فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4317
´خرگوش کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ مرالظہران میں میں نے ایک خرگوش کو چھیڑا اور اسے پکڑ لیا، میں اسے لے کر ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس آیا، انہوں نے اسے ذبح کیا، پھر مجھے اس کی دونوں رانیں اور پٹھے دے کر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بھیجا، تو آپ نے اسے قبول فرمایا۔ [سنن نسائي/كتاب الصيد والذبائح/حدیث: 4317]
اردو حاشہ:
(1) خرگوش حلال ہے۔ امام ابن قدامہ فرماتے ہیں: ”خرگوش مباح ہے۔ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالٰی عنہ نے بھی خرگوش کا گوشت کھایا ہے۔ ابو سعید، عطاء، سعید بن مسیب، لیث، امام مالک، امام شافعی، ابو ثور اور ابن منذر رحہم اللہ سے خرگوش کا گوشت کھانے کی رخصت منقول ہے۔ ہمیں خرگوش کو حرام قرار دینے والا ایک شخص بھی معلوم نہیں، ہاں! عمرو بن عاص رضی اللہ تعالٰی عنہ سے کچھ اختلاف منقول ہے، لیکن دیگر نے ان کی مخالفت بھی کی ہے۔ دیکھیے: (ذخیرة العقبیٰ: 33/ 174، 175)
(2) حدیث مبارکہ سے یہ مسئلہ بھی ثابت ہوا کہ اگر کئی لوگ ایک شکار کو پکڑنے کے لیے اس کا پیچھا کریں تو پکڑے جانے کی صورت میں اس کو پکڑنے والا شخص ہی اس کا مالک ہوگا، دوسرا شخص اس کا مالک نہیں ہوگا۔ ہاں، اگر وہ سارے لوگ ہی مشترکہ طور پر شکار کر رہے ہوں تو وہ تمام اس میں شریک ہوں گے اور باہمی رضا مندی سے اپنا حصہ لیں گے۔
(3) اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ شکار کا ہدیہ دینا اور لینا دونوں جائز ہیں جیسا کہ حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ نے شکار کیا ہوا خرگوش ہدیہ کیا اور رسول اللہ ﷺ نے وہ ہدیہ قبول فرمایا۔
(4) چھوٹے بچے کا سرپرست اس کی مملوکہ چیز میں، کسی مصلحت کے تحت جائز تصرف کر سکتا ہے۔ سرپرست کو شرعاً ایسا کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ حضرت ابو طلحہ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اسی شرعی اختیار کے تحت ہی حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ کے کیے ہوئے شکار میں سے گوشت رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں ہدیتاً پیش کیا اور آپ نے بلا تردد وہ ہدیہ قبول فرما لیا۔
(5) ”مر الظہران“ مکہ مکرمہ سے تقریباً سولہ میل کے فاصلے پر ایک مقام ہے۔
(6) ”ابو طلحہ“ یہ حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ کی والدہ کے دوسرے خاوند تھے۔
(7) ”چاروں ٹانگیں“ حدیث میں فَخِذَیْن اور وَرِکَیْن کا لفظ ہے۔ فَخِذَیْن رانوں کو کہتے ہیں مگر جانور کے فَخِذَیْن اگلی ٹانگوں کو کہتے ہیں۔ اسی طرح وَرِکَیْن چوتڑوں کو کہتے ہیں مگر جانور کے وَرِکَیْن اس کی پچھلی ٹانگیں ہوتی ہیں۔
(8) ”قبول فرمایا“ یہ خرگوش کے حلال ہونے کی واضح دلیل ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4317