الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
لباس کے بیان میں
8. پہلے بائیں طرف کا جوتا اتارنا چاہیے۔
حدیث نمبر: 1994
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو تم میں سے جوتے پہنے تو چاہیے کہ پہلے داہنی طرف کا پہنے اور جب اتارے تو پہلے بائیں طرف کا اتارے تاکہ داہنا پاؤں پہننے میں اول ہو اور نکالنے میں آخر ہو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1994]
9. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس قول کے بیان میں کہ ”میری مہر کا سا نقش کوئی نہ کھدوائے۔“
حدیث نمبر: 1995
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (اس دور کے رواج کے مطابق مہر وغیرہ لگانے کے لیے) چاندی کی ایک انگوٹھی لی اور اس پر محمد رسول اللہ کندہ کرایا اور فرمایا: میں نے چاندی کی ایک انگوٹھی لی ہے اور اس پر محمد رسول اللہ کھدوایا ہے، کسی کو جائز نہیں ہے کہ ایسے ہی کندہ کی ہوئی انگوٹھی بنوائے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1995]
10. (زنانوں اور ہیجڑوں کو) جو عورتوں کی مشابہت اختیار کریں گھر سے نکال دینا چاہیے۔
حدیث نمبر: 1996
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زنانے مخنث مردوں اور مردانہ عورتوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا: ان کو گھر سے نکال دو۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فلاں فلاں ایسے مخنث مردوں کو نکال دیا تھا اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فلاں فلاں ایسی مخنث عورتوں کو نکال دیا تھا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1996]
11. داڑھی کا چھوڑ دینا یعنی قینچی وغیرہ بالکل نہ لگانا۔
حدیث نمبر: 1997
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مشرکین کی مخالفت کرو اور داڑھی بڑھاؤ اور مونچھیں کتراؤ۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1997]
12. خضاب کا بیان۔
حدیث نمبر: 1998
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہود و نصاریٰ بالوں کو خضاب نہیں کرتے لہٰذا تم ان کے خلاف کرو۔ (یعنی خضاب کیا کرو۔ مگر سیاہ رنگ سے اجتناب ضروری ہے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1998]
13. گھونگھریالے بالوں کا ذکر۔
حدیث نمبر: 1999
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال نہ گھونگھریالے تھے نہ بہت سیدھے بلکہ معتدل اور متوسط حالت کے تھے اور کانوں اور کندھوں کے درمیان تک تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1999]
حدیث نمبر: 2000
سیدنا انس رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پاؤں پر گوشت تھے، چہرہ مبارک نہایت خوبصورت۔ میں نے ویسا خوبصورت نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے کسی کو دیکھا اور نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کسی دوسرے کو اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ کی ہتھیلیاں پھیلی ہوئی کشادہ تھیں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2000]
14. سر کے بعض حصہ کے بال کٹوانا اور بعض کے نہ کٹوانا۔
حدیث نمبر: 2001
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سر کے بعض حصہ کے بال کٹوانے اور بعض کے نہ کٹوانے سے منع فرمایا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2001]
15. عورت اپنے ہاتھ سے اپنے خاوند کو خوشبو لگائے۔
حدیث نمبر: 2002
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے ہاتھ سے، جو اس وقت کی سب سے عمدہ خوشبو تھی، لگایا کرتی تھی اور یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر اور داڑھی مبارک میں بھی مجھے خوشبو معلوم ہوتی تھی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2002]
16. جو شخص خوشبو کو رد نہ کرے اس کا بیان۔
حدیث نمبر: 2003
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خوشبو کے تحفے کو رد نہیں فرمایا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2003]

Previous    1    2    3    Next