🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) امام ابو داؤد ؒ اور بعض دیگر علماء نے اس حدیث کو معلول قراردیا ہے لیکن...
اردو حاشہ:
(1)
امام ابو داؤد ؒ اور بعض دیگر علماء نے اس حدیث کو معلول قراردیا ہے لیکن امام ترمذی ؒ اور بعض دیگر علماء نے اسے صحیح قراردیا ہے۔
تنقید کرنےوالے علماء نے فرمایا ہے کہ حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ سے موزوں پر مسح کرنے کی روایت صحیح ہے۔
مصر کے مشہور عالم الشیخ احمد محمد شاکر ؒ نے فرمایا ہے کہ یہ تنقید درست نہیں کیونکہ حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ سے ان کے شاگردوں نے ان کی مختلف احادیث روایت کی ہیں۔
کسی نے موزوں پر مسح کی حدیث روایت کی کسی نے عمامہ پر مسح کی اور کسی نے جرابوں پر مسح کی۔
یہ سب احادیث صحیح ہیں۔
انھیں ایک دوسرے کے خلاف قرار دے کر بعض کو راوی کی غلطی قرار ینا درست نہیں۔ (جامع الترمذی، الطھارۃ، باب ماجاء فی المسح علی الجوربین والنعلین، حدیث: 99 حاشہ از احمد محمد شاکر)

(2)
امام ابوداؤد ؒ کہتے ہیں:
حضرات علی بن ابو طالب ؓ، عبداللہ بن مسعود ؓ، براء بن عازب ؓ، انس بن مالک ؓ، ابو امامہ ؓ، سہل بن سعد ؓ، عمرو بن حریث رضی اللہ عنہ جرابوں پر مسح کرتے تھے۔
حضرت عمر بن خطاب اور حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے بھی اسی طرح مروی ہے۔ (سنن ابو داود، الطھارۃ، باب المسح علي الجوربين، حديث: 195)

(3)
امام دولابی نے (الکنٰی والأسماء: 1؍88)
 میں سند کے ساتھ حضرت ازرق بن قیس ؒسےروایت کیا ہےکہ انھوں نے فرمایا:
میں نے حضرت انس بن مالک ؓ کو دیکھا کہ انھیں وضو کی ضرورت پیش آئی تو انہوں نے چہرہ اور بازو دھوئےاور اون کی جرابوں پر مسح کیا۔
میں نے کہا:
کیا آپ ان پر مسح کرتے ہیں؟ انھوں نے فرمایا:
یہ بھی موزے ہیں لیکن اون کے بنے ہوئے ہیں۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے واضح کیا کہ جرابوں پر خف (موزے)
کے لفظ کا اطلاق ہوتا ہے یعنی ان کے فرمان کے مطابق عربی زبان میں ”خف“ سے مراد وہ لباس ہوتا ہے جس سے پاؤں چھپ جائیں خواہ وہ چمڑے ے موزے ہوں یا اونی سوتی جرابیں۔ (مزید تفصیل کے لیے جامع الترمذی کے مذکورہ بالا باب پر علامہ احمد شاکر کا حاشہ ملاحظہ کیجیے)

(4)
اہل عرب کے جوتے کھلے ہوتے تھے۔
جوتے کے تلے پر صرف چمڑے کے ایک یا دو باریک ٹکڑے ہوتے تھے لہٰذا جرابوں پر مسح کرنے کے لیے جوتے اتارنے کی ضرورت نہیں ہوتی تھی۔
ہوائی چپل وغیرہ کی صورت میں اس حدیث پر عمل کیا جاسکتا ہے۔

(5)
روایت کا مطلب جرابوں اور جوتوں پر الگ الگ مسح کرنا بھی ہے یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف جرابوں  پر مسح کیا اور بعض دفعہ صرف بند جوتوں پر مسح کیا۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 559