علوم حدیث میں امام خطیب بغدادی رحمہ اللہ کی کتب کی اہمیت ایک مسلمہ حقیقت ہے ، محدثین نے ان کتب سے بہت فائدہ لیا ، بلکہ امام خطیب بغدادی کے بعد جو بھی کتب علوم حدیث میں لکھی گئی ہیں ، وہ اکثر ان ہی کی کتب سے ماخوذ ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ محدثین نے ان کی کتب کی بہت اہمیت بیان کی ہے۔
توفیق الہی سے راقم فقیر نے علوم حدیث کی کتب اپنے دورکے کبار محدثین سے پڑھیں ، وہ بطور مراجع ہمیں امام خطیب بغدادی کی کتب کی طرف رجوع کرنے پر بہت زور دیتے تھے۔
راقم نے اپنےعلوم حدیث کے دورہ جات میں امام خطیب بغدادی کی بعض کتب پر دورہ جات بھی کروائے۔
راقم نے یہ کمی محسوس کی کہ طلبہ علوم نبوت امام خطیب کی علوم حدیث کی بغدادی رحمہ اللہ کی کتب سے بہت دور ہو چکے ہیں ،حالانکہ یہ کتب علوم حدیث میں اصل کی حیثیت ہیں ، جو بھی ان کتب کو لازم پکڑے گا وہ علوم حدیث میں بہت پختہ ہوگا ۔ ان شاء اللہ
استخارہ کیا اور کبار
شیوخ سے مشورہ کیا تو ذہن واضح ہوا کہ امام خطیب بغدادی کی متداول 19 کتب جو بہت ہی اہم ہیں ان کی تقریب کرکے ان کو اکٹھا شائع کیا جائے تاکہ طلبہ میں یہ کتب عام ہوں۔
اس عظیم مقصد کے لیے ہم نے ان کی 19 کتب سے علوم حدیث کی بحوث کو ایک اچھی اور آسان ترتیب کے ساتھ جمع کردیا ہے۔ والحمد للہ
ہمارا منہج :
1۔ احادیث و آثار کی طویل سندوں کو حذف کردیا ہے۔
2۔ ہر مسئلہ میں کم از کم مثالوں پر اکتفا کیا ہے۔
3۔ امام خطیب بغدادی کے اپنے کلام کو پورے اہتمام کے ساتھ جمع کیا ہے۔
4۔ علوم حدیث کی عام متداول ترتیب کے مطابقت بحوث کو جمع کیا ہے۔
5۔ تمام احادیث و آثار کی مختصر تخریج کر دی ہے۔
6۔ ہر ہر فائدے کا حوالے کااہتمام کیا ہے تاکہ طلبہ کا اصل کتب تک پہنچا آسان ہو۔
تلخیص کے وقت امام خطیب بغدادی رحمہ اللہ کی درج ذیل کتب ہمارے سامنے تھیں :
1. الكفاية في علم الرواية
2. الجامع لأخلاق الراوي وآداب السامع
3. الفقيه والمتفقه
4. اقتضاء العلم العمل
5. الأسماء المبهمة في الأنباء المحكمة
6. الاحتجاج بالشافعي
7. الرحلة في طلب الحديث
8. السابق واللاحق في تباعد ما بين وفاة راويين عن شيخ واحد
9. الفصل للوصل المدرج في النقل
10. المؤتنف تكملة المؤتلف والمختلف
11. المتفق والمفترق
12. تاريخ بغداد (أو مدينة السلام)
13. تلخيص المتشابه في الرسم،
14. تالي تلخيص المتشابه
15. تقييد العلم
16. شرف أصحاب الحديث
17. غنية الملتمس ايضاح الملتبس
18. موضح أوهام الجمع والتفريق
19. نصيحة أهل الحديث
فوائد :
اس عظیم مشروع کے کئی ایک فوائد میں سے چند درج ذیل ہیں۔
1۔ امام خطیب بغدادی کی تمام متداول کتب سے پہلی بار علوم حدیث کی تمام بحوث کو جمع کرنا۔
2۔ طلبہ علوم نبوت میں امام خطیب بغدادی کی علوم حدیث کی بحوث کو عام کرنا۔
3۔ اگر امام خطیب بغدادی نے ایک ہی مسئلہ پر اپنی متعدد کتب میں بحث کی ہے تو ہم نے تمام کتب کے فوائد کو ای ہی جگہ ایک جمع کردیا ہے۔
اس منصوبہ کی تیاری میں محترم جناب عبدالمہیمن نعیم اور محترم جناب فرخ چوہدری حفظہما اللہ نے ہرطرح میرا ساتھ دیا ۔ فجزاہما اللہ خیرا۔
اللہ تعالی ہمارے اس منصوبہ کو خیر و برکت کا ذریعہ بنائے اور دارابن بشیر کی انتظامیہ اور مخلصین کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین