🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6613 کا باب : «بَابُ: {وَمَا جَعَلْنَا الرُّؤْيَا الَّتِي أَرَيْنَاكَ إِلاَّ فِتْنَةً لِلنَّاسِ} :»...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6613 کا باب: «بَابُ: {وَمَا جَعَلْنَا الرُّؤْيَا الَّتِي أَرَيْنَاكَ إِلاَّ فِتْنَةً لِلنَّاسِ}:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
ترجمۃ الباب قرآن مجید کی آیت پر مبنی ہے کہ وہ خواب جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دکھایا گیا وہ آزمائش تھا لوگوں کے لیے، تحت الباب اسی آیت کو پیش فرمایا گیا مگر آیت کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزے کا ذکر کیا گیا ہے اور «الشجرة الملعونة» کا بھی ذکر فرمایا۔ لہذا ترجمۃ الباب کی مناسبت اس حدیث سے کس طرح ہو سکتی ہے؟ کیونکہ بظاہر باب اور حدیث میں مناسبت کا پہلو کس انداز سے قائم ہوگا واضح نہیں ہوتا اور خواب کا ذکر باب میں کیا گیا اور تحت الباب زقوم کے درخت کا، لہذا اس موقع پر مناسبت کا پہلو اجاگر نہیں ہوتا۔ ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے ابن التین رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وجه دخول هذا الحديث فى كتاب القدر الإشارة إلى أن الله قدر على المشركين التكذيب لرؤيا نبيه الصادق فكان ذالك زيادة فى طغيانهم حيث قالوا: كيف يسير إلى بيت المقدس فى ليلة واحدة ثم يرجع فيها؟ وكذالك جعل الشجرة الملعونة زيادة فى طغيانهم حيث قالوا: كيف يكون فى النار شجرة و النار تحرق الشجر؟ و فيه خلق الله الكفر و دواعي الكفر من الفتنة.» (1)
”اس حدیث کو کتاب القدر میں نقل کرنے کی وجہ اس امر کی طرف اشارہ کرنا مقصود ہے کہ اللہ تعالی نے مشرکین کے لیے مقدر کر رکھا ہے کہ وہ اس کے نبی کی رویائے صادقہ کی تکذیب کریں، تو یہ ان کی طغیان اور سرکشی میں زیادتی ہے، جب کہا گیا کہ کس طرح ایک ہی رات میں بیت المقدس میں جا کر واپس آ گئے؟ اسی طرح سے «شجرة ملعونة» کو ان کی سرکشی میں زیادتی کا سبب بنایا، جب اعتراض لگایا گیا کہ جہنم (جو آگ کے انگاروں سے عبارت ہے) میں درخت کیسے باقی رہ سکتا ہے، آگ نے اسے جلایا نہیں؟ اس میں اللہ تعالی کی خلقت کا انکار ہے اور یہ دواعی الکفر ہے فتنہ سے۔“
حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
«وجه دخوله فى أبواب القدر من ذكر الفتنة، و أن الله تعالى هو الذى جعلها، وقد قال موسى عليه السلام: ﴿إِنْ هِيَ إِلَّا فِتْنَتُكَ تُضِلُّ بِهَا مَنْ تَشَاءُ وَتَهْدِي مَنْ تَشَاءُ﴾ [الأعراف: 155] .» (2)
”یعنی اس حدیث کو ابواب القدر میں نقل کرنے کی وجہ فتنہ سے ہے کہ اللہ تعالی نے یقینا (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خواب کو) ان کے لیے فتنہ (آزمائش) بنایا، جیسا کہ اللہ تعالی نے موسی علیہ السلام کا فرمان نقل فرمایا کہ « ﴿إِنْ هِيَ إِلَّا فِتْنَتُكَ تُضِلُّ بِهَا مَنْ تَشَاءُ وَتَهْدِي مَنْ تَشَاءُ﴾ » [الأعراف: 155] ۔“ علامہ مہلب رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”اس حدیث کو کتاب القدر میں لانے کا معنی یہ ہے کہ اللہ تعالی نے لوگوں پر مہر لگا دی، جو مشرکین نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے رؤیا کو جھٹلا رہے تھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جو صادق ہیں آپ کی تکذیب کی وجہ سے انہیں فتنہ میں مبتلا کر دیا گیا اور ان کی سرکشی میں زیادتی بھی کر دی گئی، اسی طرح سے قرآن میں جو «شجرة الملعونة» ہے، وہ بھی لوگوں کے لیے فتنہ بنایا گیا ہے، ان کا یہ بھی اعتراض تھا کہ درخت کس طرح سے باقی رہے گا آگ میں جب کہ وہ یابس اور اخضر ہو، پس یہ (اعتراض) ان کے لیے فتنہ ہے اور ان کی گمراہی میں اضافے کا سبب بھی۔“(2)
خلاصہ کلام یہ ہے کہ ترجمۃ الباب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس خواب کا ذکر ہے جس کے ذریعے لوگوں کو آزمایا گیا، اور تحت الباب حدیث میں جس خواب کا ذکر ہے تو تقدیر میں لکھ دیا گیا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خواب کو مشرکین جھٹلائیں گے اور جب وہ جھٹلائیں گے تو لازما ان پر جہنم واجب کر دی جائے گی جس میں زقوم کا درخت ہے جو گنہگاروں کا کھانا ہے۔ لہذا اس تطبیق سے ترجمۃ الباب سے بھی مناسب قائم ہو گی اور کتاب القدر سے بھی۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 231