🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) داڑھی بڑھانے کا مطلب یہ ہے کہ اسے کاٹا نہ جائے جس طرح مونچھوں کے بال...
اردو حاشہ:
(1)
داڑھی بڑھانے کا مطلب یہ ہے کہ اسے کاٹا نہ جائے جس طرح مونچھوں کے بال کاٹ لیے جاتے ہیں۔
داڑھی منڈوانا حرام ہے اور منڈوانے والا فاسق ہےکیونکہ وہ ان احادیث کی مخالفت کرتا ہے جن میں داڑھی بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(خَالِفُوا الْمُشْرِكِيْنَ وَوَفِّرُوْا اللِّحٰي وَاحْفُوا الشَّوَارِبَ) (صحيح البخاري، اللباس، باب تقليم الاظفار، حديث: 5892، وصحيح مسلم، الطهارة، باب خصال الفطرة، حديث: 259)
 ”مشرکوں کی مخالفت کرو ڈاڑھیوں کو بڑھاؤ اور مونچھوں کو کترواؤ۔“
اور حضرت ابو ہریرہ ؓ سے مروی حدیث میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(جُزُّوا الشَّوَارِبَ وَارْخُوا اللِّحٰي وَخَالِفُوا الْمَجُوسَ)
صحيح مسلم، الطهاره، باب خصال الفطرة، حديث: 260)
 ”مونچھوں کو کترواؤ ڈاڑھیوں کو بڑھاؤ اور مجوسیوں کی مخالفت کرو۔“
داڑھی منڈوانے پر اصرار کرنا کبیرہ گناہ ہے جو شخص مندوائے اسے نصیحت کرنا اور ڈاڑھی منڈوانے سے منع کرنا واجب ہے اگر ایسا کوئی شخص قیادت یا کسی دینی مرکز میں ہوتو اسے اور بھی زیادہ تاکید کے ساتھ سمجھانا ضروری ہے۔
علاوہ ازیں احادیث میں مونچھوں کی کانٹ تراش کے لیے دو لفظ استعمال ہوئے ہیں ایک ہے ”احفاء“ جس کے معنی خوب اچھی طرح مونڈنا ہیں اور دوسرا ہے ”قص“ جس کے معنی قینچی وغیرہ سے کاٹنے کے ہیں لہٰذا اس مسئلہ میں شرعاً دونوں طرح اختیار ہے، لہذا ہماری رائے میں یہ کہنا جائز نہیں کہ مونچھوں کو خوب اچھی مونڈنا مثلہ یا بدعت ہےکیونکہ ایسا کہنا مذکورہ نص کے خلاف ہےاور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت صحیحہ کی موجودگی میں کسی کے قول کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

(2)
انگلیوں کے جوڑوں میں میل کچیل جمع ہوجاتا ہے اس لیے وضو اور غسل کے موقع پر ان مقامات کو زیادہ توجہ سے صاف کرنا چاہیے اسی طرح جسم کے وہ حصے جہاں میل کچیل جمع ہوجانے کا زیادہ امکان ہوتا ہے غسل کے دوران میں ان کی طرف زیادہ توجہ دینی چاہیے ویسے بھی اگر ان مقامات کی طرف توجہ نہ دی جائے تو بعض اوقات وہاں پانی نہیں پہنچ پاتا اور غسل نہیں ہوتا۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 293