🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) ایمان کی مثال ایک درخت کی سی ہے، توحید و رسالت پر ایمان اس کی جڑ...
اردو حاشہ:
(1)
ایمان کی مثال ایک درخت کی سی ہے، توحید و رسالت پر ایمان اس کی جڑ ہے اور اعمال صالحہ شاخیں اور دنیوی اور اخروی فوائد اس کے پھل ہیں، اگر درخت کی جڑ باقی نہ رہے تو درخت بھی قائم نہیں رہ سکتا، البتہ اگر کوئی شاخ کٹ جائے تو درخت پھر بھی قائم رہتا ہے اگرچہ ناقص ہو جاتا ہے۔
اسی طرح گناہوں سے ایمان میں نقص پیدا ہوتا ہے اور نیکیوں سے ایمان کی تکمیل و ترقی ہوتی ہے۔

(2)
سبھی نیکیاں ایمان کی شاخیں ہیں لیکن سب سے اہم کلمہ توحید ”لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ“ کا زبان سے اقرار ہے کیونکہ اسی کے نتیجے میں اسے ایمان کے دیگر فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
زبان کے ساتھ اقرار کے بغیر ایمان معتبر نہیں۔

(3)
کسی نیکی کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کرنا درست نہیں کیونکہ مومن کے دل میں نیکی کی خواہش ایمان ہی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے، اس لیے وہ ایمان کی شاخ ہے۔

(4)
حیا ایمان کی ایک اہم شاخ ہے کیونکہ اس کی وجہ سے انسان بہت سے گناہوں سے بچ جاتا ہے، البتہ اس سے وہ بے جا حیا مراد نہیں جو انسان کو دینی مسائل پوچھنے سے، علم حاصل کرنے سے یا نیکی کا کوئی اور کام کرنے سے روک دے۔

(5)
ایمان میں زبانی اعمال بھی شامل ہیں اور قلبی اعمال بھی اور دوسرے اعضاء جوارح سے انجام دیے جانے والے اعمال بھی مثلا ”لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ“ کا اقرار زبان کا عمل ہے، اس پر یقین رکھنا دل کا عمل ہے اور راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹا دینا دیگر اعضاء کا عمل ہے۔
یہ سب ایمان کی شاخیں اور اس کے اجزاء ہیں۔

(6)
ہر وہ عمل اچھا اور مطلوب ہے جس سے عام انسانوں کو فائدہ پہنچے۔
ضرروی نہیں کہ وہ فائدہ صرف مسلمانوں تک محدود ہو، بشرطیکہ اس سے اسلام کے کسی اور حکم کی مخالفت نہ ہوتی ہو۔

(7)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ایمان کے کئی جزء ہیں اور جس چیز کے اجزاء ہوتے ہیں اس چیز میں کمی و بیشی ضررو ہوتی ہے، لہذا ایمان میں بھی کمی بیشی ہوتی ہے۔

(8)
ایمان کی ان شاخوں پر عمل کے اعتبار سے جس قدر مومن مضبوط ہو گا اس کا ایمان بھی زیادہ ہو گا اور جس قدر کمزور ہو گا اس کا ایمان بھی اسی قدر کم ہو گا۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 57