الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
حج کے بیان میں
9. اگر کپڑوں میں خوشبو لگی ہوئی ہو تو احرام باندھنے سے پہلے ان کو تین مرتبہ دھونا چاہیے۔
حدیث نمبر: 779
سیدنا یعلیٰ بن امیہ رضی اللہ عنہ نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے کہا کہ مجھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس حالت میں دکھا دیجئیے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل ہو رہی ہو تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا اچھا۔ یعلیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ اس حالت میں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مقام جعرانہ میں تھے کہ ایک شخص آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور اس نے کہا کہ یا رسول اللہ! آپ اس شخص کے بارے میں کیا حکم دیتے ہیں جس نے عمرہ کا احرام باندھا ہو حالانکہ وہ خوشبو سے تر ہو؟ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ دیر سکوت فرمایا: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل ہونے لگی تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے یعلیٰ رضی اللہ عنہ کی طرف اشارہ کیا تو وہ آئے اور اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوپر ایک کپڑا تنا ہوا تھا اس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر سایہ کیا گیا تھا تو یعلیٰ رضی اللہ عنہ نے اپنا سر اس کپڑے کے اندر ڈالا تو کیا دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ مبارک سرخ ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم خراٹے لے رہے ہیں پھر وہ حالت آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے زائل ہو گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ شخص کہاں ہے جس نے عمرہ کی بابت سوال کیا تھا: وہ شخص لایا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو خوشبو تجھے لگی ہو گی اس کو تین مرتبہ دھو ڈالو اور اپنا جبہ اپنے جسم سے اتار دو اور عمرہ میں بھی اسی طرح اعمال کرو جس طرح اپنے حج میں کرتے ہو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 779]
10. احرام باندھنے کے وقت خوشبو لگانا کیسا ہے؟ اور جب احرام باندھنے کا ارادہ کرے تو کیا پہنے؟
حدیث نمبر: 780
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیوی) کہتی ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو احرام باندھتے وقت خوشبو لگاتی، اسی طرح جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم احرام کھولتے طواف زیارت سے پہلے (تو اس وقت بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو خوشبو لگا دیتی تھی)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 780]
11. جس نے بالوں کو جما کر احرام باندھا۔
حدیث نمبر: 781
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس حالت میں دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بالوں کو جمائے ہوئے لبیک پکار رہے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 781]
12. مسجد ذوالحلیفہ کے پاس (احرام باندھ کر) لبیک پکارنا منسون ہے۔
حدیث نمبر: 782
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے احرام باندھ کر تلبیہ (یعنی لبیک) نہیں پکارا مگر مسجد کے پاس سے یعنی ذوالحلیفہ کی مسجد (کے قریب) سے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 782]
13. حج میں (تنہا) یا کسی کے ساتھ سوار ہونا۔
حدیث نمبر: 783
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ عرفہ سے مزدلفہ تک سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمرکاب تھے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مزدلفہ سے منیٰ تک فضل بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کو ہمرکاب کر لیا تھا۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ دونوں (صحابیوں) نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم برابر لبیک کہتے رہے یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جمرۃ العقبہ کی رمی کی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 783]
14. محرم کس قسم کے کپڑے اور چادر اور تہہ بند پہنے؟
حدیث نمبر: 784
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ، کنگھی کرنے اور تیل ڈالنے اور چادر اوڑھنے اور تہہ بند پہننے کے بعد مدینہ سے چلے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی قسم کی چادر اور تہہ بند کے پہننے سے منع نہیں فرمایا سوائے زعفران سے رنگے ہوئے کپڑے کے جس سے بدن پر زعفران جھڑے۔ پھر صبح کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ذوالحلیفہ میں اپنی سواری پر سوار ہوئے یہاں تک کہ جب (مقام) بیداء میں پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ نے لبیک کہا اور اپنے قربانی کے جانوروں کے گلے میں ہار ڈالنے اور اس وقت ذیقعدہ مہینے کے پانچ دن باقی تھے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چوتھی ذی الحجہ کو مکہ پہنچے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کعبہ کا طواف کیا اور صفا مروہ کے درمیان سعی کی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی قربانی کے جانوروں کی وجہ سے احرام سے باہر نہیں ہوئے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے گلے میں ہار ڈال چکے تھے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ کی بلندی پر (مقام) حجون کے پاس اترے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم حج کا احرام باندھے ہوئے تھے، طواف کرنے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کعبہ کے قریب بھی نہ گئے یہاں تک کہ عرفہ سے لوٹ آئے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کو حکم دیا کہ وہ کعبہ کا اور صفا مروہ کا طواف کریں، اس کے بعد اپنے بال کتروا ڈالیں اور احرام کھول دیں۔ مگر یہ حکم اسی شخص کے لیے تھا جس کے ہمراہ قربانی کا جانور ہو اور نہ اس نے اس جانور کے گلے میں ہار ڈالا ہو اور بال کتروانے کے بعد جس کے ہمراہ اس کی بیوی ہو اس سے صحبت کرنا، خوشبو لگانا اور کپڑے پہننا سب جائز ہو گیا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 784]
15. تلبیہ یعنی لبیک کس طرح کہتے ہیں؟
حدیث نمبر: 785
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا تلبیہ یہ تھا: اے اللہ! میں تیرے دروازہ پر باربار حاضر ہوں اور تیرے بلانے کا جواب دیتا ہوں تیرا کوئی شریک نہیں، ہر طرح کی تعریف اور احسان تیرا ہی ہے اور بادشاہی تیری ہی ہے کوئی تیرا شریک نہیں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 785]
16. لبیک کہنے سے پہلے سواری پر سوار ہوتے وقت تحمید اور تسبیح اور تکبیر کہنا مسنون ہے۔
حدیث نمبر: 786
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں ظہر کی چار رکعتیں پڑھیں اور ہم لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھے اور عصر کی ذوالحلیفہ میں پہنچ کر دو رکعتیں پڑھیں پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم رات بھر ذوالحلیفہ میں رہے یہاں تک کہ صبح ہو گئی پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سوار ہوئے یہاں تک کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سواری بیداء میں پہنچی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کی حمد بیان کی اور تسبیح پڑھی اور تکبیر کہی۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حج اور عمرہ دونوں کی لبیک پکاری اور لوگوں نے بھی حج و عمرہ دونوں کی لبیک کہی پھر جب ہم لوگ (مکہ میں) پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو (احرام کھولنے کا) حکم دیا چنانچہ وہ احرام سے باہر ہو گئے یہاں تک کہ ترویہ کا دن آیا تو لوگوں نے حج کا احرام باندھا۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی اونٹ، کھڑے ہو کر اپنے ہاتھ سے نحر (قربان) کیے اور مدینہ میں سینگوں والے دو مینڈھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قربان کیے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 786]
17. قبلہ رو ہو کے احرام باندھنا مسنون ہے۔
حدیث نمبر: 787
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما ذوالحلیفہ سے تلبیہ (لبیک) کہنا شروع کر دیتے اور حرم میں پہنچ کر رک جاتے، ذی طویٰ مقام پر پہنچ کر صبح ہونے تک رات بسر کرتے، پھر جب نماز فجر پڑھ لیتے تو غسل فرماتے اور کہتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسی طرح کرتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 787]
18. وادی میں اترتے ہوئے تلبیہ کہنا۔
حدیث نمبر: 788
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے موسیٰ علیہ السلام کے بارے میں فرمایا: گویا میں (اس وقت) ان کو دیکھ رہا ہوں جب کہ وہ نشیب میں لبیک کہتے ہوئے اتر رہے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 788]

Previous    1    2    3    4    5    6    Next