🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 3330 کا باب : «بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَإِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلاَئِكَةِ إِنِّي جَاعِلٌ...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 3330 کا باب: «بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَإِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلاَئِكَةِ إِنِّي جَاعِلٌ فِي الأَرْضِ خَلِيفَةً}:» � باب اور حدیث میں مناسبت:
ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت بظاہر بہت مشکل ہے، کیوں کہ باب میں حضرت آدم علیہ السلام اور ان کی اولاد کی تخلیق کا ذکر ہے، جبکہ حدیث شریف میں گوشت کے سکڑنے اور عورت کے دغا کرنے کا ذکر ہے۔
اگر باریک بینی سے غور کیا جائے تو یہاں پر باب سے حدیث کی مناسبت ظاہر ہو سکتی ہے، حدیث کو دو حصوں میں تقسیم کیجئے، پہلا حصہ ”اگر بنی اسرائیل نہ ہوتے“، اس حصے کا ترجمۃ الباب سے مناسبت یہ ہے کہ بنی اسرائیل بھی حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد میں سے ہیں، یعنی حدیث کے اس جزء میں حضرت آدم علیہ السلام کی اولادوں کا ذکر ہے، اور دوسرا جو جزء ہے اس کا تعلق ترجمۃ الباب سے یہ ہے کہ ”اگر حضرت حواء علیہا السلام نہ ہوتیں“، دراصل حضرت حواء حضرت آدم علیہ السلام کی مضاف الیہ ہیں۔
علامہ عبدالحق الھاشمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«مطابقة للترجمة يمكن أن تكون من حيث أن خلق حواء مضاف إلى خلق آدم عليه السلام.» (1)
ترجمۃ الباب سے حدیث کی مناسبت کچھ یوں ہے کہ ممکن ہے کہ حضرت حواء مضاف ہوں حضرت آدم علیہ السلام کی خلقت کی طرف۔
یعنی جس طرح حضرت آدم علیہ السلام کی بقیہ ساری اولادیں ہیں، بعین اسی طرح امی حواء علیہا السلام کی بھی ساری اولادیں ہی ہیں۔
لہذا یہاں سے حضرت آدم علیہ السلام کی خلقت کا ہونا ثابت ہوتا ہے، جو واضح ترجمۃ الباب سے مناسبت رکھتا ہے۔
ایک اشکال اور اس کا جواب:
مذکورہ حدیث پر ایک اشکال وارد ہوتا ہے کہ کیا تمام خواتین کی دغے کی ذمہ دار حضرت حواء علیہا السلام ہیں؟ حدیث کے متن سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ بنات آدم علیہ السلام میں دغا حضرت حواء علیہا السلام کی وجہ سے پیدا ہوا۔
جواب:
اس اشکال کا جواب کئی طریقوں سے دیا جا سکتا ہے، حقیقتا تمام خواتین کی ماں حضرت حواء علیہا السلام ہیں، یعنی خلقت اور عادات و اطوار کے اعتبار سے خواتین اپنی ماں پر گئی ہیں۔
علامہ القصیمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ علامہ محمد بھجۃ البیطار اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ:
«أن طبيعة النساء واحدة، و استعدادهن واحد فى الخلقة والقابلية، لا فرق بين حواء وغيرها من اللائي جئن بعدها.» (2)
”یعنی تمام خواتین کی طبیعت، استعداد، خلقت اور قابلیت میں یکساں ہیں، نہ حضرت حواء علیہا السلام میں ان اشیاء میں فرق ہے اور نہ ہی بعد میں آنے والی دیگر خواتین میں۔“
علامہ صاحب کے اس قول سے خیانت سے کیا مراد ہے، واضح ہوتا ہے، لہذا خیانت سے مراد ہرگز وہ خیانت نہیں ہے کہ عورت فحش کام کرے تو اس کام کی ابتداء حضرت حواء علیہا السلام سے ہوئی، اس اعتراض کو دور کرتے ہوئے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ:
«فيه اشارة إلى ما وقع من حواء فى تذيينها لآدم عليه السلام الأكل من الشجرة حتى وقع فى ذالك، فمعنى خيانتها انها قبلت ما زين لها إبليس حتى زينته لآدم عليه السلام . . . . . وليس المراد بالخيانة هنا ارتكاب الفواحش و حاشا كلا، ولكن لما مالت إلى شهوة النفس من أكل الشجرة و حسنت ذالك لآدم عليه السلام عد ذالك خيانة له، و أما من جاء بعدها من النساء فخيانة كل واحدة منهن بحسبها.» (1)
”اس حدیث میں اس چیز کی طرف اشارہ ہے کہ حضرت حواء علیہا السلام نے درخت کے کھانے کو حضرت آدم علیہ السلام کے لیے مزین کیا، لہذا حضرت آدم علیہ السلام نے (ان کے کہنے پر) درخت میں سے کھا لیا، چنانچہ حدیث میں جو خیانت کے الفاظ ہیں، اس سے مراد یہ ہے کہ درخت کے کھانے کے عمل کو ابلیس نے حضرت حواء علیہا السلام پر مزین کیا، یہاں تک اس فعل کو حضرت حواء علیہا السلام نے حضرت آدم علیہ السلام کے لیے مزین کیا، (یہاں سے مراد ہے خیانت کی) . . . . . اور خیانت سے مراد ہرگز شہوت نہیں ہے، حضرت حواء علیہا السلام کا نفس راغب ہوا اور انہیں یہ اچھا لگا اور اس کی رغبت حضرت آدم علیہ السلام کو بھی دی اور وہ بھی اس طرف پیش قدم ہو گئے، اور عورتیں حضرت حواء علیہا السلام کے بعد آئیں، وہ بھی اس خیانت میں اپنے اپنے حساب سے شریک ہوئیں۔“
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے اقتباسات پر غور کرنے سے یہ جواب ملتا ہے کہ حدیث میں جس خیانت کا ذکر ہے، اس سے مراد فطری میلان ہے، یعنی اولاد اپنے والدین کے طور و طریقے پر ہوتی ہے، اسی طرح حضرت حواء علیہا السلام چونکہ تمام خواتین کی ماں ہیں، اسی لیے تمام خواتین حضرت حواء علیہا السلام کی مشابہ ہیں عادتا اور فطرتا، یہی مراد ہے حدیث کی۔
«قلت:» - یہ عاجز اور حقیر بندہ کہتا ہے کہ اس اشکال کا آسان ترین جواب یہ بھی ہے کہ اگر حدیث کے متن پر غور کیا جائے تو اشکال کا جواب حدیث کے متن ہی میں موجود ہے، غور کیجئے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اگر حواء نہ ہوتیں تو کوئی عورت اپنے شوہر سے دغا نہ کرتی۔“
یعنی جب حضرت حواء علیہا السلام ہی نہ ہوتیں تو عورتیں کہاں سے پیدا ہوتیں، کیوں کہ تمام عورتوں کی والدہ حضرت حواء علیہا السلام ہیں، جب وہ ہی نہ ہوتیں تو کوئی اور خاتون کیسے ہوئی؟ لہذا حدیث سے مراد ہرگز یہ نہیں ہے کہ عورتوں کو خیانت کا ارتکاب کرنا امی حواء علیہا السلام نے سکھایا ہے، بلکہ اس سے مراد یہی ہے کہ اگر حضرت حواء علیہا السلام پیدا نہ ہوتیں تو عورتیں اپنے شوہر سے دغا نہ کرتیں۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 22