🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تحقیق الحدیث : اس حدیث کی سند صحیح ہے۔ اسے ترمذی [2955] ابن حبان [الموارد : 2083] ، حاکم...
تحقیق الحدیث:
اس حدیث کی سند صحیح ہے۔
اسے ترمذی [2955] ابن حبان [الموارد: 2083] ، حاکم [262، 261/2] اور ذہبی نے صحیح کہا ہے۔

فقہ الحدیث:
➊ اللہ تعالیٰ کا زمین سے مٹھی لینا اس کی صفات مبارکہ میں سے ہے، جس پر ایمان لانا واجب ہے، لیکن اسے مخلوق سے تشبیہ دینا یا اس صفت کا سرے سے انکار کر دینا حرام ہے۔ صفات باری تعالیٰ کی تاویل و تشبیہ اور تعطیل کرنا اہل سنت و الجماعت کا مسلک نہیں بلکہ اہل بدعت ہی ایسے راستوں پر گامزن ہیں جن سے کتاب وسنت کا انکار لازم آتا ہے۔
➋ انسانوں کی رنگت زمین کی مٹی اور علاقوں کی وجہ سے ہے جسے اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمایا ہے۔
➌ عام لوگوں پر علاقائی عقائد، عادات، رسوم و رواج کا اثر ہوتا ہے۔
➍ پاکیزہ (صحیح العقیدہ اور صحیح العمل) لوگ بہت تھوڑے ہیں۔
➎ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«يا أيها الناس! ألا إن ربكم واحد، وإن أباكم واحد، ألا لا فضل لعربي علٰي عجمي، ولا لعجمي علٰي عربي، ولا أحمر علٰي أسود، ولا أسود علٰي أحمر إلا بالتقويٰ»
”اے لوگو! سن لو! بے شک تمہارا رب ایک ہے اور تمہارا باپ ایک ہے، آگاہ ہو جاؤ! کسی عربی کو کسی عجمی پر اور کسی عجمی کو کسی عربی پر اور کسی سرخ کو کالے پر اور کسی کالے کو سرخ پر کوئی فضیلت نہیں ہے سواۓ تقویٰ کے (یعنی فضیلت صرف تقویٰ کی بنیاد پر ہے، چاہے سرخ (وسفید) ہو یا کالا، چاہے عربی ہو یا عجمی۔)“ [مسند أحمد ج 5 ص 411 ح 23489و سنده صحيح]
➏ قوم پرستی، علاقہ پرستی، رنگ پرستی اور (بلاتفریق عقیدہ) وطن پرستی وغیرہ کے نظریات کتاب و سنت کے خلاف ہونے کی وجہ سے مردود ہیں۔
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح 100