ہم سے موسیٰ بن اسماعیل نے بیان کیا، کہا ہم سے ہمام نے بیان کیا، ان سے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ نے بیان کیا، ان سے انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (سفر سے) رات کو گھر نہیں پہنچتے تھے یا صبح کے وقت پہنچ جاتے یا دوپہر بعد (زوال سے لے کر غروب آفتاب تک کسی بھی وقت تشریف لاتے)۔
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1800
حدیث حاشیہ: (1) لفظ عشي کا اطلاق زوال آفتاب سے غروب شمس تک ہے۔ غروب سے عشاء تک کے وقت پر بھی یہ لفظ بولا جاتا ہے لیکن اس مقام پر پہلے معنی مراد ہیں۔ (2) حدیث کا مطلب یہ ہے کہ سفر سے واپسی پر یہ ضروری نہیں کہ صبح کے وقت ہی اپنے گھر میں آئے جیسا کہ پہلے عنوان کے تحت بیان ہوا ہے، اپنے گھر میں صبح و شام داخل ہونا جائز ہے۔ ہاں، رات کے وقت اچانک گھر میں آنا منع ہے، مبادا اس صورت میں اپنا بیوی کی کسی لغزش (پراگندہ بال گندے کپڑے وغیرہ) پر مطلع ہو جائے جو باہمی مخالفت کا باعث ہو۔ ہاں! اگر گھر والوں کو اطلاع دے دی جائے تو رات کے وقت بھی آنا جائز ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1800