🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) جس طرح دوسرے نیک اعمال کے لیے اخلاص نیت شرط ہے اسی طرح حصول علم کے...
اردو حاشہ:
(1)
جس طرح دوسرے نیک اعمال کے لیے اخلاص نیت شرط ہے اسی طرح حصول علم کے لیے بھی خلوص ضروری ہے۔

(2)
علم حاصل کرتے وقت یہ نیت نہیں ہونی چاہیے کہ اس سے دنیوی فوائد حاصل ہوں گے۔
صاحب اخلاص کو اللہ تعالیٰ دنیا میں بھی ذلیل نہیں فرماتا اور اپنے فضل سے اس کی دنیاوی ضروریات پوری ہونے کے اسباب مہیا فرما دیتا ہے، اس لیے یہ سوچ کر دینی علم سے محروم نہیں رہنا چاہیے کہ عالم دین کو دنیا نہیں ملتی۔

(3)
جنت کی خوشبو نہ آنے کا مطلب یہ ہے کہ جنت سے بہت دور ہو گا حتی کہ جنت کا نظر آنا تو درکنار اس کی خوشبو بھی نہیں پہنچے گی۔
دنیا میں ایسا ہوتا ہے کہ جہاں نظر نہیں پہنچتی وہاں خوشبو پہنچ جاتی ہے۔
جنت سے اس قدر دوری کا مطلب یہ ہے کہ وہ جہنم میں جائے گا۔
أعاذنا الله منها-
(4)
دنیا کمانے کے لیے دینی علم سیکھنے سے اس لیے منع کیا گیا کہ ایسا شخص دنیا کے لالچ میں غلط مسائل بیان کرتا ہے تاکہ لوگ اس سے خوش ہو کر اس کی خدمت کرتے رہیں۔
اس طرح وہ ہدایت کے بجائے گمراہی پھیلانے والا بن جاتا ہے۔

(5)
دنیوی علوم اس غرض سے حاصل کرنا کہ ان کے ذریعے سے رزق حلال کمایا جائے، اس وعید میں شامل نہیں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 252