الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:


مختصر صحيح بخاري
نماز کے مسائل
47. کچے لہسن اور پیاز اور گندنا کے باب میں جو حدیث آئی ہے اس کا بیان۔
حدیث نمبر: 485
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اس پودے یعنی لہسن میں سے کھائے، وہ ہماری مسجد میں ہم سے نہ ملے۔ راوی (عطاء) کہتے ہیں کہ میں نے پوچھا کہا کہ کس قسم کا لہسن مراد ہے؟ تو سیدنا جابر رضی اللہ عنہ بولے کہ میں یہی جانتا ہوں کہ کچا لہسن مراد ہے یا لہسن کی بدبو مراد ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 485]
حدیث نمبر: 486
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص لہسن یا پیاز کھائے وہ ہم سے علیحدہ رہے۔ یا یہ فرمایا: ہماری مسجد سے علیحدہ رہے اور اپنے گھر میں بیٹھے اور ایک مرتبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک ہنڈیا لائی گئی جس میں چند سبزیاں (پکی ہوئی) تھیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں کچھ بو پائی تو دریافت فرمایا: اس میں کیا ہے؟ تو جتنی سبزیاں اس میں تھیں وہ سب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بتا دی گئیں پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے میرے بعض صحابہ کی طرف (جو اس وقت) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھے، قریب کر دو۔ پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے دیکھا کہ اس صحابی نے بھی یہ سبزیاں کھانا ناپسند کیا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم کھاؤ (میں نہ کھاؤں گا) کیونکہ میں اس سے سرگوشیاں کرتا ہوں جس سے تم سرگوشیاں نہیں کرتے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 486]
حدیث نمبر: 487
اسی طرح ایک دوسری روایت میں ہے (ابن وھب کہتے ہیں) کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک بدر یعنی تھال یا بڑی پلیٹ لائی گئی جس میں سبزیاں تھیں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 487]