الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
آداب کا بیان
10. انسانوں اور حیوانوں پر شفقت کرنا۔
حدیث نمبر: 2017
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس مسلمان نے کوئی درخت لگایا اور اس کا پھل آدمیوں اور جانوروں نے کھایا تو اس لگانے والے کے لیے صدقہ کا ثواب ہے (گویا کہ یہ صدقہ جاریہ ہے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2017]
حدیث نمبر: 2018
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھنے کے لیے کھڑے ہوئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہم بھی کھڑے ہوئے۔ اتنے میں ایک گنوار نماز ہی میں دعا مانگنے لگا کہ یااللہ! مجھ پر اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر رحم کر بس اور کسی پر مت کر۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام پھیر کر گنوار سے فرمایا: تو نے وسیع چیز (یعنی اللہ کی رحمت) کو تنگ کر دیا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2018]
حدیث نمبر: 2019
سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تو مومنوں کو ایک دوسرے سے رحم، محبت اور مہربانی میں ایسا دیکھے گا جیسا کہ بدن میں ایک عضو بیمار ہو جائے تو سارے اعضاء بخار اور بیماری میں اس کے شریک ہوتے ہیں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2019]
حدیث نمبر: 2020
سیدنا جریر بن عبداللہ بجلی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کسی پر رحم نہ کرے (تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے) اس پر بھی رحم نہ کیا جائے گا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2020]
11. پڑوسی کے ساتھ احسان کرنے کی وصیت۔
حدیث نمبر: 2021
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جبرائیل علیہ السلام نے مجھے پڑوسی پر احسان کرنے کی اس قدر تاکید کی کہ مجھے خیال ہوا کہ شاید پڑوسی کو وارث ہی ٹھہرا دیں گے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2021]
حدیث نمبر: 2022
سیدنا ابوشریح رضی اللہ عنہ راوی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کی قسم! وہ مومن نہیں ہے، اللہ کی قسم! وہ مومن نہیں ہے، اللہ کی قسم وہ مومن نہیں ہے۔ دریافت کیا گیا کہ یا رسول اللہ! وہ کون شخص ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس کا پڑوسی اس سے تکالیف اٹھاتا ہو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2022]
12. جو شخص اللہ پر اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ دے۔
حدیث نمبر: 2023
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اللہ پر اور قیامت (کے دن) پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ وہ اپنے مہمان کی خاطر مدارت کرے اور جو شخص اللہ پر اور روز قیامت پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ دے اور جو اللہ تعالیٰ پر اور قیامت پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ بات کہے تو اچھی کہے ورنہ خاموش رہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2023]
13. ہر اچھی بات کا بتا دینا صدقہ دینے کے برابر ہے۔
حدیث نمبر: 2024
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر اچھی بات بتانے کا ثواب صدقہ دینے کے برابر ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2024]
14. ہر کام میں نرمی اور اخلاق عمدہ چیز ہے۔
حدیث نمبر: 2025
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بیشک اللہ تعالیٰ ہر کام میں نرمی کو پسند کرتا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2025]
15. مومنوں کا آپس میں ایک دوسرے کی مدد کرنا۔
حدیث نمبر: 2026
سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایک مومن دوسرے مومن کے لیے ایسا ہے جیسے عمارت کا ایک حصہ دوسرے کو تھامے رہتا ہے۔ اور اپنی انگلیوں کو ملا کر مثال بیان کی کہ اس طرح ایک دوسرے سے مل کر قوت دیتے ہیں۔ (ایک بار ایسا ہوا کہ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھے ہوئے تھے کہ اتنے میں ایک شخص سائل یا حاجت مند آیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمانے لگے: اس شخص کی مجھ سے سفارش کرو، تم کو ثواب ہو گا اور اللہ تعالیٰ اپنے نبی ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی زبان پر جو چاہتا ہے جاری کرتا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2026]

Previous    1    2    3    4    5    Next