🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6052 کا باب : «بَابُ الْغِيبَةِ:» باب اور حدیث میں مناسبت: امام بخاری رحمہ...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6052 کا باب: «بَابُ الْغِيبَةِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں غیبت کا ذکر فرمایا، جبکہ تحت الباب غیبت کا ذکر نہیں ہے، بلکہ نمیمہ (چغل خوری) کا ذکر ہے۔ ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت کے لیے ابن المنیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«بوّب على الغيبة، و ذكر النميمة تنبيهًا على اجتماعهما فى المعني، و هو الذكر بظهر الغيب بما يكره الإنسان أن يذكر عنه، و ألحق الغيبة بالنميمة بطريق الأولى، إذا النميمة لا يكون فيها تنقيص، و الغيبة لا تخلوا منه، فهي أحرم.» (2)
”یعنی امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں غیبت کا ذکر فرمایا اور حدیث میں چغل خوری کا بیان ہے، جو کہ تنبیہ ہے اس بات کی کہ اجتماعیت کے اعتبار سے یہ دونوں معنی میں یکساں ہیں، غیبت میں انسان کے اس کی پیٹھ پیچھے وہ باتیں کی جاتی ہیں جس کو وہ اپنے سامنے بھی نہ پسند کرتا ہے، لہذا غیبت اور نمیمہ ملحق ہیں ایک دوسرے کے ساتھ بطریق اولی، بعض نمیمہ میں تنقیص نہیں ہوتی اور غیبت اس چیز سے خالی نہیں تو پھر یہ زیادہ حرام شے ہوئی۔“ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«وقد تقدم شرحه فى كتاب الطهارة، و ليس فيه ذكر الغيبة بل فيه يمشي بالنميمة، قال ابن التين: إنما ترجم بالغيبة و ذكر النميمة لأن الجامع بينهما ذكر ما يكرهه المقبول فيه بالظهر الغيب، و قال الكرماني: الغيبة نوع من النميمة لأن لو سمع المنقول عنه ما نقل عنه لغمه، قلت: الغيبة قد توجد فى بعض صور النميمة و هو أن يذكره فى غيبته بما فيه مما يسوؤه قاصدًا بذالك الفساد، فاحتمل أن تكون قصة الذى كان يعزب فى قبره كانت كذالك، و يحتمل أن يكون أشار إلى ما رد فى بعض طرقه بلفظ الغيبة صريحًا، و هو ما أخرجه هو فى ”الأدب المفرد“ من حديث جابر، قال: كنا مع النبى صلى الله عليه وسلم فأتي قبرين فذكر فيه نحو حديث الباب و قال ”فيه أما أحدهما فكان يغتاب الناس“، الحديث، و أخرج أحمد و الطبراني بإسناد صحيح عن أبى بكرة، قال: مر النبى صلى الله عليه وسلم بقبرين فقال: ”إنهما يعذبان، و ما يعذبان فى كبير و بكي وفيه و ما يعذبان إلا فى الغيبة والبول.“» (1)
اس حدیث کی شرح کتاب الطہارۃ میں مشروحا گزر چکی ہے، اس میں غیبت کا ذکر نہیں ہے، بلکہ چغلی کا ہے۔ ابن التین رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ ترجمۃ امام بخاری رحمہ اللہ نے غیبت اور ذکر نمیمہ پر قائم فرمایا ہے، کیوں کہ دونوں کے مابین جامع اس امر کا کہ کسی کی غیر موجودگی میں ذکر کرنا جسے منقول فیہ برا سمجھے۔ علامہ کرمانی رحمہ اللہ کہتے ہیں: غیبت نمیمہ کی ایک قسم ہے، کیوں کہ اگر منقول فیہ یہ بات جو اس کی بابت نقل کی جا رہی ہے سن لے تو اسے دکھ ہو۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اضافہ کرتے ہیں کہ غیبت کبھی نمیمہ کی بعض صورتوں میں بھی پائی جاتی ہے، مثلا کسی کی غیر موجودگی میں اسے ناگوار لگنے والا تذکرہ فساد پھیلانے کے ارادہ سے کرنا، تو محتمل ہے کہ اس شخص کا قصہ جسے اس کی قبر میں عذاب دیا جا رہا تھا وہ بھی اسی طرح کا ہو، اور یہ بھی احتمال ہے کہ (امام بخاری رحمہ اللہ) اس کے بعض طرق کی طرف اشارہ کر رہے ہوں جس میں صراحت کے ساتھ غیبت کے الفاظ موجود ہیں، چنانچہ امام بخاری رحمہ اللہ کی کتاب الادب المفرد میں سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے اسی روایت میں ہے کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دو قبروں پر آئے، آگے حدیث باب کی مانند ذکر فرمایا، اس میں یہ ہے کہ «أما أحدهما كان يغتاب الناس» ، مسند احمد اور طبرانی میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک قبر سے گزرے، جس میں مدفون شخص کو عذاب ہو رہا ہے اور «و مايعذبان فى كبير» پھر آپ روئے، اس میں یہ ہے کہ «و مايعذبان إلا فى الغيبة والبول» ، یعنی ان دونوں کو غیبت اور پیشاب کی وجہ سے عذاب دیا جارہا ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے ان اقتباسات سے یہ واضح ہوا کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے دراصل احمد اور طبرانی کی حدیث کی طرف اشارہ فرمایا ہے جس میں «الغيبة» کے الفاظ موجود ہیں جو کہ حدیث باب سے تعلق رکھتے ہیں۔
علامہ بدرالدین بن جماعۃ رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
”امام بخاری رحمہ اللہ نے باب تو «الغيبة» پر قائم فرمایا، جبکہ حدیث «النميمة» پر پیش فرمائی ہے، تو اس کا جواب یہ ہے کہ ان دونوں کا مطلب ایک ہی ہے، اس میں انسان کی وہ برائی مقصود ہوتی ہے جسے وہ نا پسند کرتا ہے، اور غیبت زیادہ سخت ہے نمیمہ سے، کیوں کہ اس میں زیادہ تنقیص پائی جاتی ہے بخلاف نمیمہ کے اور یہ نمیمہ کے حکم میں ہے جو اس سے زیادہ سخت ہے (گناہ کے اعتبار سے)۔“
بعض شارحین نے کہا کہ روایت میں نمیمہ یعنی چغل خوری کا ذکر ہے اور چغل خوری اور غیبت دونوں حرام ہیں اور گناہ کے اعتبار سے مشترک بھی ہیں۔(1)
امام ابن الجوزی رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ:
«و لم يذكر فى الحديث إلا النميمة فأنه يشير إلى انها وردت كذالك لكن على غير شرطه وقد رواها ابن ماجة فى سننه.» (2)
”امام بخاری رحمہ اللہ نے تحت الباب جو حدیث پیش فرمائی ہے وہ چغل خوری کے متعلق ہے، پس آپ نے اس روایت کی طرف اشارہ فرمایا ہے جس میں «الغيبة» کے الفاظ ہیں، جسے امام ابن ماجہ نے اپنی سنن میں ذکر فرمایا، امام بخاری رحمہ اللہ نے اس روایت کو اس لیے درج نہیں فرمایا کہ وہ آپ کی شرط پر نہیں تھی۔“
ان تفصیلات کا حاصل یہ ہے کہ بعض شارحین کے مطابق مناسبت یوں ہے کہ نمیمہ اور غیبہ گناہ کے اعتبار سے یکساں ہیں، اسی لیے امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں غیبت کا ذکر فرمایا اور حدیث جو ذکر فرمائی اس میں چغل خوری کا ذکر ہے۔
دوسری مناسبت یہ ہے کہ احمد، طبرانی سے صحیح سند سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو جسے عذاب دیا جا رہا تھا، اس کے بارے میں فرمایا:
«انهما يعذبان فكان يغتاب الناس.» (3)
پس یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت ہوگی۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 179