الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:67
67. حضرت ابوبکرہ ؓ سے روایت ہے، ایک دفعہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اونٹ پر بیٹھے ہوئے تھے اور ایک شخص اس کی نکیل یا باگ تھامے ہوئے تھا، آپ نے فرمایا: ”یہ کون سا دن ہے؟“ ہم لوگ اس خیال سے خاموش رہے کہ شاید آپ اس کے اصل نام کے علاوہ کوئی اور نام بتائیں گے۔ آپ نے فرمایا:”یہ قربانی کا دن نہیں؟“ ہم نے عرض کیا: کیوں نہیں۔ پھر آپ نے فرمایا:”یہ کون سا مہینہ ہے؟“ ہم پھر اس خیال سے چپ رہے کہ شاید آپ اس کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپ نے فرمایا: ”کیا یہ ماہ ذوالحجہ نہیں؟“ ہم نے کہا: کیوں نہیں۔ تب آپ نے فرمایا: ”تمہارے خون، تمہارے مال اور تمہاری آبروئیں ایک دوسرے پر اسی طرح حرام ہیں جیسا کہ تمہارے ہاں اس شہر اور اس مہینے میں اس دن کی حرمت ہے۔ چاہیے کہ جو یہاں حاضر ہے وہ غائب کو یہ خبر پہنچا دے، اس لیے کہ شاید حاضر ایسے شخص کو خبر کر دے جو اس بات کو اس سے زیادہ یاد رکھے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:67]
حدیث حاشیہ:
1۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے دو مقاصد کے پیش نظر اس حدیث کو بیان فرمایا ہے۔
(الف)
۔
تبلیغ کی اہمیت سے ہمیں آگاہ کرنا یعنی اگر کوئی شخص حدیث کے معانی کو نہ سمجھتا ہو بلکہ اس نے صرف الفاظ ہی یاد کررکھے ہوں تو اسے چاہیے کہ وہ ان الفاظ کو دوسروں تک پہنچادے۔
ممکن ہے کہ کوئی شاگرد یا سامع اس سے زیادہ سمجھدار ہو اور وہ اس حدیث سے مسائل کا استخراج واستنباط کرے۔
(ب)
۔
اس بات پر تنبیہ بھی مقصود ہے کہ اگرکوئی طالب علم ہونہار اور سمجھدار ہوا اوراستاد اتنا ذہین وفطین نہ ہو تو طالب علم کو اس سے تحصیل علم کے متعلق کوئی شرم یاعار نہیں ہونی چاہیے۔
خواہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کو لیجئے کہ ان کے اساتذہ ان کے متعلق کیا رائے رکھتے ہیں، اس لیے یہ تصور غلط ہے کہ شاگرد استاد کے مقابلے میں ہمیشہ ادنیٰ اور کمزور ہی ہوتا ہے۔
2۔
اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ بوقت ضرورت امام، خطیب یا محدث سواری پر بیٹھے ہوئے بھی وعظ کرسکتا ہے، خطبہ بھی دے سکتا ہے، شاگردوں سے سوال وجواب بھی کرسکتاہے، نیز شاگرد کو چاہیے کہ وہ استاد کی تشریح اور تفصیل کا انتظار کرے اور خود جواب دینے میں جلدی نہ کرے۔
اور یہ بھی معلوم ہوا کہ بعض شاگرد فہم وحفظ میں اپنے اساتذہ سے بھی آگے بڑھ جاتے ہیں۔
3۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ خطبہ حجۃ الوداع کے موقع پر دسویں تاریخ کو جمرات کے پاس کھڑے ہوکرارشاد فرمایا۔
(صحیح البخاري، الحج، حدیث: 1742)
ابوبکرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اس روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب حاضرین سے دریافت فرمایا کہ یہ کون سادن ہے؟ تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے خاموشی اختیار کی۔
اورصحیح بخاری ہی میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کی روایت ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے جواب دیا کہ آج یوم النحر ہے۔
(حدیث: 1739)
ان روایات میں تعارض نہیں ہے کیونکہ ممکن ہے حضرت ابوبکرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قریب جو لوگ تھے وہ خاموش رہے ہوں اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کے ساتھیوں نے جواب دیا ہو اور ہرشخص نے اپنے علم کے مطابق روایت بیان کردی۔
(فتح الباري: 210/1)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 67
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:105
105. حضرت ابو بکرہ ؓ نے نبی ﷺ کا ذکر کیا کہ آپ نے فرمایا: ”بلاشبہ تمہاری جانیں، تمہارے اموال، محمد بن سیرین کہتے ہیں: آپ نے یہ بھی فرمایا: تمہاری عزتیں، تم پر اسی طرح حرام ہیں جس طرح تمہارے آج کے دن کی حرمت تمہارے اس مہینے میں ہے۔ خبردار! حاضر، غائب تک یہ بات پہنچا دے۔“ محمد بن سیرین فرماتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے سچ فرمایا، ایسا ہی ہوا۔” آگاہ رہو! جواب دو، کیا میں نے فریضہ تبلیغ ادا کر دیا؟“ آپ نے ایسا دو بار فرمایا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:105]
حدیث حاشیہ:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ خطاب حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا۔
اس کی تفصیل گزر چکی ہے بقیہ مباحث پر تفصیلی گفتگو کتاب الحج میں آئے گی۔
محمد بن سیرین فرماتے ہیں کہ آپ کا ارشاد صحیح ثابت ہوا۔
حاضر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمودات کو غائبین تک پہنچانے میں پوری پوری کوشش کی اور اپنی تمام تر توانائیوں کو صرف کیا، پھر غائب محدثین و مجتہدین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کلمات طیبات سے بے شمار مسائل کا استنباط کیا۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 105