فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 688
´امام کے نکلنے کے وقت مؤذن کے اقامت کہنے کا بیان۔`
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب نماز کے لیے اقامت کہی جائے تو جب تک تم مجھے دیکھ نہ لو کھڑے نہ ہو۔“ [سنن نسائي/كتاب الأذان/حدیث: 688]
688 ۔ اردو حاشیہ: کبھی ایسا ہوتاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مؤذن سے کہتے تم اقامت کہو، میں آتا ہوں۔ مؤذن کا اندازہ ہوتاکہ اب آپ آ رہے ہیں، مؤذن اقامت کہہ دیتا مگر آپ کو کچھ دیر ہو جاتی۔ آپ نے محسوس فرمایا کہ اس سے لوگوں کو ناحق تکلیف ہو گی، اس لیے آپ نے انہیں کھڑا ہونے سے روک دیا، جب تک کہ آپ تشریف لے نہ آئیں۔ اسی سے مؤلف رحمہ اللہ نے استدلال کیا ہے کہ جب اٹھنا امام کو دیکھ کر ہے تو پہلے اقامت کہنے سے کیا فائدہ؟ لہٰذا امام کو آتا دیکھ کر اقامت کہی جائے اور یہ صحیح بات ہے۔ پہلے ہی اقامت کہہ دینا مشکلات کا سبب ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی بات کچھ اور تھی۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 688
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 791
´(نماز کے لیے) لوگوں کے کھڑے ہونے کا بیان۔`
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب نماز کے لیے اذان دی جائے، تو جب تک مجھے دیکھ نہ لو کھڑے نہ ہوا کرو“ ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الإمامة/حدیث: 791]
791 ۔ اردو حاشیہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں بسا اوقات ایسے ہوتاکہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز کے وقت کی اطلاع دیتے تو آپ فرماتے: تم اقامت کہو میں آ رہا ہوں۔ وہ آکر اقامت کہہ دیتے۔ کبھی آپ کو گھر میں کچھ دیر ہو جاتی اس لیے لوگوں کو بے فائدہ کھڑے ہونے سے روکنے کے لیے یہ ارشاد فرمایا۔ بالتبع معلوم ہوا کہ اقامت امام کی اجازت سے اس کے آنے سے قبل بھی کہی جا سکتی ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 791