🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) (قلة) بڑے مٹکے کو کہتے ہیں۔ عرب میں مقام ہجر کے بنے ہوئے مٹکے معروف تھے۔...
اردو حاشہ: (1) (قلة)
بڑے مٹکے کو کہتے ہیں۔
عرب میں مقام ہجر کے بنے ہوئے مٹکے معروف تھے۔
یہ مٹکا اتنا بڑا ہوتا تھا کہ اس میں ڈھائی مشکیں پانی آتا تھا، اس لیے دو مٹکوں کی مقدار پانچ مشک پانی کے برابر ہے۔
علمائے کرام نےدو مٹکے پانی کی مقدارپانچ سو رطل بیان کی ہے۔
ایک رطل آدھ سیر یعنی چالیس تولے کے برابر ہے۔
اس طرح پانچ مشک پانی کی مقدار تقریباً دوسو چالیس کلو گرام یا بعض حضرات کے نزدیک دو سو ستائیس کلو گرام بنتی ہے۔
یعنی اگر کسی تالاب میں اندازاً اس قدر پانی موجود ہوتو اس میں سے پانی لیکر وضو وغیرہ کرلینا چاہیے۔

(2)
  بعض حضرات نے (قلة)
 كا مطلب پہاڑ کی چوٹی کیا ہے۔
ان کے خیال میں اس سے پانی کی کوئی خاص مقدار مراد نہیں بلکہ بہت زیادہ پانی مراد ہے گویا وہ اتنا زیادہ ہے کہ پہاڑ کی چوٹی ڈوب جائے۔
یہ مطلب اس لیے درست نہیں کہ سوال ان تالابوں کے بارے میں ہے جو میدان میں بارش وغیرہ کے پانی سے بن جاتے ہیں۔
ان کے بارے میں یہ تصور نہیں کیا جا سکتا کہ ان کی مقدار کو پہاڑوں سے تشبیہ دی جائے۔
دوسری بات یہ ہے کہ اگر حدیث کا مقصد یہی ہوتا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم مطلقاً منع فرما دیتے کہ ان چشمون اور تالابوں سے وضو نہ کیا کرو کیونکہ ان کے ناپاک ہونے کا احتمال ہے۔
تیسری بات یہ ہے کہ اگر مراد محض کثرت ہوتی تو یہ کہا جاتا کہ پہاڑ جتنا پانی۔
دو کا عدد واضح کرتا ہےکہ اس سے خاص مقدار مراد ہے۔
چوتھی بات یہ ہے کہ پہاڑ سے تشبیہ بلندی میں دی جا سکتی ہے گہرائی کے لیے پہاڑ سے تشبیہ دینا قرین قیاس نہیں۔

(3)
بعض روایات میں اس حدیث کے یہ لفظ ہیں:
(لَمْ يَحْمِلِ الْخَبَثَ)
 ”وہ ناپاکی کا حامل نہیں ہوتا“ (جامع الترمذی، الطھارۃ، باب: 50 حدیث: 67)
بعض حضرات نے اس کی یہ تشریح کی ہے کہ اس مقدار میں پانی نجاست کا متحمل نہیں ہوتا یعنی ناپاک ہوجاتا ہے۔
زیر بحث حدیث کے الفاظ سے اس تاویل کی غلطی ظاہر ہوتی ہےاور اصل معنی متعین ہوجاتا ہے۔
وہ یہ کہ اتنا پانی کثیر (زیادہ)
پانی کے حکم میں ہوتا ہے لہذا تھوڑی نجاست سے اس کے پاک صاف ہونے کی صفت ختم نہیں ہوجاتی.
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 517