🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6724 باب : «بَابُ تَعْلِيمِ الْفَرَائِضِ:» باب اور حدیث میں مناسبت: ترجمۃ الباب تعلیم...

صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6724 باب: «بَابُ تَعْلِيمِ الْفَرَائِضِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
ترجمۃ الباب تعلیم الفرائض پر مبنی ہے، جبکہ تحت الباب گمان کرنے کی ممانعت پر حدیث وارد کی ہے، لہذا حدیث سے علم الفرائض کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ابن المنیر رحمہ اللہ ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے فرماتے ہیں:
«و انما خص البخاري قول عقبة بالفرائض لأنها أدخل فيه من غيرها لأن الفرائض الغالب عليها التعبد و انحسام وجوه الرأي و الخوض فيها بالظن لا انضباط له.» (2)
”امام بخاری رحمہ اللہ نے عقبہ کے قول کو کتاب الفرائض کے ساتھ اس وجہ سے خاص کیا کہ یہ دیگر کی نسبت اس میں ادخل ہے، کیوں کہ فرائض کا غالب حصہ مبنی بر تعبد اور وجوہ رائے کا انحسام (یعنی انقطاع) ہے، اس میں ظن کو بروئے کار لینا کسی ضابطہ کے تحت نہیں، بخلاف دیگر ابواب علم کے کہ ان میں رائے کی گنجائش موجود ہے اور غالبا ان میں انضباط ممکن ہے۔“
حافظ ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«و قيل وجه المناسبة أن فيه إشارة إلى أن النهي عن العمل بالظن يتضمن الحث على العمل بالعلم و ذالك فرع تعلمه و علم الفرائض يوخذ غالبًا بطريق العلم كما تقدم تقريره.» (1)
”بعض نے کہا کہ باب سے حدیث کی مناسبت یہ ہے کہ اس میں عمل یا ظن سے نہی کی طرف اشارہ مقصود ہے، جو عمل بالعلم پر ترغیب کو متضمن ہے، اور یہ اس کے تعلم کی فرع ہے، اکثر علم الفرائض کا ماخوذ بطریق العلم ہی ہے، جیسا کہ اس کی تقریر گزری۔“
علامہ کرمانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”یہ بھی کہا جاتا ہے کہ حدیث کے جملہ «و كونوا عباد الله اخوانا» سے تعلیم فرائض ماخوذ ہے، تاکہ أخ وارث دیگر سے معلوم ہو۔“(2)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«و قد ورد فى الحث على تعلم الفرائض حديث ليس على شرط المصنف أخرجه أحمد و الترمذي و النسائي و صححه الحاكم من حديث ابن مسعود رفعه تعلموا الفرائض و علموها الناس فإني امرؤ مقبوض، و أن العلم سيقبض حتى يختلف الاثنان فى الفريضة فلا يجدان من يفصل بينهما.» (3)
”فرائض کی تعلیم کی ترغیب کے بارے میں حدیث بھی وارد ہے جو مصنف کی شرط پر نہیں ہے، اسے احمد، ترمذی، نسائی، حاکم نے حکم صحت کے ساتھ سیدنا ابن مسعور رضی اللہ عنہ سے مرفوعا نقل فرمائی ہے، یعنی ”علم الفرائض کو سیکھ لو اور لوگوں کو اس کی تعلیم دو کہ میں دنیا سے اٹھ جانے والا ہوں اور علم بھی اٹھا لیا جائے گا، حتی کہ دو آدمی کسی فریضہ کے بارے میں اختلاف کرتے ہوں گے اور کوئی ان کے درمیان فیصلہ کرنے والا نہ ہو گا۔“
محمد زکریا کاندھلوی رحمہ اللہ مندرجہ بالا حدیث جسے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے مسند احمد وغیرہ کے حوالے سے نقل فرمائی، اس کے بارے میں لکھتے ہیں:
«قلت: و لعل المصنف أشار إلى هذا الحديث.» (4)
”میں کہتا ہوں کہ ممکن ہے امام بخاری رحمہ اللہ نے اسی حدیث کی طرف (ترجمۃ الباب کے ذریعے) اشارہ فرمایا ہو۔“
علامہ عینی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
”یہ کہا گیا ہے کہ ترجمۃ الباب سے حدیث کی مناسبت نہیں ہے . . . . . یقینا دوسری حدیث تعلیم الفرائض پر موجود ہے مگر امام بخاری رحمہ اللہ کی شرط پر نہیں تھی اسی لیے ذکر نہیں فرمایا۔“(1)
علامہ قسطلانی رحمہ اللہ نے بھی یہی مناسبت باب اور حدیث میں دی ہے۔(2)
ان تمام تفصیلات سے یہ بات واضح ہوئی کہ ترجمۃ الباب کا حدیث سے دو طریقوں سے مناسبت ہے، پہلی بات جسے علامہ کرمانی رحمہ اللہ نے ذکر فرمائی ہے کہ حدیث کے متن میں یہ الفاظ موجود ہیں: «كونوا عباد الله اخوانا» ، لہذا ان کے تحت بھائی بھائی بن کر رہنے میں علم فرائض کے نکتے کی نشاندہی ہے، اور دیگر شارحین کے مطابق امام بخاری رحمہ اللہ اس حدیث کی طرف اشارہ کر رہے ہیں جسے ترمذی، احمد اور نسائی وغیرہ نے روایت کیا ہے۔ یہ حقیر اور ناچیز بندہ اللہ تعالی کی رحمت اور اسی کی عنایت سے کہتا ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے تحت الباب جس حدیث کو پیش کیا ہے اس مکمل حدیث کا تعلق ترجمۃ الباب کے ساتھ وابستہ ہے کیونکہ علم فرائض کا تعلق سوشل معاملات کے ساتھ ہے اور ان معاملات میں بدگمانی سے بچنا، حسد و کینہ سے اجتناب کرنا اور بغض سے دور رہنا انتہائی ضروری ہے، جب یہ امراض دل میں نہیں ہوں گے تو انسان اچھے طریقے سے دوسرے کے حقوق کی ادائیگی کر پائے گا، مثلا اگر آپ غور کریں سورہ البقرہ میں اللہ تعالی نے مرنے والے کے مال کے بارے میں اور اس کی وصیت کے بارے میں تفصیلی احکامات نازل فرمائے ہیں، ان آیات میں جس کا ذکر البقرۃ کی آیت (180) سے (182) تک ہے ان دو آیات میں کس قدر احتیاط اور اللہ کے خوف کی ترغیب ہے، کیوں آیت میں وصیت کی تبدیلی پر عتاب ہے اور اس تبدیلی سے بچنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ مرنے والے کی وصیت کو ہر دہ شخص تبدیل کر سکتا ہے جو خائن ہو، بدگمان ہو، بغض و عناد رکھنے والا ہو، حسد اور کینہ پرور ہو، لہذا امام بخاری رحمہ اللہ نے بڑے ہی باریک اور دقیق انداز سے علم فرائض کے باب کو ثابت کرنے کے لیے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ والی حدیث پیش کی ہے، تاکہ علم فرائض سیکھنے والا اپنے نفس کا تزکیہ کرے اور ان امراض قلب سے بچنے کی پوری کوشش کرے۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 244