🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 5392کا باب : «بَابُ طَعَامُ الْوَاحِدِ يَكْفِي الاِثْنَيْنِ:» باب اور حدیث میں مناسبت :...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 5392کا باب: «بَابُ طَعَامُ الْوَاحِدِ يَكْفِي الاِثْنَيْنِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں ایک آدمی کا کھانا دو کے لیے کافی ہے، کو واضح فرمایا ہے، جبکہ تحت الباب آپ نے جس حدیث کو پیش فرمایا ہے اس کا تعلق دو کا کھانا تین آدمیوں کو کفایت کرتا ہے پر دلالت کرتا ہے۔ لہٰذا باب اور حدیث میں مناسبت مشکل ہے۔

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اس اشکال کو حل کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
«واستشكل الجمع بين الترجمة والحديث، فان قضية الترجمة مرجعها النصف وقضية الحديث مرجعها الثلث ثم الربع وأجيب بأن أشار بالترجمة الى لفظ حديث اٰخر ورد ليس على شرطه .» [فتح الباري لابن حجر: 457/10]
”ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت کو مشکل خیال کیا گیا ہے کیوں کہ قضیہ ترجمۃ کا مرجع نصف ہے، (یعنی ایک کا کھانا دو کے لیے کافی ہے) جبکہ حدیث کا قضیہ ثلث پر ربع ہے، (یعنی دو کا کھانا تین اور تین کا کھانا چار کے لیے کافی ہے) تو اس کا جواب دیا گیا ہے کہ ترجمۃ الباب کے ذریعے ایک اور حدیث کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جو امام بخاری رحمہ اللہ کی شرط پر نہیں ہے، (جسے امام مسلم رحمہ اللہ نے نکالا ہے، اس میں واضح الفاظ ہیں کہ ایک آدمی کا کھانا دو کے لیے کافی ہے۔)“

ابن المنیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«ورد حديث بلفظ الترجمة، لكنه لم يوافق بشرط البخاري، فاستقرأ معناه من حديث الباب .» [لب اللباب: 271/4]
امام بخاری رحمہ اللہ نے جو حدیث کے الفاظ تھے انہیں ترجمۃ الباب میں شامل کر دیا لیکن وہ حدیث امام بخاری رحمہ اللہ کی شرط پر نہ تھی پس اسی لیے اس کے معنی کو ترجمۃ الباب میں برقرار رکھا۔“
امام ابن المنیر رحمہ اللہ کے مطابق امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں جو الفاظ نقل فرمائے وہ حدیث کے الفاظ ہیں، مگر تحت الباب اس حدیث کو ذکر اس لیے نہیں فرمایا کہ وہ آپ کی شرط پر نہیں تھی۔

ابن الملقن رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ:
«وأخرجه مسلم والترمذي وقال: حسن، صحيح، والنسائي ولفظ الترجمة أخرجه الترمذي من حديث جابر مرفوعاً: طعام الواحد يكفي الاثنين، وطعام الاثنين يكفي الأربعة، وطعام الأربعة يكفي الثمانين .» [التوضيح لشرح الجامع الصحيح: 26]
” (امام بخاری رحمہ اللہ نے جو باب قائم فرمایا ہے، اس حدیث کو) امام مسلم رحمہ اللہ نے اور ترمذی رحمہ اللہ نے نکالا ہے اور کہا ہے کہ حسن، صحیح اور نسائی میں اور ترمذی میں الفاظ ہیں، (جو ترجمۃ الباب میں ہیں) جابر رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً کہ ایک کا کھانا دو کے لیے کافی ہے اور دو کا کھانا چار کے لیے اور چار کا کھانا آٹھ لوگوں کے لیے کافی ہے۔“

علامہ عینی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وهذه الترجمة لفظ حديث أخرجه ابن ماجة باسناده من حديث عمر مرفوعاً وروى الطبراني من حديث ابن عمر رضى الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم كلوا جميعا ولا تفرقوا، فان طعام الواحد يكفي الاثنين .» [عمدة القاري للعيني: 63/21]
”یعنی یہ ترجمۃ الباب جس حدیث پر قائم ہے، اس کو ابن ماجہ نے اپنی سند سے مرفوعاً نکالے ہیں اور امام طبرانی نے سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کھاؤ سب مل کر جدا جدا نہ رہو پس یقیناً ایک آدمی کا کھانا دو آدمیوں کو کفایت کرتا ہے۔“

علامہ قسطلانی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
”امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں اشارہ اس حدیث کی طرف فرمایا ہے جسے امام مسلم رحمہ اللہ نے نکالا ہے۔“ [ارشاد الساري: 187/92]

ان اقتباسات کا خلاصہ یہ ہے کہ ترجمۃ الباب میں وارد شدہ الفاظ دراصل حدیث کے ہیں اور وہ حدیث امام بخاری رحمہ اللہ کی شرط پر نہیں تھی، اس لیے آپ رحمہ اللہ نے اس کی طرف اشارہ کر دیا ہے، لیکن ان تمام احادیث کا خلاصہ یہ ہوا کو قلیل طعام کثیر لوگوں کو کفایت کر جائے گا یہی مراد ہے ترجمۃ الباب کی۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 127