قرآن مجيد

سورة الفجر
اپنا مطلوبہ لفظ تلاش کیجئیے۔

نمبر آیات تفسیر

1
قسم ہے فجر کی !

2
اور دس راتوں کی !

3
اور جفت اور طاق کی !

4
اور رات کی جب وہ چلتی ہے !

5
یقینا اس میں عقل والے کے لیے بڑی قسم ہے۔

6
کیا تو نے نہیں دیکھا کہ تیرے رب نے عاد کے ساتھ کس طرح کیا۔

7
( وہ عاد) جو ارم ( قبیلہ کے لوگ) تھے، ستونوں والے۔

8
وہ کہ ان جیسا کوئی شہروں میں پیدا نہیں کیا گیا۔

9
اور ثمود کے ساتھ ( کس طرح کیا) جنھوں نے وادی میں چٹانوں کو تراشا۔

10
اور میخوں والے فرعون کے ساتھ ( کس طرح کیا)۔

11
وہ لوگ جو شہروں میں حد سے بڑھ گئے۔

12
پس انھوں نے ان میں بہت زیادہ فساد پھیلا دیا۔

13
تو تیرے رب نے ان پر عذاب کا کوڑا برسایا۔

14
بے شک تیرا رب یقینا گھات میں ہے۔

15
پس لیکن انسان جب اس کا رب اسے آزمائے، پھر اسے عزت بخشے اور اسے نعمت دے تو کہتا ہے میرے رب نے مجھے عزت بخشی۔

16
اور لیکن جب وہ اسے آزمائے، پھر اس پر اس کا رزق تنگ کردے تو کہتا ہے میرے رب نے مجھے ذلیل کر دیا۔

17
ہرگز ایسا نہیں، بلکہ تم یتیم کی عزت نہیں کرتے۔

18
اور نہ تم آپس میں مسکین کو کھانا کھلانے کی ترغیب دیتے ہو۔

19
اور تم میراث کھا جاتے ہو، سب سمیٹ کر کھا جانا۔

20
اور مال سے محبت کرتے ہو، بہت زیادہ محبت کرنا ۔

21
ہرگز نہیں، جب زمین کوٹ کوٹ کر ریزہ ریزہ کر دی جائے گی۔

22
اور تیرا رب آئے گا اور فرشتے جو صف در صف ہوں گے ۔

23
اور اس دن جہنم کو لایا جائے گا، اس دن انسان نصیحت حاصل کرے گا اور ( اس وقت) اس کے لیے نصیحت کہاں۔

24
کہے گا اے کاش! میں نے اپنی زندگی کے لیے آگے بھیجا ہوتا۔

25
پس اس دن اس کے عذاب جیسا عذاب کوئی نہیں کرے گا ۔

26
اور نہ اس کے باندھنے جیسا کوئی باندھے گا ۔

27
اے اطمینان والی جان !

28
اپنے رب کی طرف لوٹ آ، اس حال میں کہ تو راضی ہے، پسند کی ہوئی ہے۔

29
پس میرے ( خاص) بندوں میں داخل ہو جا۔

30
اور میری جنت میں داخل ہو جا ۔