الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


سلسله احاديث صحيحه کل احادیث (4103)
حدیث نمبر سے تلاش:

سلسله احاديث صحيحه
الفتن و اشراط الساعة والبعث
فتنے، علامات قیامت اور حشر
حدیث نمبر: 3598
-" * (علمها عند ربي لا يجليها لوقتها إلا هو) * ولكن أخبركم بمشاريطها، وما يكون بين يديها: إن بين يديها فتنة وهرجا. قالوا: يا رسول الله! الفتنة قد عرفناها فالهرج ما هو؟ قال: بلسان الحبشة: القتل، ويلقى بين الناس التناكر فلا يكاد أحد أن يعرف أحدا".
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قیامت کے بارے میں سوال کیا گیا۔ آپ نے جواباً یہ آیت پڑھی: اس کا علم میرے رب ہی کے پاس ہے، اس کے وقت پر اس کو سوائے اللہ کے کوئی اور ظاہر نہ کرے گا۔ (‏‏‏‏سورۂ اعراف: ۱۸۷) پھر فرمایا: البتہ میں تمہارے لیے اس کی علامتوں اور اس سے پہلے امور کی نشاندہی کر دیتا ہوں۔ اس سے پہلے فتنہ اور ہرج ہو گا۔ ‏‏‏‏صحابہ نے کہا: ہمیں فتنے کے مفہوم کا تو علم ہے، ہرج سے کیا مراد ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ‏‏‏‏یہ حبشی زبان کا لفظ ہے، اس کے معنی ‏‏‏‏قتل ‏‏‏‏کے ہیں، اور (‏‏‏‏قیامت سے پہلے) لوگوں میں اجنبیت پائی جائے گی، کوئی کسی کو نہیں پہچانے گا۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3598]
2331. قیامت کی پہلی بڑی علامت، آگ کا لوگوں کو شام میں جمع کرنا
حدیث نمبر: 3599
- (أمّا أولُ أشْراطِ السّاعةِ؛ فنارٌ تخرجُ من المشْرقِ، فتحشرُ النّاسَ إلى المغربِ، وأمّا أوّلُ ما يأْكلُ منه أهْلُ الجنّة؛ زيادةُ كبِدِ الحوتِ، وأمّا شَبَهُ الولَد أباهُ وأمَّه؛ فإذا سبقَ ماءُ الرجُل ماءَ المرأةِ؛ نزعَ إليه الولدُ، وإذا سبقَ ماءُ المرأةِ ماءَ الرجُل؛ نزعَ إليها).
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں تشریف لائے تو سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا: اے اللہ کے رسول! میں آپ سے تین چیزوں کے بارے میں سوال کروں گا، صرف نبی کو ان کا علم ہوتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پوچھو۔ انہوں نے کہا: قیامت کی پہلی علامت کون سی ہے؟ جنتی لوگ سب سے پہلے کون سی چیز کھائیں گے؟ اور بچے کی اپنے باپ یا ماں سے مشابہت کیسے ہوتی ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جبریل علیہ السلام نے مجھے ابھی ابھی یہ باتیں بتلائی ہیں۔ انھوں نے کہا: یہ فرشتہ تو یہودیوں کا دشمن ہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قیامت کی پہلی علامت ہو گی کہ مشرق سے آگ نکلے گی، وہ لوگوں کو مغرب کی طرف اکٹھا کرے گی، جنتی لوگ سب سے پہلے مچھلی کے جگر کا بڑھا ہوا حصہ کھائیں گے اور رہا مسئلہ بچے کا اپنے باپ یا ماں سے مشابہ ہونا تو جب مرد کا مادہ منویہ عورت کے پانی سے سبقت لے جاتا ہے تو بچے کی اس سے مشابہت ہو جاتی ہے اور جب عورت کا مادۂ منویہ مرد کے پانی پر غالب آ جاتا ہے تو اسے مشابہت ہو جاتی ہے۔ سیدنا عبداللہ بن سلام نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ ہی برحق ہے اور آپ اللہ کے رسول ہیں۔ مزید کہا: اے اللہ کے رسول! بیشک یہودی لوگ الزام تراش ہیں جب انہیں میرے اسلام کا پتہ چلے گا تو وہ مجھ پر جھوٹے الزامات دھریں گے۔ آپ اس طرح کریں کہ ان کو بلائیں اور میرے بارے میں یوں پوچھیں: تم میں یہ ابن سلام کون اور کیسا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو بلایا اور پوچھا: تم میں یہ عبداللہ بن سلام کون اور کیسا ہے؟، انہوں نے کہا: وہ بہترین فرد ہے اور بہترین باپ کا بیٹا ہے اور وہ عالم ہے اور عالم باپ کا بیٹا ہے اور وہ بہت عظیم فقیہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا: اگر وہ مسلمان ہو جائے تو کیا تم بھی مسلمان ہو جاؤ گے؟ انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ اسے اس طرح کرنے سے بچائے رکھے۔ اتنے میں سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ نکلے اور کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ ہی معبود برحق ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں۔ یہ سن کر وہ کہنے لگ گئے: یہ بدترین آدمی ہے اور بدترین باپ کا بیٹا ہے اور جاہل ہے اور جاہل باپ کا بیٹا ہے۔ ابن سلام نے کہا: یہی بات ہے جس کا مجھے اندیشہ تھا۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3599]
حدیث نمبر: 3600
-" ستخرج نار قبل يوم القيامة من بحر حضرموت تحشر الناس، قالوا: يا رسول لله! فما تأمرنا؟ قال: عليكم بالشام".
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عنقریب روز قیامت سے قبل بحر خضر موت سے آگ نکلے گی، وہ لوگوں کو جمع کرے گی۔ صحابہ نے کہا: اے اللہ کے رسول! (‏‏‏‏ ‏‏‏‏ایسے وقت کا سامنا کرنے کے لیے) آپ ہمیں کیا حکم دیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ‏‏‏‏شام کو لازم پکڑنا۔ ‏‏‏‏ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3600]
2332. قیامت قریب ہے
حدیث نمبر: 3601
-" بعثت في نسم الساعة".
سیدنا ابوجبیرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے قیامت کے قریب مبعوث کیا گیا ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3601]
2333. قرب قیامت کی مثال
حدیث نمبر: 3602
- (إنْ يَعشْ هذا الغلامُ؛ فعسَى أنْ لا يدركَه الهَرَمُ حتّى تَقومَ السّاعةُ).
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا: قیامت کب برپا ہو گی؟ اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس محمد نامی انصاری بچہ موجود تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے جواب دیا: ا گر یہ بچہ زندہ رہا تو ممکن ہے کہ بوڑھا ہونے سے پہلے قیامت قائم ہو جائے۔ یہ حدیت سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی مروی ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3602]
حدیث نمبر: 3603
- (بُعثت والساعة كهاتين- وضمَّ إصبعيه الوسَّطى والتي تلي الإبهام-، وقال: ما مثلي ومثل الساعة إلا كفرسي رهان. ثم قال: ما مثلي ومثل الساعة إلا كمثل رجُلٍ بعثه قومٌ طليعةُ، فلمّا خشي أن يسبق؛ ألاح بثوبه: أتيتم أتيتم، أنا ذاك، أنا ذاك).
سیدنا سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے اور قیامت کو ان دو انگلیوں کی طرح قریب قریب بھیجا گیا ہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (‏‏‏‏تمثیل پیش کرتے ہوئے) شہادت والی اور بڑی انگلی کو آپس میں ملا دیا، نیز فرمایا: میری اور قیامت کی مثال مقابلے میں بھاگنے والے دو گھوڑوں کی طرح ہے (‏‏‏‏ جو ایک دوسرے کے قریب ہوتے ہیں)۔ پھر فرمایا: میری اور قیامت کی مثال اس آدمی کی طرح ہے، جسے لوگوں نے بطور جاسوس آگے بھیج دیا، اسے اندیشہ ہوا کہ دشمن تو مجھ سے پہلے پہنچ جائے گا تو اس نے کپڑا ہلایا اور کہا: تم دشمنوں کے سامنے آ گئے، تم دشمنوں کے سامنے آ گئے، میں یہ ہوں، میں یہ ہوں۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3603]
2334. میدان حشر کی طرف جاتے وقت لوگوں کی کیفیت
حدیث نمبر: 3604
- (يُحشر النّاسُ على ثلاثِ طرائقَ: راغبين وراهبين، واثنان على بعير، وثلاثةٌ على بعير، وأربعةٌ على بعير، وعشرةٌ على بعير، ويَحشرُ بقيتَهم النّارُ، تقيلُ معهم حيثُ قالُوا، وتبيتُ معهم حيثُ باتُوا، وتصبحُ معهم حيث أصبحُوا، وتُمسي معهم حيثُ أمسُوا).
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگ تین حالتوں پر جمع ہوں گے: رغبت کرنے والے اور ڈرنے والے، دو دو آدمی ایک اونٹ پر، تین تین آدمی ایک اونٹ پر، چار چار آدمی ایک اونٹ پر اور دس دس آدمی ایک اونٹ پر سوار ہو کر آئیں گے، باقی لوگوں کو آگ اکھٹا کرے گی، جہاں وہ قیلولہ کریں گے وہ وہاں قیلولہ کرے گی، جہاں وہ رات گزاریں گے وہ وہاں رات گزارے گی، جہاں وہ صبح کریں گے وہ وہاں صبح کرے گی اور جہاں وہ شام کریں گے وہ وہاں شام کرے گی۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3604]
2335. قریب قیامت کی سب سے بڑی نشانی مغرب سے سورج کا طلوع ہونا
حدیث نمبر: 3605
- (أول الآيات: طُلُوع الشمس من مغربها).
سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (‏‏‏‏قیامت کی بڑی بڑی علامات میں) سب سے پہلی نشانی مغرب سے سورج کا طلوع ہونا ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3605]
2336. کن علامات قیامت کے بعد ایمان مفید نہیں ہو گا، زمین کا چوپایہ
حدیث نمبر: 3606
- (ثلاثٌ إذا خرجنَ؛" لا ينفعُ نفساً إيمانُها لم تكن آمنت من قبل أو كسبت في إيمانها خيراً": طلوع الشمس من مغربها، والدجال، ودابة الأرض).
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (‏‏‏‏جب قیامت کی) تین علامتیں نمودار ہوں گی تو «لَا يَنْفَعُ نَفْسًا إِيمَانُهَا لَمْ تَكُنْ آمَنَتْ مِنْ قَبْلُ أَوْ كَسَبَتْ فِي إِيمَانِهَا خَيْرًا» (6-الأنعام:158)کسی ایسے شخص کا ایمان اس کے کام نہ آئےگا جو پہلے سے ایمان نہیں رکھتا یا اس نے اپنے ایمان میں کوئی نیک عمل نہ کیا ہو۔ (‏‏‏‏وہ تین نشانیاں یہ ہیں:) سورج کا مغرب سے طلوع ہونا، دجال اور زمین کا چوپایہ۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3606]
حدیث نمبر: 3607
-" تخرج الدابة، فتسم الناس على خراطيمهم، ثم يعمرون فيكم حتى يشترى الرجل البعير، فيقول: ممن اشتريته؟ فيقول: اشتريته من أحد المخطمين".
سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایک چوپایہ نکلے گا، وہ لوگوں کی ناک پر ایک علامت لگائے گا اور وہ لمبی عمریں پائیں گے، حتیٰ کہ ایک آدمی اونٹ خریدے گا۔ جب کوئی دوسرا اس سے پوچھے گا کہ تو نے یہ اونٹ کس سے خریدا ہے تو وہ جواب دے گا: میں نے یہ نشان زدہ لوگوں میں سے ایک آدمی سے خریدا تھا۔ [سلسله احاديث صحيحه/الفتن و اشراط الساعة والبعث/حدیث: 3607]

Previous    3    4    5    6    7    8    9    10    11    Next