🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 5621 کا باب : «بَابُ الْكَرْعِ فِي الْحَوْضِ:» باب اور حدیث میں مناسبت :...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 5621 کا باب: «بَابُ الْكَرْعِ فِي الْحَوْضِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمة الباب میں حوض کا ذکر فرمایا ہے، لیکن تحت الباب جس حدیث کا ذکر فرمایا ہے اس میں حوض کا ذکر نہیں ہے، لہٰذا باب سے حدیث کی مناسبت کس طرح سے ممکن ہو گی؟

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ العسقلانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«وانما قيد فى الترجمة بالحوض لما بينته هناك أن جابرة أعاد قوله: ”وهو يحول بالماء“ في أثناء مخاطبة النبى صلى الله عليه وسلم الرجل مرتين، وأن الظاهر أنه كان ينقله من أسفل البئر إلى اعلاه، فأنه كان هناك حوض يجمعه فيه ثم يحوله من جانب الي جانب.» [فتح الباري: 75/11]
”ترجمة الباب کو حوض کے ساتھ مقید کیا ہے کیونکہ وہاں سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا تھا کہ قوله «وهو يحول الماء» کا ان کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اثنائے مخاطب دو مرتبہ اعادہ کیا اور وہ بظاہر کنویں کی تہہ سے اوپر کی جانب منتقل کر رہا تھا، گویا وہاں کوئی حوض تھا جس میں پانی جمع کرتے پھر وہاں سے باغ کے چاروں طرف لگاتے تھے۔“

اور یہ بات معروف ہے کہ عموماً «كرع» کی ضرورت حوض وغیرہ میں پیش آتی ہے، اگرچہ حدیث میں مطلقاً «كرع» کا ذکر ہے لیکن چونکہ اس کا وقوع عموماً حوض وغیرہ کے پاس ہوتا ہے اس لیے امام بخاری رحمہ اللہ نے لوگوں کی عادت اور ان کے فعل کے عموی وقوع کے پیش نظر ترجمته الباب میں «في الحوض» کا ذکر فرمایا ہے۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 146