🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 4985 کا باب : «بَابُ نَزَلَ الْقُرْآنُ بِلِسَانِ قُرَيْشٍ وَالْعَرَبِ:» باب اور حدیث میں...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 4985 کا باب: «بَابُ نَزَلَ الْقُرْآنُ بِلِسَانِ قُرَيْشٍ وَالْعَرَبِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت مشکل ہے، کیوں ترجمۃ الباب میں قرآن مجید کا قریشی اور عربی زبان میں نازل ہونے کی وضاحت کی جا رہی ہے، جس حدیث کو پیش کیا گیا ہے اس کا تعلق قرآن مجید کے نزول سے نہیں ہے۔

چنانچہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بین طور پر یہ اقرار کیا کہ:
«قد خفي دخول هذا الحديث فى هذا الباب على كثير من الائمة حتي قال ابن كثير فى ”تفسيره“ ذكر هذا الحديث فى الترجمة التى قبل هذه اظهر وابين» [فتح الباري لابن حجر: 9/10]
یقیناً کئی ائمہ پر یہ بات مخفی رہی کہ یہاں پر ترجمۃ الباب سے حدیث کی کیا مناسبت ہو گی یہاں تک کہ ابن کثیر رحمہ اللہ نے اپنی تفسیر میں کہا کہ، اس حدیث کا تعلق اس باب کے ساتھ ہے جو اس سے قبل ہے، یہ زیادہ ظاہر اور واضح ہے۔

بعضے علماء نے یہاں تک کہا کہ اس حدیث کو درج کرنے میں اس جگہ پر کا تب سے غلطی ہو گئی ہے، کیوں کہ اس حدیث کا تعلق سابقہ باب سے ہے۔ لیکن جب غور کیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ اس حدیث کو «نزل القرآن بلسان القريش العرب» میں لانے سے امام عالی مقام امام بخاری رحمہ اللہ کا بڑا مقصد ہے، جس کو وہ تحت الباب اور ترجمۃ الباب کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں اور اسی حل میں ترجمۃ الباب اور تحت الباب جو حدیث سیدنا لیلیٰ رضی اللہ عنہ سے نقل فرمائی ہے اسی میں مناسبت موجود ہے۔

ابن المنیر رحمہ اللہ ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے فرماتے ہیں:
«كان ادخال هذا الحديث فى الباب الذى قبله اليق، لكن لعله قصة التنبيه على ان الوحي بالقرآن والسنة كان على صفة واحدة، وبلسان واحد .» [المتوري على ابواب البخاري: ص 387]
”اس حدیث کا تعلق پچھلے باب سے ہے، لیکن امام بخاری رحمہ اللہ کا ارادہ اس بات پر تنبیہ کرنا ہے کی وحی چاہے قرآن مجید کی ہو یا سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ہو، ان دونوں کا تعلق زبان کے اعتبار سے ایک ہی صفت کے ساتھ ہے۔“
ابن منیر رحمہ اللہ کی وضاحت سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت کا پہلو پیدا ہوتا ہے کہ قرآن مجید اور حدیث رسو ل صلی اللہ علیہ وسلم ان دنوں کا تعلق زبان عربی سے ہے اور صفت کے اعتبار سے دونوں ایک ہی ہیں، یعنی امام بخاری رحمہ اللہ یہ سمجھانا چاہتے ہیں کہ قرآن اور حدیث کا تعلق ایک شئی کے ساتھ ملحق ہے اور وہ شئی وحی ہے، جو من جانب اللہ ہوا کرتی ہے۔

ابن بطال رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«مناسبة الحديث للترجمة: ان الوحي كله متلوا كان او غير متلو، انما نزل بلسان العرب» [شرح ابن بطال 218/10]
”حدیث کی مناسبت باب سے یہ ہے کہ وحی کا مکمل دارومدار متلو یا غیر متلو (حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم ) پر ہے اور یقیناً یہ دونوں وحی عربی زبان میں نازل ہوئیں۔“

علامہ عینی رحمہ اللہ ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے فرماتے ہیں:
”اس حدیث کو تحت الباب میں لانے سے امام بخاری رحمہ اللہ کی غرض یہ ہے کہ اس بات پر تنبیہ کرنا کہ قرآن اور حدیث ان دونوں کا تعلق وحی کے ساتھ وابستہ ہے، جو کہ اس ایک ہی زبان میں نازل ہوئے۔“ [عمدة القاري للعيني: 10/20]

امام قسطلانی رحمہ اللہ نے بھی قریب قریب یہی مناسبت دی ہے۔ [ارشاد الساري: 8/9]

امام جلال الدین السیوطی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ:
«ومناسبة حديثه للباب الاشارة الي ان القرآن نزل بلسان العرب مطلقاً قريش وغيرهم، لان السائل من غير قريش، وقد نزل الوحي فى جواب سؤاله بما يفهمه .» [التوشيح شرح الجامع الصحيح: 3199/7]
”ترجمۃ الباب اور حدیث کی مناسبت اس اشارہ میں ہے کہ قرآن مجید مطلق طور پر عربی اور قریش وغیرھم کی زبان میں نازل ہوا، کیوں کہ سائل (جس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا تھا) وہ قریشی نہ تھا اور یقیناً وحی کے ذریعے اسے سوال کا جواب اس طرح دیا گیا کہ وہ (جواب) کو سمجھے۔“
امام سیوطی رحمہ اللہ کے جواب سے مناسبت کچھ یوں ہوئی کہ قرآن مجید جس طرح قریشی زبان اور اس کے علاوہ دوسرے عرب لہجے کی زبان میں نازل ہوا ہے، بعین حدیث وحی کے ذریعے بھی غیر قریشی زبان کے ذریعے لوگوں کے سوالات کے جوابات نازل کئے جاتے تھے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر۔

مزید اگر غور کیا جائے تو ترجمۃ الباب سے حدیث کی مناسبت دوسرے پہلو سے بھی بنتی ہے، سیدنا صفوان بن یعلی رضی اللہ عنہ کی حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی کی کیفیت کا ذکر ہے اور یہ کیفیت وحی کے نزول کی طرف دلالت کرتی ہے، یعنی امام بخاری رحمہ اللہ یہ ثابت فرما رہے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر جس طرح قرآن نازل ہوتا تھا، اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر حدیث بھی نازل ہوا کرتی تھی، اگرچہ وحی کی مختلف کیفیات ہیں، تاہم ان تمام وحی کا تعلق من جانب اللہ ہوا کرتا ہے، چاہے وہ قرآنی وحی ہو، یا غیر قرآنی، پس یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت ہو گی۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 73