🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6953 کا باب : «بَابٌ في تَرْكِ الْحِيَلِ وَأَنَّ لِكُلِّ امْرِئٍ مَا نَوَى فِي...

صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6953 کا باب: «بَابٌ في تَرْكِ الْحِيَلِ وَأَنَّ لِكُلِّ امْرِئٍ مَا نَوَى فِي الأَيْمَانِ وَغَيْرِهَا:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت سے قبل ”حیلہ“ کے بارے میں ضروری وضاحت کو سمجھنا انتہائی ضروری ہے، جسے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے کتاب الحیل کی ابتداء میں ذکر فرمائی ہے، حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کتاب الحیل کا تعارف کرواتے ہوئے رقمطراز ہیں:
«جمع حيلة و هي ما يتوصل به إلى مقصود بطريق خفي وهي عند العلماء على أقسام بحسب الحامل عليها، فان توصل بها بطريق مباح إلى إبطال حق أو إثبات باطل فهي حرام، أو إلى إثبات حق أو دفع باطل فهي واجبة أو مستحبة، و ان توصل بها بطريق مباح إلى سلامة من وقوع فى مكره فيه مستحبة أو مباحة، أو إلى ترك مندوب فهي مكروهة.» [فتح الباري لابن حجر: 780/13]
”حیلہ کہتے ہیں ایک پوشیدہ تدبیر سے اپنا مقصود حاصل کرنے کو، اور یہ علماء کے نزدیک بحسب حامل اقسام پر ہے، پس اگر حیلہ کر کے حق کا ابطال یا باطل کا اثبات کیا جائے تب تو یہ حیلہ حرام ہو گا، اور اگر حق کا اثبات اور باطل کا ابطال کیا جائے تو وہ واجب یا مستحب ہو گا، اور اگر کسی آفت سے بچنے کے لیے کیا جائے تو مباح ہو گا، اگر ترک مستحب کے لیے کیا جائے تو مکروہ ہو گا، اب علماء میں اختلاف ہے کہ پہلی قسم کا حیلہ کرنا صحیح ہے یا غیر صحیح، اور نافذ ہے یا غیر نافذ، اور ایسا حیلہ کرنے سے آدمی گناہ گار ہو گا یا نہیں؟“
اس مختصر سی تعریف کو سمجھیں اور اب دیکھیں کہ امام بخاری رحمہ اللہ «باب فى ترك الحيل» میں کون سا مسئلہ سمجھانا چاہتے ہیں اور ترجمۃ الباب اور حدیث میں کیا مناسبت ہو گی۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے «إنما الأعمال بالنية» والی حدیث کو پیش کر کے حیلوں کے عدم جواز پر دلیل کو اخذ فرمایا ہے، کیوں کہ حیلہ کرنے والے حضرات ظاہر میں کسی اور چیز کو واضح کرتے ہیں جبکہ نیت ظاہری عمل کے مخالف ہوتی ہے، اسی لیے امام بخاری رحمہ اللہ نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ والی حدیث پیش فرمائی تاکہ عدم جواز کی دلیل کو اخذ کیا جائے۔
علامہ قسطلانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وجه مطابقة الحديث للترجمة التى هي ترك الحيل: أن مهاجر أم قيس جعل الهجرة حيلة فى تزوج أمّ قيس.» [ارشاد الساري: 316/11]
”یعنی ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت اس جہت سے ہے کہ اس میں ترک حیلہ کا جواز ہے، کیونکہ مہاجر ام قیس نے جو ہجرت کی تھی وہ ام قیس سے نکاح کے لیے تھی۔“
امام قسطلانی رحمہ اللہ کے مطابق مہاجر ام قیس نے جب ہجرت کی تو آپ نے وہاں پر حیلہ کو اختیار فرمایا تاکہ ام قیس سے آپ کا نکاح ہو جائے۔
دراصل امام بخاری رحمہ اللہ اس مقام پر عبادات کے ساتھ ساتھ معاملات پر بھی قیاس فرما رہے ہیں کہ جس طرح عبادات میں مطلق حیلہ جائز نہیں بعین اسی طرح سے معاملات میں بھی جائز نہیں ہے۔
امام بخاری رحمہ اللہ کا یہ کہنا «وان لكل امرىءٍ ما نوى فى الإيمان و غيرها»
اس میں «في الإيمان و غيرها» امام بخاری رحمہ اللہ کا تفقہ ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
”یہ الفاظ امام بخاری رحمہ اللہ کے تفقہ میں سے ہے، حدیث کے الفاظ نہیں ہیں۔“
اس مناسبت کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ علامہ ابن المنیر رحمہ اللہ کا قول نقل کرتے ہیں کہ آپ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«اتسع البخاري فى الاستنباط، و المشهور عند النظار حمل الحديث على العبادات، وحمله البخاري عليها وعلى المعاملات.» [فتح الباري لابن حجر: 386/13]
”یعنی امام بخاری رحمہ اللہ نے استنباط میں توسیع پیدا فرمائی ہے، جبکہ دیکھنے والے کے ہاں مشہور اس حدیث کا حمل عبادات پر ہے، مگر امام بخاری رحمہ اللہ نے عبادات کے ساتھ معاملات پر بھی اسے محمول فرمایا ہے۔“
امام بخاری رحمہ اللہ کی عادات میں یہ امر شامل ہے کہ آپ حدیث کے کسی ٹکڑے سے بہت دور کے مسائل کو بھی حل فرماتے ہیں۔
امام بخاری رحمہ اللہ کی عادات کو تفصیلی جاننے کے لیے علامہ عبدالحق بن عبدالواحد الہاشمی المکی رحمہ اللہ کی کتاب «عادات الامام البخاري فى صحيحه» کا مطالعہ مفید رہے گا، یا پھر امام بخاری رحمہ اللہ کے ابواب کے مقاصد اور انواع کی تفصیلی بحث اور معلومات کے لیے راقم کی کتاب «تحفة القاري فى أنواع التراجم للبخاري» کا مطالعہ مفید رہے گا۔ ان شاء اللہ
ان گفتگو کا خلاصہ یہ ہوا کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے بڑے دقیق انداز سے حدیث ام قیس سے عدم حیلہ کا جواز اخذ فرمایا ہے اور ساتھ ہی ساتھ عبادات سے معاملات کا استنباط فرمایا ہے، لہٰذا امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد یہ ہے کہ حدیث «إنما الأعمال . . . . .» میں اعمال صرف عبادات کے ساتھ خاص نہیں ہیں بلکہ معاملات میں بھی یہ مسئلہ داخل ہے۔
ایک ضروری وضاحت:
مولانا انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ اپنی شرح ”فیض الباری“ میں فرماتے ہیں: «إنما الأعمال بالنيات» والی حدیث کا جو قصہ ہے وہ مہاجر سیدہ ام قیس رضی اللہ عنہا کا ہے، چنانچہ آپ کہتے ہیں: «واقعته: ما رواه الطبراني بسند رجاله ثقات عن ابن مسعود رضي الله عنه قال: كان فبينا رجل خطب امرأة يقال لها: أم قيس . . . . .» [فيض الباري: 80/1] ، شاہ صاحب کی یہ بات محل نظر ہے کہ حدیث «إنما الأعمال . . . . .» کا تعلق قصہ مہاجر ام قیس کے ساتھ ہے بلکہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بایں طور پر واضح فرمایا کہ ”اس واقعہ میں ایسی کوئی بات مذکور نہیں ہے جو اس پر دلالت کرے کہ «إنما الأعمال . . . . .» والی حدیث اس کی وجہ سے بیان ہوئی ہے۔“ ہمارے شیخ محدث گوندلوی رحمہ اللہ اور حافظ نور پوری رحمہ اللہ نے شاہ صاحب کی فیض الباری سے کئی مسائل کا نقد فرمایا ہے، تفصیل کے لیے مطالعہ فرمائیں: «إرشاد القاري إلى نقد فيض الباري» ۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 266