لفظ وضاحت

جَرٰي
جَرْیًا وَجِرْیَانًا اپنی اصل کے لحاظ سے یہ لفظ پانی اور اسی طرح کے سیال چیزوں کے بہنے اور بہتے جانے کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔

متعلقہ اردو لفظ اور اس کے عربی مترادف

بہانہ اور بہنا
”بہانہ اور بہنا“ کے لیے ”اَسَالَ“ ، ”اَفَاض“ ، ”سَكَبَ“ ، ”سَفَكَ“ ، ”سَفَحَ“ ، ”فَجَر“ اور ”جَرٰي“ کے الفاظ آئے ہیں۔
روٹ:س ي ل
اَسَالَ
سَالَ (سیل) کے معنی (مائع اشیاء کا) بہانہ یا بہ نکلنا اور سیل کے معنی بہنے والا پانی ، سیلاب اور سیّال بمعنی زور سے بہنے والا نیز ہر بہنے والی چیز کو سیّال کہتے ہیں اور اَسَالَ کے معنی (کسی بہنے والی یا مائع چیز) کو بہا دینا ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
وَأَسَلْنَا لَهُ عَيْنَ الْقِطْرِ
”اور اس داؤد علیہ السلام کے لیے ہم نے تانبے کا چشمہ بہا دیا تھا۔“
[34-سبأ:12]

روٹ:ف ي ض
اَفَاض
فاض (فیض )کے معنی کسی چیز کا بسہولت جاری ہو جانا یا پانی کا کسی جگہ سے اچھل کر بہ نکلنا ، کہتے ہیں اَفَاضَ السَّیْل پانی کا کثرت سے ہونا اور وادی کے کناروں سے بہ نکلنا اور فَاضَتْ عَیْنٰهُ یعنی اس کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے اور افاض کے معنی (پانی وغیرہ کا) بسہولت بہانا کہتے ہیں۔ اَفَاضَ اِنَاهُ اس نے اپنا برتن لبالب بھرا کہ پانی اوپر سے نیچے گرنے لگا ، گویا اس کا اصل معنی اور (overflow) ہونا ہے ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
وَنَادَى أَصْحَابُ النَّارِ أَصْحَابَ الْجَنَّةِ أَنْ أَفِيضُوا عَلَيْنَا مِنَ الْمَاءِ
”اور دوزخی بہشتیوں سے (گڑگڑا کر) کہیں گے کہ کسی قدر زائد پانی ہم پر بھی بہا دو۔“
[7-الأعراف:50]

روٹ:س ك ب
سَکَبَ
کے معنی ( پانی وغیرہ کا) گرانا اور بہانہ ہے اور السَکْب لگاتار بارش کو یا موٹے موٹے قطروں والی بارش کو کہتے ہیں۔ جس کا پانی بہہ نکلے اور الاُسْکُوْب بمعنی لگاتار جھڑی ، گویا سَکَبَ میں پانی وغیرہ کے گرنے یا بہنے کے ساتھ تسلسل یا دوام کا تصور بھی پایا جاتا ہے ۔ اور مَاءٍ مَّسْکُوْب بمعنی جَارٍ دَائِمًا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
وَمَاءٍ مَسْكُوبٍ
”اور سایہ لمبا اور پانی بہتا ہوا۔ (عثمانی )“
[56-الواقعة:31]

روٹ:س ف ك
سَفَکَ
بمعنی خون یا پانی بہانا ، لیکن اس کا اطلاق زیادہ تر خون بہانے پر ہوتا ہے اور سفّاک خونریز انسان کو کہتے ہیں۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
وَإِذْ أَخَذْنَا مِيثَاقَكُمْ لَا تَسْفِكُونَ دِمَاءَكُمْ
”اور جب ہم نے تم سے عہد لیا کے آپس میں کشت و خون نہ کرو۔“
[2-البقرة:84]

روٹ:س ف ح
سَفَحَ
کے معنی بھی لغوی لحاظ سے خون یا پانی بہانے کے ہیں اور بمعنی کسی بہنے والی چیز کا سرعت سے بہنا اور جاری ہونا ، قرآن میں دَمًا مَّسْفُوْحًا بہتا ہوا خون کے معنوں میں آیا ہے ، تاہم اس عموما استعمال منی کا پانی ناجائز طور پر بہانے یا بدکاری کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ مُسَافِحٌ کے معنی بدکار مرد اور مُسِافِحَة بمعنی بدکار عورت۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
وَأُحِلَّ لَكُمْ مَا وَرَاءَ ذَلِكُمْ أَنْ تَبْتَغُوا بِأَمْوَالِكُمْ مُحْصِنِينَ غَيْرَ مُسَافِحِينَ
”اور ان (محرمات )کے علاوہ اور سب عورتیں تم پر حلال ہیں۔ اس طرح کے مال خرچ کرکے ان سے نکاح کر لو بشرطیکہ نکاح سے مقصود و عفت قائم رکھنا ہو ، نہ کہ شہوت رانی۔“
[4-النساء:24]

روٹ:ف ج ر
فَجَر
کے اصل معنی کسی چیز کو وسیع طور پر پھاڑنا کے ہیں ، بہنے والی چیزوں کے متعلق اس کا استعمال وسعت پر دلالت کرتا ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
وَقَالُوا لَنْ نُؤْمِنَ لَكَ حَتَّى تَفْجُرَ لَنَا مِنَ الْأَرْضِ يَنْبُوعًا
”اور کافر کہنے لگے ہم تجھ پر ہرگز ایمان نہیں لائیں گے تاکہ تم ہمارے لیے زمین سے چشمہ نہ بہادو۔“
[17-الإسراء:90]

روٹ:ج ر ي
جَرٰي
جَرْیًا وَجِرْیَانًا اپنی اصل کے لحاظ سے یہ لفظ پانی اور اسی طرح کے سیال چیزوں کے بہنے اور بہتے جانے کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
فِيهَا عَيْنٌ جَارِيَةٌ
”اس (جنت ) میں چشمہ سے بہتا ہوا۔“
[88-الغاشية:12]
پھر یہ لفظ ہر اس چیز کے لیے استعمال ہونے لگا جو دور تک یا دیر تک بہتی اور چلتی رہتی ہیں۔ ¤ گویا ظرف زمانی اور مکانی دونوں صورتوں میں اس کا استعمال عام ہو گیا۔ جیسے ہواؤں یا شمس و قمر کے چلنے اور چلتے رہنے کے لیے اس کا استعمال قرآن کریم میں موجود ہے ۔ پھر اس کا استعمال معنوی طور پر بھی ہوتا ہے سنت جاریہ مشہور لفظ ہے ۔



ماحصل

نمبر لفظ مختصر وضاحت
1
اَسَالَ
کسی بھی بہنے والی چیز کو بہانا۔
2
اَفَاض
کسی بہنے والی چیز کا کنارے سے بہنے لگنا۔
3
سَکَبَ
کسی بہنے والی چیز کا بکثرت گرانا کہ وہ بہہ نکلے ۔
4
سَفَکَ
خون بہانا کے لیے عام استعمال ہے ۔
5
سَفَحَ
شہوت رانی کے لیے عام استعمال ہے۔
6
فَجَر
کسی چیز کا وسیع و عریض رقبہ میں بہنا۔
7
جَرٰي
کسی چیز کا دور تک یا دیر تک بہتے یا چلتے جانا ہے۔

نوٹ:
الفاظ کی یہ فہرست ہر ہفتہ آپڈیٹ ہوتی ہے ، نئے الفاظ شامل کیے جاتے ہیں لہذا دوبارہ وزٹ کیجئے ، اگر کوئی غلطی نظر آئے یا تجاویز دینا چاہیں تو اطلاع دیجیے۔

Abu Talha
Whatsapp: +92 0331-5902482

Email: islamicurdubooks@gmail.com