🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) اس سے تیمم کا طریقہ معلوم ہوا کہ پاک زمین پر ہاتھ مار کر ان پر...
اردو حاشہ:
(1)
اس سے تیمم کا طریقہ معلوم ہوا کہ پاک زمین پر ہاتھ مار کر ان پر پھونک مارلی جائے پھر وہ ہاتھ چہرے پر پھیر لیے جائیں اور پھر دونوں ہاتوں کو ایک دوسرے پر پھیر لیا جائے تو تیمم مکمل ہوجاتا ہے۔
بازوؤں اور پاؤں پر ہاتھ پھیرنے کی ضرورت نہیں، نہ سر اور کانوں کا مسح کیا جائےگا۔

(2)
یہ تیمم جس طرح وضو کا قائم مقام ہوتا ہے اسی طرح غسل کا بھی قائم مقام ہوجاتا ہے۔
غسل کی حاجت ہونے کی صورت میں پورے جسم پر مٹی پہنچانے کی ضرورت نہیں۔

(3)
جب کسی مسئلہ میں کوئی نص موجود نہ ہو تو اجتہاد کرنا جائز ہے۔

(4)
دو مجتہدین کے اجتہاد میں باہم اختلاف پایا جائے تو ہر مجتہد اپنے اپنے اجتہاد پر عمل کرسکتا ہے۔

(5)
مجتہد سے اجتہاد میں غلطی ہو سکتی ہے لیکن وہ اس غلطی کی وجہ سے گناہ گار نہیں ہوگا۔

(6)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عمار رضی اللہ عنہ کو وہ نماز دوبارہ پڑھنے کا حکم نہیں دیا جو انھوں نے تیمم کے بجائے زمین پر لوٹ پوٹ ہو کر ادا کی تھی۔
اس سے معلوم ہوا کہ اجتہادی غلطی کی بناء پر کیا جانے والا عمل بعد میں صحیح مسئلہ معلوم ہونے پردوبارہ ادا کرنا ضروری نہیں البتہ آئندہ کے لیے صحیح مسئلہ پر عمل کرنا ضروری ہے۔

(7)
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ یاد نہیں رہا اس لیے سائل کو نماز نہ پڑھنے کا حکم دیا۔
اس سے معلوم ہوا کہ بڑے سے بڑا فقیہ غلط فہمی کا شکار ہو کر کسی مسئلہ میں غلط موقف اختیار کر سکتا ہے کیونکہ وہ معصوم نہیں لہٰذا اختلافی مسائل میں زیادہ قوی موقف کو ترجیح دینا چاہیے خواہ اس کا قائل کوئی بھی عالم ہو۔
کسی خاص عالم ہی کے قول کو اختیار کرنے پر اصرار نہیں کرنا چاہیے۔

(8)
تیمم میں زمین پر ہاتھ مار کر ان میں پھونک مارنے کا مقصد یہ ہے کہ زائد غبار اتر جائےکیونکہ مقصد صرف حکم کی تعمیل ہے جسم کو غبار آلود کرنا نہیں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 569