جائے گا ۔

2
اور اپنے رب کے حکم پر کان لگائے گا اور یہی اس کا حق ہے۔

3
اور جب زمین پھیلا دی جائے گی۔

4
اور اس میں جو کچھ ہے اسے باہر پھینک دے گی اور خالی ہو جائے گی ۔

5
اور اپنے رب کے حکم پر کان لگائے گی اور یہی اس کا حق ہے۔

6
اے انسان! بے شک تو مشقت کرتے کرتے اپنے رب کی طرف جانے والا ہے، سخت مشقت، پھر اس سے ملنے والا ہے ۔

7
پس لیکن وہ شخص جسے اس کا اعمال نامہ اس کے دائیں ہاتھ میں دیا گیا ۔

8
سو عنقریب اس سے حساب لیا جائے گا، نہایت آسان حساب۔

9
اور وہ اپنے گھر والوں کی طرف خوش خوش واپس آئے گا۔

10
اور لیکن وہ شخص جسے اس کا اعمال نامہ اس کی پیٹھ کے پیچھے دیا گیا ۔

11
تو عنقریب وہ بڑی ہلاکت کو پکارے گا ۔

12
اور بھڑکتی آگ میں داخل ہوگا ۔

13
بلاشبہ وہ اپنے گھر والوں میں خوش تھا۔

14
یقینا اس نے سمجھا تھا کہ وہ کبھی ( اپنے رب کی طرف) واپس نہیں لوٹے گا ۔

15
کیوں نہیں ! یقینا اس کا رب اسے خوب دیکھنے والا تھا۔

16
پس نہیں، میں شفق کی قسم کھاتا ہوں!

17
اور رات کی اور اس چیز کی جسے وہ جمع کرتی ہے!

18
اور چاند کی، جب وہ پورا ہوتا ہے !

19
کہ تم ضرور ہی ایک حالت سے دوسری حالت کو چڑھتے جاؤ گے ۔

20
تو انھیں کیا ہے کہ وہ ایمان نہیں لاتے ۔

21
اور جب ان کے سامنے قرآن پڑھا جاتا ہے تو وہ سجدہ نہیں کرتے۔

22
بلکہ وہ لوگ جنھوں نے کفر کیا جھٹلاتے ہیں۔

23
اور اللہ زیادہ جاننے والا ہے جو کچھ وہ جمع کررہے ہیں ۔

24
پس انھیں ایک دردناک عذاب کی خوش خبری دے دے۔

25
مگر وہ لوگ جو ایمان لائے اور انھوں نے نیک عمل کیے، ان کے لیے نہ ختم ہونے والا اجر ہے۔