الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
نماز کا بیان
14. سرخ کپڑے میں نماز پڑھنا (درست ہے)۔
حدیث نمبر: 248
سیدنا ابوحجیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو چمڑے کے ایک سرخ خیمہ میں دیکھا اور سیدنا بلال رضی اللہ عنہ کو میں نے دیکھا کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے وضو کا پانی لیا اور لوگوں کو میں نے دیکھا کو وہ اس وضو (کے پانی) کو دست بدست لینے لگے، پھر جس کو اس میں سے کچھ مل جاتا تو وہ اسے (اپنے چہرے پر) مل لیتا تھا اور جسے اس میں سے کچھ نہ ملتا وہ اپنے پاس والے کے ہاتھ سے تری لے لیتا، پھر میں نے سیدنا بلال رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ انھوں نے ایک چھوٹا نیزہ اٹھایا اور اسے گاڑ دیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک سرخ پوشاک میں (اپنی چادر) اٹھائے ہوئے برآمد ہوئے اور نیزے کی طرف لوگوں کے ساتھ دو رکعت نماز پڑھی اور میں نے لوگوں کو اور جانوروں کو دیکھا کہ وہ عنزہ کے آگے سے نکل جاتے تھے (یہاں غنزہ یا نیزہ کو بطور سترہ استعمال کیا گیا ہے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 248]
15. چھتوں پر اور منبر پر اور لکڑیوں پر نماز پڑھنا (درست ہے)۔
حدیث نمبر: 249
سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا کہ منبر (نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ) کس چیز کا تھا؟ تو وہ بولے اس بات کا جاننے والا لوگوں میں مجھ سے زیادہ (اب) کوئی نہیں (رہا)۔ وہ غابہ (جنگل) کے جھاؤ کا بنا ہوا تھا، اسے ایک عورت کے غلام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے بنایا تھا اور جب بنا کر رکھا گیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس پر کھڑے ہوئے اور قبلہ رو ہو کر تکبیر (تحریمہ) کہی اور لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے کھڑے ہوئے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآت کی اور رکوع فرمایا اور لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے رکوع کیا، پھر آپ نے اپنا سرمبارک اٹھایا، اس کے بعد پیچھے ہٹے یہاں تک کہ زمین پر سجدہ کیا، پھر منبر پر چڑھ گئے اور قرآت کی اور رکوع کیا پھر اپنا سر اٹھایا اور پیچھے ہٹے یہاں تک کہ زمین پر سجدہ کیا۔ پس منبر کا یہ قصہ تھا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 249]
16. چٹائی پر نماز پڑھنا (درست ہے)۔
حدیث نمبر: 250
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان کی نانی ملیکہ رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کھا نے کے لیے بلایا جو (خاص) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے انھوں نے تیار کیا تھا۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں سے کھایا، پھر فرمایا: کھڑے ہو جاؤ میں تمہارے لیے نماز پڑھ دوں۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں اپنی ایک چٹائی کی طرف متوجہ ہوا جو کثرت استعمال سے سیاہ ہو گئی تھی تو میں نے اسے پانی سے دھویا، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (اس پر) کھڑے ہو گئے اور میں نے اور ایک یتیم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے صف باندھ لی اور بڑھیا اور ہمارے پیچھے تھی، پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمارے لیے دو رکعتیں پڑھ دیں اور لوٹ گئے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 250]
17. بستر پر نماز پڑھنا (درست ہے)۔
حدیث نمبر: 251
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ کہتی ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے سو جاتی اور میرے دونوں پیر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سجدہ کی جگہ میں ہوتے تھے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدہ کرتے تھے تو مجھے دبا دیتے تھے، میں اپنے پیر سمیٹ لیتی تھی اور جب آپ کھڑے ہو جاتے تھے تو میں انھیں (پیروں کو) پھیلا دیتی تھی، ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں اس وقت تک گھروں میں چراغ نہ تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 251]
حدیث نمبر: 252
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر کے بچھونے پر نماز پڑھتے ہوتے تھے اور وہ (یعنی عائشہ رضی اللہ عنہا) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اور سجدہ کی جگہ کے درمیان (بچھونے پر) جنازہ کی مثل لیٹی ہوتی تھیں [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 252]
18. گرمی کی شدت میں کپڑے پر سجدہ کرنا (درست ہے)۔
حدیث نمبر: 253
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ نماز پڑھتے تھے تو ہم میں سے کچھ لوگ گرمی کی شدت کی وجہ سے سجدہ کی جگہ پر اپنے کپڑے کا کنارہ بچھا لیتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 253]
19. جوتوں سمیت نماز پڑھنا (درست ہے)۔
حدیث نمبر: 254
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے جوتوں سمیت نماز پڑھتے تھے؟ تو انھوں نے کہا کہ ہاں! (پڑھ لیتے تھے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 254]
20. موزے پہن کر نماز پڑھنا (درست ہے)۔
حدیث نمبر: 255
ہمام بن حارث کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کو پیشاب کرتے ہوئے دیکھا، پھر انھوں نے وضو کیا اور اپنے موزوں پر مسح کیا، پھر نماز پڑھنے کے لیے کھڑے ہو گئے۔ نماز کے بعد لوگوں نے ان سے یہ مسئلہ پوچھا تو انھوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایسا ہی کرتے دیکھا ہے۔ لوگوں کو یہ حدیث اچھی معلوم ہوتی تھی کہ کیونکہ یہ جریر رضی اللہ عنہ سب سے آخر میں اسلام لائے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 255]
21. سجدہ میں اپنے بازوؤں کو کھولنا اور اپنے دونوں پہلوؤں سے علیحدہ رکھنا۔
حدیث نمبر: 256
سیدنا عبداللہ بن مالک ابن بحینہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز پڑھتے تو اپنے دونوں ہاتھوں کے درمیان کشادگی رکھتے یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بغلوں کی سپیدی ظاہر ہوتی تھی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 256]
22. قبیلہ کی طرف منہ کرنے کی فضیلت۔
حدیث نمبر: 257
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو کوئی ہمارے (جیسی) نماز پڑھے اور ہمارے قبلہ کی طرف منہ کرے اور ہمارا ذبیحہ کھائے، تو وہی مسلمان ہے، جس کے لیے اللہ کا ذمہ اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ذمہ ہے۔ تو تم اللہ کی خیانت اس کے ذمہ (کے بارہ) میں نہ کرو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 257]

Previous    1    2    3    4    5    6    7    Next