لفظ وضاحت

اِنْبَذَ
”نَبَذَ“ کے معنی کسی چیز کو نہ قابل التفات سمجھ کر پھینک دینا۔ اور ”اِنْتَبَذَ“ کے معنی خود احساس کمتری میں مبتلا ہو کر دوسروں سے علیحدہ ہو جانے کے ہیں۔

متعلقہ اردو لفظ اور اس کے عربی مترادف

الگ ہونا، جدا ہونا، علیحدہ ہونا
”الگ ہونا“ کے لیے ”خَلَا“ ، ”(خلو)“ ، ”خَلَصَ“ ، ”فَصَلَ“ ، ”اِنْبَذَ“ ”(نبذ)“ ، ”تَزَيَّلَ“ ”(زيل)“ اور ”تَجَافيٰ“ ، ”(جفو)“ کے الفاظ قرآن کریم میں آئے ہیں۔
روٹ:ف ر ق
تَفَرَّقَ
تَجَمُّع کی ضد ہے۔ یعنی الگ الگ اور متفرق ہو جانا۔ پھٹ کر علیحدہ علیحدہ ہو جانا( منجد)۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا
”اور سب مل کر خدا کی( ہدایت کی) رسی کو مضبوط پکڑے رہنا اور متفرق نہ ہونا۔“
[3-آل عمران:103]

روٹ:ع ز ل
اِعْتَزَلَ
کسی چیز سے کنارہ کش ہو جانا خواہ کسی کام سے یا عقیدہ سے۔ یعنی خواہ یا کنارہ کشی ظاہری ہو یا معنوی سب صورتوں میں اِعْتَزَلَ استعمال ہوتا ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَإِنْ لَمْ تُؤْمِنُوا لِي فَاعْتَزِلُونِ
”اگر تم مجھ پر ایمان نہیں لاتے تو مجھ سے الگ ہو جاؤ۔“
[44-الدخان:21]

روٹ:ج ن ب
تَجَنَّبَ
ایک طرف ہو کر دور رہنا۔ پہلو تہی کرنا :
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَيَتَجَنَّبُهَا الْأَشْقَى
”جو خوف رکھتا ہے وہ تو نصیحت پکڑے گا اور( بے خوف) بدبخت پہلو تہی کرے گا۔“
[87-الأعلى:11]

روٹ:م ي ز
امتاز
کسی فضیلت اور ترجیح کی بنیاد پر اچھی چیز کا بری سے یا بری چیز کا اچھی سے الگ ہو جانا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَامْتَازُوا الْيَوْمَ أَيُّهَا الْمُجْرِمُونَ
”اور گنہگارو! تم آج الگ ہو جاؤ۔“
[36-يس:59]

روٹ:خ ل و
خَلَا
خلاء خالی جگہ کو کہتے ہیں جہاں عمارت و مکان وغیرہ کچھ نہ ہو۔ یہ لفظ زمان و مکان دونوں کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ جیسے خلا الزمان کے معنی زمانہ گزر گیا اور ظرف مکانی کے لحاظ سے خلا الرجل کے معنی کسی کے ساتھ علیحدگی(خلوت) میں ملاقات کرنا ہوگا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَإِذَا خَلَوْا إِلَى شَيَاطِينِهِمْ قَالُوا إِنَّا مَعَكُمْ
”اور جب تنہا ہوتے ہیں اپنے شیطانوں کے پاس تو کہتے ہیں۔ بے شک ہم تمہارے ساتھ ہیں۔(عثمانیؒ)“
[2-البقرة:14]

روٹ:خ ل ص
خَلَصَ
کسی چیز کو آمیزش سے پاک کرنا اور اس سے ملاوٹ علیحدہ کرنا اور اس کی ضد خَلَطَ ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
فَلَمَّا اسْتَيْأَسُوا مِنْهُ خَلَصُوا نَجِيًّا
”جب وہ اس سے ناامید ہوگئے تو الگ ہوکر صلح کرنے لگے۔“
[12-يوسف:80]
یعنی آپس میں میں مشورہ کرنے کے لیے دوسرے لوگوں سے الگ ہو کر کہیں جا بیٹھے۔

روٹ:ف ص ل
فَصَلَ
دو چیزوں کا یوں علیحدہ ہونا کہ ان میں فاصلہ ہو جائے کسی مقام سے روانہ ہو جانا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
فَلَمَّا فَصَلَ طَالُوتُ بِالْجُنُودِ قَالَ إِنَّ اللَّهَ مُبْتَلِيكُمْ بِنَهَرٍ
”غرض جب طالوت فوجیں لے کر روانہ ہوا تو اس نے( ان سے) کہا، کہ خدا ایک نہر سے تمہاری آزمائش کرنے والا ہے۔“
[2-البقرة:249]

روٹ:ن ب ذ
اِنْبَذَ
”نَبَذَ“ کے معنی کسی چیز کو نہ قابل التفات سمجھ کر پھینک دینا۔ اور ”اِنْتَبَذَ“ کے معنی خود احساس کمتری میں مبتلا ہو کر دوسروں سے علیحدہ ہو جانے کے ہیں۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ مَرْيَمَ إِذِ انْتَبَذَتْ مِنْ أَهْلِهَا مَكَانًا شَرْقِيًّا
”اور کتاب( قرآن) میں مریم کا بھی تذکرہ کرو۔ جب وہ اپنے لوگوں سے الگ ہوکر مشرق کی طرف چلی گئیں۔“
[19-مريم:16]
اس مقام پر حضرت مریم کے لیے انتبذ کا لفظ اس لیے استعمال ہوا ہے کہ وہ حضرت عیسی علیہ السلام کے حمل کی وجہ سے لوگوں کے اعتراضات اور طعن و تشنیع سے بچنے کے لئے لوگوں سے علیحدہ ہو کر شرقی مکان میں عزلت نشین ہو گئی تھیں ۔

روٹ:ز ي ل
تَزَیَّلَ
زال کے معنی چیز کو اس کی جگہ سے ہٹا دینا(مف) اسی نسبت سے تزیل کے معنی کسی چیز کا اپنی جگہ چھوڑ کر ادھر ادھر ہو جانا۔ ہٹ کر پڑے ہوجانا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
لَوْ تَزَيَّلُوا لَعَذَّبْنَا الَّذِينَ كَفَرُوا مِنْهُمْ عَذَابًا أَلِيمًا
”اور اگر وہ الگ ہوجاتے تو جو ان میں کافر تھے ہم ان کو دکھ دینے والا عذاب دیتے۔“
[48-الفتح:25]

روٹ:ج ف و
تَجَافي
جَفْوَةٌ اور جَفَاءٌ کے معنی ظلم اور جفا یجفوا کے معنی ایک جگہ قرار نہ پکڑنا ہے( منجد) اور اسی نسبت سے تَجَافيٰ کا معنی بے قراری کی وجہ سے اپنی جگہ بدلنا یا اس جگہ سے الگ رہنا ہیں۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
تَتَجَافَى جُنُوبُهُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ يَدْعُونَ رَبَّهُمْ خَوْفًا وَطَمَعًا
”ان کے پہلو میں بچھنوں سے الگ رہتے ہیں( اور) وہ اپنے پروردگار کو خوف اور امید سے پکارتے ہیں۔“
[32-السجدة:16]



ماحصل

نمبر لفظ مختصر وضاحت
1
تَفَرَّقَ
جماعت سے الگ اور متفرق ہو جانا۔
2
اِعْتَزَلَ
کسی کام سے یا عقیدہ سے یا انسانوں سے کنارہ کشی اختیار کر لینا۔
3
تَجَنَّبَ
کسی چیز سے الگ ہو کر دور چلے جانا تا کہ مصیبت سے نجات ہو۔
4
امتاز
کسی خصوصیت کی بنا پر دوسروں سے الگ ہونا۔
5
خَلَا
تنہائی میں ملنے کے لیے علیحدہ ہونا۔
6
خَلَصَ
آمیزش کا اصل چیز سے الگ ہونا اور خالص باقی رہ جانا۔
7
فَصَلَ
کسی مقام سے روانہ ہو جانا
8
اِنْبَذَ
احساس کمتری کی بناپر دوسروں سے الگ ہونا۔
9
تَزَیَّلَ
اپنی جگہ چھوڑ دینا اور ہٹ کر علیحدہ ہونا۔
10
تَجَافي
بے قراری کی وجہ سے کسی چیز سے الگ ہونا۔

نوٹ:
الفاظ کی یہ فہرست ہر ہفتہ آپڈیٹ ہوتی ہے ، نئے الفاظ شامل کیے جاتے ہیں لہذا دوبارہ وزٹ کیجئے ، اگر کوئی غلطی نظر آئے یا تجاویز دینا چاہیں تو اطلاع دیجیے۔

Abu Talha
Whatsapp: +92 0331-5902482

Email: islamicurdubooks@gmail.com