محفوظ احمد
  الشيخ محمد محفوظ اعوان حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سلسله احاديث صحيحه 482  
´ایک سال کی نمازوں اور روزوں کی بنا پر شہید پر فوقیت`
«. . . - أليس قد صام بعده رمضان وصلى بعده ستة آلاف ركعة، وكذا وكذا ركعة لصلاة السنة؟ . . .»
. . . سیدنا طلحہ بن عبید اللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ قضاعہ قبیلے کی شاخ بلی کے دو آدمی تھے، ان میں ایک شہید ہو گیا اور دوسرا اس سے ایک سال بعد فوت ہوا۔ طلحہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: مجھے خواب آیا کہ جنت کا دروازہ کھولا گیا اور بعد میں فوت ہونے والا، شہید ہونے والے سے پہلے جنت میں داخل ہوا، مجھے بڑا تعجب ہوا۔ جب صبح ہوئی تو میں نے اس خواب کا تذکرہ کیا اور بات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچا دی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا اس نے (ایک سال پہلے شہید ہونے والے کے بعد) رمضان کے روزے نہیں رکھے اور ایک سال کی (فرض نمازوں کی) چھ ہزار اور اس سے زائد اتنی اتنی نفل رکعتیں ادا نہیں کیں؟ . . . [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة: 482]

فوائد و مسائل
اللہ تعالیٰ کے دین کی سربلندی کی خاطر جام شہادت نوش کرنا عظمتوں والا عمل ہے، جس سے کسی صورت بےرخی اختیار نہیں کی جا سکتی اس حدیث کا مفہوم قطعاً یہ نہیں ہے کہ جہاد کو ترک کر دیا جائے، بلکہ اس حدیث سے نماز اور روزوں کی اہمیت کا پتہ چلتا ہے۔ قابل غور بات ہے کہ ایک آدمی شہید ہوا اور دوسرا اس کی شہادت سے ایک سال بعد طبعی موت مر کر جنت میں پہلے پہنچ گیا، اس کی وجہ ایک رمضان کے روزے اور ایک سال کی فرضی و نفلی نمازیں ہیں۔ معلوم یہ ہوا کہ زندگی اللہ تعالیٰ کی امانت ہے، اس میں جس قدر ممکن ہو سکے صوم و صلاۃ اور دیگر اعمال صالحہ سرانجام دیئے جائیں اور جب جہاد کی ضرورت پڑے تو مال و جان کو خطرے میں ڈال دینے سے گریز نہ کیا جائے۔
سلسلہ احادیث صحیحہ میں الشیخ البانی رحمہ اللہ ابن حبان سے الفاظ لائے ہیں۔ اور ایک سال کی (فرض نمازون کی) چھ ہزار اور اس سے زائد اتنی اتنی نفل رکعتیں ادا نہیں کیں۔
اسلامی مہینہ کبھی (29) دنوں کا ہوتا ہے اور کبھی (30) دنوں کا، اگر سال کے چھ ماہ (29، 29) دنوں کے اور چھ ماہ (30، 30) دنوں کے فرض کر لیے جائیں تو سال کے کل (354) دن بنتے ہیں، جبکہ ایک دن میں پانچ فرض نمازوں کی رکعتوں کی تعداد (17) ہے، اس اعتبار سے ایک سال میں فرض نمازوں کی کل (6018) رکعتیں بنتی ہیں، لیکن مہینوں کے دنوں میں (29) یا (30) کی وجہ سے فرق آ سکتا ہے، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (6000) رکعتوں کا ذکر کیا ہے۔
524

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.