🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) سوال کرنے والے صحابی کا نام طبرانی کی روایت میں عبداللہ مذکور ہے اور مسند احمد...
اردو حاشہ:
(1)
سوال کرنے والے صحابی کا نام طبرانی کی روایت میں عبداللہ مذکور ہے اور مسند احمد کی ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا تعلق قبیلہ بنو مدلج سے تھا۔ دیکھیے: (سبل السلام شرح بلوغ المرام: 1؍10)

(2)
سمندر کے پانی کا ذائقہ عام پانی سے مختلف ہوتا ہے۔
غالباً اسی وجہ سے صحابی کے ذہن میں اشکال پیدا ہوا۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے وضاحت فرما دی کہ سمندر کا پانی پاک بھی ہے اور پاک کرنے والا بھی، اس لیے اس کو وضو وغیرہ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے
(3)
سمندر کے مرے ہوئے جانور سے مراد وہ جانور ہےجو پانی میں رہنے والا ہے۔
وہ جس طرح زندہ پکڑا جائے تو حلال ہوتا ہےاسی طرح اگر سمندر میں مرجائے یا سمندر سے باہر آکر مرجائے تو بھی حلال ہے۔
اسے خشکی کے جانور کی طرح ذبح کرنے کی ضرورت نہیں۔
اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
﴿اُحِلَّ لَكُمْ صَيْدُالْبَحْرِ وَطَعَامُه﴾  (المائدة: 5؍96)
تمھارے لیے سمندر کا شکار اور اس کا کھانا حلال قرار دیا گیا ہے۔
البتہ خشکی میں رہنے والا جانور اگر پانی میں ڈوب کر مرجائے تو وہ حرام ہے کیونکہ وہ مردہ سمندری جانور نہیں بلکہ خشکی کا مردہ جانور ہے۔ دیکھیے: (صحيح البخاري، الذبائح والصيد، باب الصيد اذا غاب عنه يومين او ثلاثة، حديث: 5484)

(4)
صحابی نے صرف سمندر کے پانی کے بارے میں پوچھا تھا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پانی کے ساتھ ساتھ سمندر کے جانور کے بارے میں بھی بتا دیا۔
اس سے معلوم ہوا کہ اگر عالم محسوس کرے کہ سائل کو کوئی دوسرا مسئلہ بتانے کی بھی ضرورت ہے جو اس نے نہیں پوچھا تو اس کے پوچھے ہوئے مسئلے کے ساتھ دوسرا مسئلہ بھی بتا دینا چاہیے۔

(5)
بعض جانور پانی میں بھی زندہ رہ سکتے ہیں اور خشکی میں بھی۔
کیا انھیں پانی کے جانوروں میں شمار کرنا چاہیے یا خشکی کے جانوروں میں؟ حدیث میں ان میں سے صرف مینڈک کا ذکر آتا ہے۔
اس کے بارے میں سنن ابن ماجہ میں ایک حدیث مروی ہے جس میں مینڈک کو قتل کرنے کی ممانعت ہے۔
اس حدیث کے بارے میں محمد فواد عبد الباقی نے کہا ہے:
(في الزوائد:
في اسناده ابراهيم بن الفضل المخزومي وهو ضعيف)
زوائد میں لکھا ہے کہ اس کی سند میں ابراہیم بن فضل مخزومی ہے اور وہ ضعیف ہے۔
لیکن علامہ ناصر الدین البانی رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث کو صحیح سنن ابن ماجہ میں ذکر کیا ہے۔
ایک اور حدیث امام ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ  نے بلوغ المرام میں ذکر کی ہے جس کا مفہوم یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے طبیب کو دوا میں ڈالنے کے لیے مینڈک مارنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
حافظ ابن حجر نے فرمایا:
اس حدیث کو امام احمد نے روایت کیا ہے امام حاکم نے اسے صحیح قرار دیا ہےامام ابو داؤد اور امام نسائی نے بھی اسے روایت کیا ہے۔ دیکھیے: (بلوغ المرام، كتاب الاطعمة، حديث: 13)
اس حدیث کی روشنی میں ایسے جانوروں سے پرہیز ہی صحیح معلوم ہوتا ہے جو پانی اور خشکی دونوں پر زندہ رہ سکتے ہیں۔
واللہ أعلم
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 386